حضرت رئیس الجامعہ مراٹھواڑہ کے تعلیمی ورفاہی سفرپر :

جامعہ کے شب وروز

۱۹/ جنوری ۲۰۱۷ء بروز جمعرات قبل الفجر حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم ویجاپور کے لیے روانہ ہوئے ۔ جامعہ کی شاخ حضرت خالد بن ولیدؓ ویجاپور میں اجتماعی نکاح خوانی میں شرکت فرمائی،یہ پروگرام ”الفلاح ٹرسٹ یو،کے “ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں ۲۳/ نکاح خوانی ہوئی اور” ٹرسٹ “ کی طر ف سے دولہا اوردلہن کو ضروری سامان دیے گئے۔حضرت مولانا وستانوی صاحب دامت برکاتہم نے” الفلاح ٹرسٹ یوکے ‘‘ کا شکریہ ادا کیا اوران کے حق میں فلاحِ دارین کی دعا فرمائی ۔

 اجتماعی نکاح خوانی کا یہ پروگرام مدرسہ حضرت خالد بن ولیدؓ ویجا پورکیمپس میں منعقد کیا گیا ۔

اس مدرسہ میں ۶۰۳/ طلبہ زیرتعلیم ہیں ،جس میں ناظرہ ، حفظ اورعربی چہارم تک کی تعلیم کا نظم ہے، اب تک ۷۹/ طلبہ حفظِ قرآن کی دولت سے مالا مال ہوچکے ہیں ۔نیز عصری تعلیم کا بھی انتظام ہے،ایم جی ایم وستانوی پرائمری اسکول میں ۲۵۰/ طلبہ زیرتعلیم ہیں ، ۵۵/ طلبا نے نویں پاس کیا ہے ، ۱۰/ طلبا ایس ،ایس ، سی میں فائزہوچکے ہیں ، جب کہ۴۲/ طلبانے ایچ ، ایس ، سی میں کامیابی حاصل کی ہے ۔

  اسی مدرسہ کے زیرِنگرانی مدرسہ خیرا لنسا غلام رسول للبنات چل رہا ہے ، جس میں ۴۱۲/ طالبات تعلیم حاصل کررہی ہیں ، طالبات کے لیے ٹیلرنگ کورس کا بھی نظم ہے ۔

  ۴۰/ اساتذہ او ر۱۶/ ملازمین کے ساتھ یہ علمی قافلہ اپنے منزل مقصود کی طرف رواں دواں ہے۔مدرسہ ہذا کے ماتحت ۶۵/ مکاتب چل رہے ہیں ، جس میں ۱۶۰۰/ طلبا اور ۹۰۰/ طالبات اپنی علمی پیاس بجھارہے ہیں ۔

 اس کا سالانہ بجٹ ۱/کروڑ ۱۳/ لاکھ ۶۰/ ہزار ۳/ سو ۹۹/ روپے ہے ۔ اس مدرسہ کا افتتاح ۲۰۰۷/ میں مولانا ابو الخیر حجازی مکی دامت برکاتہم کے ہاتھوں ہوا تھا۔

اس مدرسہ کا حسنِ انتظام فعال اورمتحرک ناظم مولانا صابرصاحب سلوڑی انجام دے رہے ہیں ۔

علی گڑھ مسلم یونی ور سٹی کی کورٹ میٹنگ میں حضرت مولانا وستانوی صاحب کی شرکت :

آپ نے ۴/فروری۲۰۱۷ء کوعلی گڑھ مسلم یونی ور سٹی کی کورٹ میٹنگ میں شرکت فرمائی ،آپ کی تشریف آوری پر آپ کا پرزور استقبال کیا گیا ۔کمیٹی کے ممبران آپ کی حاضری سے بہت خوش ہوئے، آپ نے اس میٹنگ میں بڑی قیمتی باتیں بیان فرمائیں۔