جامعہ کے شب وروز

جامعہ آئی ٹی آئی میں آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی )سے متعلق پروگرام کا انعقاد :

            ۱۶؍ جنوری ۲۰۱۹ء بروز بدھ جامعہ آئی ٹی آئی کالج اکل کوا میں آئی ٹی (Information Technology ) سے متعلق یہ پروگرام رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت برکاتہم کی صدارت اور مہمانِ خصوصی حضرت حافظ اسحاق صاحب وستانوی ، ڈاکٹر موسیٰ صاحب لونت (U.S.A ) اور مولانا محمد پٹیل صاحب  (U.K ) کی موجودگی میں منعقد ہوا ۔

            قرآن پاک کی تلاوت سے مجلس کا آغاز ہوا ۔ حمد و نعت سے بھی سامعین محظوظ ہوئے ۔

            اس کے بعد جامعہ آئی ٹی آئی کے پرنسپل جناب ماسٹر اکبر پٹیل صاحب نے جامعہ آئی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورترقی کوواضح کرتے ہوئے آئی ٹی لیٹریسی کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کیا۔ اور کہا کہ الحمدللہ !جامعہ آئی ٹی آئی میں ۴۰؍ لیٹیسٹ ٹیکنالوجی کمپیوٹر لگایا گیاہے ۔

            آن لائن اگزام کے بارے میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب طلبہ آن لائن بھی امتحانات دے سکتے ہیں ۔

            واضح رہے کہ جامعہ آئی ٹی آئی گزشتہ پانچ سالوں سے ’’A ‘‘گریڈ لارہی ہے اور I.S.O سے سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرچکی ہے ۔

            جامعہ آئی ٹی آئی سے اب تک ۳۰۰۰؍ سے زائد طلبہ فارغ ہوکر بہترین جاب بھی حاصل کرچکے ہیں ۔

            مہمان خصوصی ڈاکٹر موسیٰ لونت صاحب نے آئی ٹی آئی کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں ایک پلمبر کی روزگاری ڈاکٹر سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

            آخرمیں صدر محترم حضرت مولانا وستانوی صاحب نے آئی ٹی آئی کی اہمیت و افادیت اور اس سے ملنے والی نوکری و روز گارکو واضح کرتے ہوئے طلبہ کو خوب محنت کرنے کی تلقین فرمائی اور طلبہ کے لیے روشن مستقبل کی دعا کی اور مجلس کا اختتام عمل میں آیا ۔