ملفوظا ت وستا نوی
﴿ یٰاَ یُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا إذَا نُوْدِیَ لِلصَّلوٰةِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ وَذَرُوْا الْبَیْعَ ﴾
عزیز طلبائے کرام ! ہم جامعہ میں پڑھنے پڑھانے والے ہیں ہماری کوئی تجارت اوردکانیں نہیں ہیں، قرآنِ کریم کا فرمان﴿وَذَرُوْ الْبَیْعَ﴾ ان لوگوں کے لیے ہے ،جو بازاروں میں منڈیاں اوردکانیں لگا کربیٹھتے ہیں، قرآن کریم ان سے مخاطب ہورہا ہے کہ ” بیع “ کو چھوڑدو﴿ فَاسْعَوْا إلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ ﴾ اللہ کی یاد کی طرف دوڑتے ہوئے آوٴ ﴿وَذَرُوْ الْبَیْعَ﴾اور خرید و فروخت کو بند کردو ۔
ہماری تو کوئی دکان اور تجارت نہیں ہے۔ پھر کیوں ہم جمعہ کی فضیلت کو حاصل کرنے کے لیے ازخود فوری اورپیشتر مسجد میں نہیں آتے؟ مجھے تعجب ہے جمعہ کے دن سارا وقت فارغ ہونے کے باوجود ہم جمعہ کی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔ جمعہ کیا ہے ؟!!حالاں کہ آپ ”مالا بد منہ“ سے لے کر ”بخاری شریف“ تک باب الجمعہ پڑھتے آئے ہیں، لیکن صرف سرسری طورپرپڑھ لیا ۔ کسی نے کہا ہے: ” یا یہا القوم کلما حصلتم الوسوسة “ کہ تم نے جو کچھ حاصل کیا وہ وسوسہ ہے ۔ وسوسہ کسے کہتے ہیں ؟دل میں خیال کے آنے جانے کا نام وسوسہ ہے۔ ساری فضیلتیں پڑھ لے نے کے باوجو د ،تعلیمی چھٹی ہونے کے باوجود بھی ہم جمعہ کی قدردانی نہ کریں!!! جمعہ کے دن جمعہ کی تیاری ہونی چاہیے ۔ جمعہ کے دن ہمارے ذمے کیا کام ہوتا ہے،بجز جمعہ کی تیاری کے؟ مسجد میں جلدی آوٴ !جس نے سورہٴ کہف نہیں پڑھی وہ سورہٴ کہف کی تلاوت کرلے،” صلاة التسبیح “ پڑھو، جمعہ کے دن کے یہ اہم اعمال ہیں۔
ہمارے اکابرین کاجمعہ کے دن ” صلاة التسبیح “ پڑھنے کا معمول رہا ہے اورمیں نے بہت سے بچوں کو بھی دیکھا کہ ماشاء اللہ ”صلاة التسبیح “ پڑھتے ہیں ۔ اب تو یہ دیکھتا ہوں کہ اذان ہونے کے بعد مسجد خالی ہے !عبادت کا تعلق توانسان کے اپنے شوق سے ہے۔ طالب علم کو چاہیے کہ اپنے اندرعباد ت کی صفت پیدا کرے ، اگر طالب علم عبادت کی صفت پیدا نہیں کرے گا، تو چاہے وہ کتنی ہی کتابیں پڑھ لے، وہ وسوسہ ہی ہے ۔ علم پرجب عمل ہوتا ہے تو پھراس پراللہ کا فیضان ہوتا ہے ۔ ” مَنْ عَمِلَ عَلَی عِلْمِه عَلَّمَهُ اللّٰہُ مَا لَمْ یَعْلَمْ “ اگرآپ چاہیں تو آپ کو علم لدنی بھی مل سکتا ہے، جب آپ اپنے علم پرعمل کریں، جو مسائل آپ نے پڑھے ہیں ان کو اپنی زندگی میں لائیں ، جب تک زندگی میں عمل نہیں آتا ہے ہم کچھ کام کے نہیں ہیں، ہم” لاشئ “ کوئی چیزنہیں ہیں، اللہ نے ہم کو اتنا اچھا موقع دیا کہ ہمارے لیے کوئی کام نہیں ہے، اللہ نے تمام راحت کے اسباب ہم کو دے دیے ہیں ، تو کیا ہم اس کا شکرادا نہ کریں !!! ضرورکریں۔
