مجلسِ تکمیلِ حفظِ قرآن(صغار حفاظ)

جامعہ کے شب و روز:

 مجلسِ تکمیلِ حفظِ قرآن(صغار حفاظ)

            قارئین جیسا کہ گذشتہ سال ہی آپ کو جامعہ کے شب وروز کے کالم سے یہ خبر پہنچ گئی ہوگی کہ جامعہ نے اپنے یہاں شبعہٴ دینیات ہی میں ناظرہ ٴکلام پاک مکمل کرنے والے طلبہ میں سے انتخاب کرکے ذہین اور سریع الحفظ طلبہ کی مستقل درس گا ہ بنائی ہے ،جس میں اس بات کاہدف ہوتا ہے کہ حفظ اور تجوید کی پختگی کے ساتھ ایک سال کے اندر طلبہ حفظ کی تکمیل کر لیں ؛جیسا کہ سال گذشتہ اللہ کے فضل سے تین چار طلبہ نے تو سو دن کے اندر ہی قرآن پاک مکمل کر لیا۔اور اب اسی شعبے سے اس تین ماہ کے عرصے میں چار طلبہ نے حفظ کی تکمیل کی ہے۔جس کی تفصیل شعبہٴ دینیات کے صدر قاری محمد علی صاحب کے زبانی پیش خدمت ہے۔

            أعوذ باللہ من الشیطان الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم

            ”إنا نحن نزلنا الذکر وإنا لہ لحفظون“

            آپ حضرات اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ سال ِگزشتہ شعبہٴ دینیات(دارالتعلیم والتربیة) میں حفظ کے تین درجے صغار حفاظ کے نام سے شروع کیے گئے تھے،جن میں پچھلے سال ایک سال سے کم سودن سے لیکر ایک سو پچاس دن تک کی مدت میں چھ طلبہ نے قرآن کریم حفظ مکمل کیاتھا؛اسی شعبہ میں امسال جو طلبہ دینیات سوم سے فارغ ہوئیں ان کی جانچ پڑتال کر کے، مسابقات کے نتائج ،ان کی صحت وتجویداور قوت ِحافظہ وغیرہ کا امتحان لے کر امسال چالیس طلبہ کو تین کلاسوں میں داخل کیاگیا۔

            الحمدللہ! ان میں سے اکثر طلبہ نے تین مہینے کی مدت میں دس پارہ سے زیادہ حفظ کر لیا ہے۔

             انہی صغار حفاظ میں سے چارطلبہ آج(۱۲/ اگست۲۳) کو اپنے حفظ کی تکمیل کرنے جارہے ہیں،ان میں سے تین طلبہ وہ ہیں جنہوں نے سال ِگزشتہ بیس پارے سے زیادہ حفظ کیا تھا، تو حضرت مولانا حذیفہ صاحب کے ایما پر صغار ہی میں باقی رکھاگیااورجن طلبہ کے بیس پارے سے کم ہوئے تھے ان سب کو دارالقرآن بھیج دیاگیا۔

            ان چار طلبہ میں ایک کھگڑیاکا طالب ِعلم شاہ فہد ہے،ان کا کل ایام ِ حفظ ایک سو پچھتر۱۷۵ دن ہے۔

            دوسرا طالب ِعلم محمد راغب ارریہ کے ہیں،گزشتہ سال بیس پارے ہوئے تھے امسال دس پارے مکمل کرکے حافظ بنے ہیں۔

            جامعہ کے سب سے چھوٹے حافظ قرآن جن کی عمر صرف گیارہ سال ہے،محمد سعد سنگرام پو،ریہ مہاشٹر کے طالب ِعلم ہیں انہوں نے سال ِگزشتہ اکیس پارے کیے تھے امسال بقیہ پارے پورے کرکے حفظ مکمل کیاہے۔

            چوتھے طالب علم جامعہ کا جو منشاء ہے کہ ایک سال سے کم کی مدت میں حافظ بنے اس کے مطابق انہوں نے حفظ مکمل کیا ان کا نام ابو صالح ہے یہ پورنیہ کے طالب ِعلم ہیں،ان کا داخلہ گزشتہ سال ششماہی کے بعد ہوا تھا اور انہوں نے سالانہ تک تقریباً بیس پارے کر لیے تھے اوربقیہ پارے امسال کرلیے تو کل ملاکر ان کے ایام ِحفظ ایک سو ایک(۱۰۱) دن ہوتے ہیں۔تو ان شاء اللہ یہ چاروں طلبہ آخری سورتیں پڑھ کر آپ کے سامنے حفظ مکمل کریں گے اور پھر حضرت رئیس الجامعہ دعاکے ساتھ ہمیں اہم نصیحتیں بھی کریں گے۔