انجمن اصلاح الکلام ۲۰۲۴ء کی سالانہ کارگزاری

مولانا صادق اشاعتی تونڈاپوری

                ”جامعہ اکل کوا“ اپنے طلبہ کی ہمہ جہتی تعلیم وتربیت کے لیے تعلیم وتعلّم کے ساتھ ساتھ انہیں خارجی نشاطات میں بھی مصروف ومشغول رکھتا ہے،جس کے لیے جامعہ کے چاروں تعلیمی شعبہٴ جات کی مستقل انجمنیں اور لجنات قائم ہیں ۔

                (۱) انجمن ثمرة التربیة: شعبہٴ دینیات کے طلبہ کے لیے ” انجمن ثمرة التربیت“ کا قیام عمل میں آیا،جس میں شعبہٴ دینیات کے ننھے منے بچے اپنی تقاریر اپنے معصومانہ انداز میں اپنے ہی ساتھیوں کے سامنے پیش کرتے ہیں، جو بڑا خوش نما منظر ہوتا ہے۔

                (۲) انجمن زینت القرآن:شعبہٴ تحفیظ القرآن کے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے ، اپنے مافی الضمیر کو اپنے رفقاء کے سامنے رکھنے اور بیان وزبان کی اصلاح وترقی کے لیے دار القرآن ہی میں اپنی اپنی کلاسوں میں ہفتے میں ایک دن جمعرات کو بعدنماز مغرب بہترین تقاریر پیش کرتے ہیں۔

                (۳) لجنة القراء ة والتجوید: جامعہ میں تجوید وقراء ت کی تعلیم کے ساتھ دینیات ، حفظ اور عربی درجات تینوں شعبہ جات میں طلبہ کے لیے لجنة القراء ت کا نظام بھی سال بھر جاری رہتا ہے ، اساتذہٴ تجوید پوری جانفشانی اور انہماک سے لجنة القراء ة کا نظام سنبھالتے ہیں۔سال کے اخیر میں لجنة القراء ة کا انتہائی عظیم الشان مسابقہ و مظاہر ہ ہوتا ہے۔

                (۴) النادی العربی:عربی زبان وادب اور خطابت میں درک اور گہرائی پید ا کرنے کے لیے جامعہ نے طلبہ کے لیے النادی العربی کا قیام بھی عرصہ دراز سے کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے۔اس کا بھی سالانہ مسابقہ اور مظاہرہ منعقد کیا جاتا ہے ۔

                (۵)انجمن اصلاح الکلام: شعبہٴ عا لمیت کے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور تقریر وخطابت میں انہیں پروان چڑھانے کے لیے ان کے مافی الضمیر کی شستہ ادائیگی کی خاطر انجمن” اصلاح الکلام“ کا قیام بھی عمل میںآ یا، یہ انجمن جامعہ اکل کوا کی تاسیس کے ایک دو سال بعد ہی قائم ہوگئی تھی، جس کو بڑے ہی منظم طریقے سے سال بھر کی تقریری سرگرمیوں سے رونق وتاب دی جاتی ہے۔

                عربی درجات کے تمام طلبہ عربی اول تادورہٴ حدیث شریف اس انجمن سے منسلک ہوتے ہیں ، پندرہ روز پر ایک طالب علم کی تقریری باری لوٹ کرآتی ہے، طلبہ اپنی صواب دید کے مطابق اور اساتذہ کی تجویز وتعیین پر بھی حالاتِ حاضرہ میں سلگتے مسائل ، اہم دینی واصلاحی عناوین اور دیگر معاشرتی دلچسپیوں سے متعلق مضامین کو تقریر ی عنوانات کے طور پر طے کرکے اردو زبان میں تقاریر یاد کرکے اپنے ساتھیوں کے سامنے بہ روز جمعرات بعد نماز مغرب پیش کرتے ہیں ،انجمن کے زیر انتظام مشرفین اساتذہ اور دورہٴ حدیث کے طلبہ کی نگرانی وصدارت میں تقریر وخطابت کے شعبے اصول وضوابط اور اہتمام کے ساتھ مکمل سال قائم ہوتے ہیں ۔وللہ الحمد علی ذالک

                تقریری شعبہٴ جات کے علاوہ دورانِ سال مختلف مواقع ،مہینوں اور ایام کی فضیلت کی مناسبت سے بھی طلبہ کے تقریر ی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔

                اس انجمن اصلاح الکلام کا ابتدائے سال میں افتتاحی اجلاس اور سال کے اخیر میں مسابقاتی طرز پر اختتامی اجلاس بڑے اہتمام اور تزک واحتشام کے ساتھ کامیابی کے مراحل طے کرتے ہوئے پورا ہوتا ہے۔

                انجمن اصلاح الکلام کا سالانہ پروگرام کے لیے عموما کسی معزز ، مشہور عالم دین کو مہمان خصوصی اور بحیثیت مقرر مدعو کیا جاتا ہے،تاکہ موٴقر مہما نان خصوصی وعلمائے کرام کے علمی مواعظ و ملفوظات سے طلبہ کی رہنمائی اور استفادے کا حلقہ وسیع سے وسیع تر ہوتا رہے۔

سالِ رواں انجمن” اصلاح الکلام“ کی مختصر کارگزاری:

                انجمن اصلاح الکلام کی سابقہ روایات اور نظام العمل کے مطابق امسال بھی ماہِ شوال کے ابتدائی ایام میں انجمن اصلاح الکلام کا اوّلاًافتتاحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت جامعہ ہی کے بانی ورئیس حضرت خادم القرآن مولانا غلام محمد صاحب وستانوی نے فرمائی، اطال اللّٰہ عمرہ وزید فیضہ۔

                تلاوتِ کلام اللہ سے افتتاجی اجلاس کا آغاز ہوا،حمد ونعت اور اور بہترین تقاریر سے طلبہٴ جامعہ نے افتتاحی اجلاس کو زینت بخشی اور بہترین پروگرام پیش کیا۔

                اجلاس کے اخیر میں صدر محترم حضرت خادم القرآن نے صدارتی خطاب فرماتے ہوئے طلبہ سے بڑی قیمتی باتیں ارشاد فرمائی جو مکمل سال طلبہ کے لیے تقریر وخطابت کی مشق وتمرین کے لیے معین ومدد گا ر ثابت ہوئی۔وللّہ الحمد علی ذالک۔

                افتتاحی اجلاس کے بعدبلاتاخیر انجمن کے زیر نگرانی طلبہٴ عا لمیت کے لیے تقریر وخطابت کی باری اور مشق وتمرین کی غرض سے تقریبا۶۵/ شعبے ترتیب دئے گئے ، مختلف درجات میں نشست گاہیں مقرر کی گئیں،ہر شعبہ کے لیے دو رہ ٴ حدیث کے طلبہ میں سے دو دو صدور طے کیے گئے۔

مشرفین اساتذہ برائے انجمن :

                تقریر وخطابت کے شعبوں کا قیام ہر جمعرات کو بعد نماز مغرب ہوتا ہے، جس کی نگرانی اور قیادت جامعہ کے نظام کے تحت انجمن اصلاح الکلام کے تقریباً ۱۵/ذمہ دار اساتذہ اہتمام سے تقریر ی شعبوں میں طلبہ کی رہنمائی اور نگرانی فرما تے رہے، جس میں حاضری و غیر حاضری پرتوجہ اور فکر ،دورانِ تقریر طلبہ کی مناسب رہنمائی کرنا، تقریر واصولِ تقریر سے طلبہ کو واقف کرنا۔خصوصاًاپنی باری میں تقریر نہ کرنے والے طلبہ کو آئندہ جمعرات بعد نماز مغرب تقریر کی قضا کروانے کا معمول کامیاب رہا،جس کو کامیاب کرنے میں دورہٴ حدیث کے نگران طلبہ نے اہم کردار پیش کیا۔

دورانِ سال تقریر ی حفلات کا انعقاد:

                 چوں کہ سال کے دوران مختلف مواقع اور فضیلت والے ماہ وایام ہوتے ہیں، اسی مناسبت سے ماہِ ذی الحجہ میں” سیرتِ ابراہیمی“ کے عنوان سے تقریر ی پروگرام منعقد ہوا ، طلبہ نے موضوع کی مناسبت سے بہترین تقاریر پیش کیں۔

                ماہ محرم الحرام میں محرم الحرام اور عاشورہ کی مناسبت سے تقریری پروگرام ہوا ، طلبہ نے بہترین تقاریر پیش کیں، اسی طرح ماہ ربیع الاول میں سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے عظیم الشان اجلاس عمل میں آیا اور عربی واردو زبانوں میں طلبہ نے قیمتی تقاریر ونعتیں بھی پیش کیں، تمام مجالس کی صدارت حضرت خادم القرآن نے فرمائی اور اپنے صدارتی خطاب ونصائح سے طلبہ واساتذہ کو مستفید فرمایا۔

                الحمدللہ اب جب کہ انجمن اصلاح الکلام سال بھر کی تمام تر کوششیں اور کارکردگی حسن اختتام کو پہنچی تو جامعہ کی دیرینہ روایات ونظام کے مطابق ہرسال کی طرح اس سال بھی انجمن اصلاح الکلام کا سالانہ اختتامی اجلاس بشکل مسابقہ ومظاہر ہ کے انعقادکا خادم القرآن حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی کی طرف سے انجمن اصلاح الکلام کے ذمہ دار اساتذہ کو پیغام دیا گیا، جس کو بلاتا خیر عمل میں لایا گیا، جس کے لیے طلبہ کو اعلان اور سالانہ مسابقہٴ تقریر وخطابت کے اصول وہدایات سے مطلع کیا گیا۔اعلان وہدایات کے طلبہ نے مسابقہ میں شرکت کی غرض سے اپنی اپنی درخواستیں دفتر انجمن میں جمع کرنی شروع کردیں ، دیکھتے ہی دیکھتے ۳۰۰/ درخواستیں موصول ہوئیں ۔

                اوّلا ۳۰۰/ طلبہ کے مابین انتخابی مسابقہ کرایاگیا،جس میں فائنل مسابقہٴ تقریر کے لیے تقریباً ۱۰۰/طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔کثرت تعداد کے پیش نظر۱۰۰/ طلبہ کو۵/ فروعات میں تقسیم کیاگیا:

                (۱)فرع اول طلبہٴ عربی اول۔ (۲)فرع ثانی عربی دوم وسوم۔ (۳) فرع ثالث عربی چہارم وپنجم۔ (۴)فرعِ رابع عربی ششم وہفتم کے طلبہ کی رہی۔              چناں چہ ۱۰/و ۱۱/جنوری ۲۰۲۴ء بروز بدھ و جمعرات کو سالانہ مسابقہٴ تقریر منعقد ہوا، مذکورہ ۴/ فروعات کے مابین مسابقہٴ تقریر میں جامعہ کے موٴقر اساتذہٴ عظام نے فرائضِ حکم انجام دیا۔ہر فرع میں پانچ امتیازی پوزیشن دی گئی۔مزید ان چاروں فروعات میں ہر فرع کے ۳/ ممتاز طلبہ کو منتخب کرکے ناظم جامعہ حضرت مولانا حذیفہ کی ایماء پرایک ممتاز فرع” فرع پنجم “ترتیب دی گئی، جن کے مابین ۱۱/ جنوری جمعرات کی صبح تمام اساتذہ و طلبہٴ کتب کی موجودگی عظیم الشان مسابقہٴ تقریر کا اہتمام کیا گیا، نیز ساتھ ہی مسابقہٴ ”نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم“ کی فرع کا بھی انعقاد عمل میں آیا۔اس آخری ممتاز فرعِ تقریر میں فرائضِ تحکیم کی غرض سے صوبہٴ گجرات کے مدرسہ فیضان قرآن احمد آباد کے استاذ ادب مولانا عارف صاحب اور دار العلوم مرکزاسلامی انکلیشور سے مولانا امین صاحب مدعوکیا گیا۔

                نیز نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مسابقہ میں فرائضِ تحکیم صوبہٴ مہاراشٹر سے جناب عبدالقیوم راز# مارولی اور جناب الیاس عباسی صاحب کو دعوت دی گئی۔طلبہٴ جامعہ نے عمدہ اور دلچسپ تقاریر ونعتیں پیش کیں ،حکم حضرات کی بہترین تحکیم کے سبب بہترین نتائج سامنے آ ئیں۔اور مستحق طلبہ نے اول ،دوم ، سوم پوزیشن حاصل کیں۔

                مسابقہ کے اخیرمیں حکم حضرات نے اپنے قیمتی تأثرات بیش کیے، نیز ناظم جامعہ حضرت مولانا حذیفہ صاحب نے اپنے قیمتی کلمات پیش فرماکر طلبہ کو تقریر وخطابت میں مزید مہارت کی ترغیب فرمائی۔ساتھ ناظم جامعہ نے فرعِ پنجم کے مسابقہٴ تقریر و نعت میں ممتاز طلبہ کے نتائج اور انعام کا اعلان فرمایا۔فجزاہ اللہ تعالی۔

                ناظم جامعہ کے خطاب کے بعد صدرِ اجلاس خادم القرآن حضرت مولانا غلام محمد صاحب مدظلہ نے اپنے بابرکت کلمات پیش فرماکر دعا پر مجلس کا اختتام فرمایا۔ اللہ پاک آپ کاسایہ امت پر تادیر قائم فرمائے۔