جامعہ کے شب و روز:

دوسری مجلس تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم

(جامعہ اکل کوا کے شعبہٴ تحفیظ القرآن میں ۱۱۸/خوش نصیب طلبہ کاتکمیلِ حفظِ قرآن کریم)

            ”جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا مہاراشٹر“ میں حسبِ روایت ، جامعہ کے فعال ترین شعبہ، ”شعبہٴ تحفیظ القرآن“ میں امسال قرآنِ کریم حفظ مکمل کرنے والے ۱۱۸/خوش نصیب طلبہ کی دوسری مجلس،مورخہ یکم جمادی الاخری ۱۴۴۶ھ ،مطابق ۴/دسمبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بوقت صبح شعبہٴ حفظ کی عالیشان مسجددارالقرآن میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت فیوضہم کی صدارت اور ناظم جامعہ حضرت مولانا محمد حذیفہ صاحب وستانوی حفظہ اللہ کی زیرِسرپرستی ،نیز مہمانانِ عظام اور شعبہٴ حفظ کے اساتذہ اورطلبہ کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

            تدویراً تلاوتِ کلام اللہ سے مجلس کا آغاز ہوا، اس کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعتِ پاک کا گلدستہ پیش کیا گیا، بعد ازاں۱۱۸/ خوش نصیب طلبہ کو شعبہٴ اجازہ کے مؤقراستاذ”شیخ خالد ابراہیم دامت برکاہتم “نے قرآنِ مقدس کی آخری سورت پڑھا کرحاملینِ قرآن کی مقدس جماعت میں شا مل کیا۔اس طرح اس سال شعبہٴ تحفیظ القرآن سے حفظ مکمل کرنے والے حفاظ کی تعداد ۵۳۷/ ہو گئی، نیزاب تک جامعہ سے فارغین حفاظ کی کل تعداد۱۱۵۴۴/اور فروعاتِ جامعہ سے فارغین حفاظ کی تعداد ۱۵۸۲۳/ہوئی۔ اس طرح جامعہ اور فروعاتِ جامعہ سے فارغین حفاظ کی کل تعداد۲۷۳۶۷/ہوگئی۔ فللّٰہ الحمد علی ذالک۔

             اس مبارک ومقبول ترین عمل کے بعدناظمِ جامعہ حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی نے حافظ بننے والے طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا، نیز قرآنِ کریم کے معجز ہونے پروقیع خطاب فرمایا۔اوراس پرفتن دورمیں طلبہ کوقرآنِ مقدس سے وابستہ رہنے پرمبارک بادی پیش کی، نیزقرآنِ کریم کو سمجھ کرپڑھنے کی ترغیب دی، اخیر میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت فیوضہم نے اس مجلس میں حافظ بننے والے طلبہ اوران کے والدین و اساتذہ کو مبارک بادی پیش کی اورطلبہ کوقیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ نیزطلبہ کو قرآنِ کریم کے ساتھ وابستہ رہنے کی خصوصی تلقین کی اوراخیر میں اپنی رقت آمیزدعا پرمجلس کا اختتام فرمایا۔