النادی العربی کی سالانہ رپورٹ

مولانا الطاف حسین اشاعتی

                الحمد للّٰہ، والصلاة والسلام علی رسول اللّٰہ، وعلی آلہ وصحبہ ومن والاہ.

أما بعد!

                جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا میں سال بھر طلبہ کی صلاحیت سازی کی خاطر تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بہت سی ہم نصابی سرگرمیاں بھی بڑے اہتمام اور جوش و خروش سے جاری رہتی ہیں۔

                من جملہ ان سرگرمیوں کے ”النادی العربی“ کا اہم ترین شعبہ ہے۔ یہ شعبہ جامعہ کے یومِ تاسیسی سے ہی سرگرم عمل ہے اور اس کا ایک مستقل نظام اور طریقہٴ کار ہے، جس کا مقصد کتاب و سنت اور اسلام کی آفاقی و ابدی، فصیح و بلیغ عربی زبان میں طلبہ کے اندر ہمہ جہتی مہارتیں پیدا کرنا اور اس میدان میں ان کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور پروان چڑھانا ہے۔

                اس نظام کے تحت ہر جمعرات کے دن طلبہ ادب و انشائے عربی کے گھنٹوں میں اساتذہٴ کرام کی زیر نگرانی عربی تقاریر، اناشید، حوارات وغیرہ پیش کرتے ہیں۔

                گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی بحمدہ تعالیٰ ”النادی العربی“ کا شعبہ سرگرم عمل رہا، شروع سال میں طلبہ کو مختلف شعبوں اور باریوں میں تقسیم کردیا گیا، اور سال بھر انہیں بہترین تقریری مواد فراہم کیا جاتا رہا۔

                عید الاضحٰی کی تعطیلات سے قبل ” السیرة الإبراہیمیة“ کے عنوان پر سہ ماہی پروگرام پیش کیا گیا، بعد ازیں ششماہی امتحان سے پہلے بھی ”النادی العربی“ کے پلیٹ فارم سے ایک عمدہ پروگرام پیش کیا گیا، جس طلبہ میں نے ”خطب“،”حوارات“ اور ”أناشید“ میں حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

                تعلیمی سال کے اختتام پر ماہ جُمادی الثانیہ کے آخر میں” النادی العربی “کے پلیٹ فارم سے سالانہ مسابقاتی پروگرام کا اعلان کیا گیا، الحمد للہ 250 کے لگ بھگ طلبہ نے مختلف سرگرمیوں کے لیے اپنی درخواستیں پیش کی، انتخابی مسابقہ عمل میں آیا، پھر منتخب طلبہ کو چار فروعات میں تقسیم کیا گیا، جن میں عربی زبان و ادب کا عمدہ ذوق رکھنے والے جامعہ کے اساتذہٴ کرام نے فریضہ تحکیم ادا فرمایا، فجزاہم اللہ خیراً فی الدارین۔

                اس اختتامی سالانہ مسابقہ کی ا چھوتی اور خصوصی فرع کے لیے 18 جمادی الاخری 1445ھ ہجری مطابق یکم جنوری 2024 عیسوی کا دن طے کیا گیا اور اس طرح یہ پروگرام بحمدہ تعالیٰ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ حضرت رئیس الجامعہ مولانا غلام محمد وستانوی# دامت برکاتہم اور مدیر جامعہ مولانا حذیفہ صاحب وستانوی حفظہ اللہ ورعاہ کی سرپرستی اور موجودگی میں انعقاد پذیر ہوا۔

                حضرت مولانا حذیفہ وستانوی صاحب حفظہ اللہ ورعاہ نے سال گزشتہ کے انعامات پر اضافہ فرما کر طلبہ کے مابین ان کا اعلان فرمایا۔

تقریری مسابقہ میں چار فروعات میں میں تقریباً 60 طلبہ نے خطب پیش کیے۔

                8 طلبہ نے اناشید میں حصہ لیا۔

                10طلبہ نے نقاش اور حوار پیش کیے۔

                10 طلبہ نے دیگر سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی۔

                مجموعی طور پر ”النادی العربی“ کے سالانہ جلسے میں تقریباً 60000 ہزار سے زائد کا انعام طلبہ کے مابین تقسیم کیا گیا۔

                اس پروگرام کا ایک معتد بہٰ حصہ جامعہ کے چینل پر اپلوڈ کر دیا گیا، قارئین کرام ملاحظہ فرمائیں۔                 اللہ تعالیٰ ان تمام تر کاوشوں کو شرف قبولیت بخشے اور جامعہ اور دیگر مدارس اسلامیہ کے طلبہ کو عربی زبان کو سیکھنے اور اس میں مہارت پیدا کرنے کی لگن اور شوق و ذوق عطا فرمائے۔آمین۔