مولانا سفیان دربھنگوی
(استاذ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا)
قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی ایسی کتاب ہے، جس کو ذاتِ اللہ کی طرح بقا حاصل ہے۔قرآنِ کریم کا خادم، چاہے جس پہلو سے خدمت ہو فضیلت و برکت کاحامل ہے۔جس طرح اللہ، رسول، والدین،اولاد اور پڑوسی کے حقوق ہوتے ہیں، اسی طرح ہم پر قرآنِ کریم کے بھی حقوق ہیں اوروہ پانچ ہیں:
قرآنِ کریم کے پانچ حقوق:
(۱)قرآنِ کریم پرایمان لانا:
ایمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ یہ کتاب بلا ریب من جانب اللہ ہے اوراللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہم تک بغیر کسی کمی زیادتی کے پہنچی ہے۔
(۲)قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا:
تلاوت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ قرآنِ کریم کو پڑھا جائے اور اپنے بچوں کو پڑھایا جائے،اس کا معمول بنایا جائے۔
(۳)قرآنِ کریم کو سمجھنا:
سمجھنے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں کیا فرمایا ہے اس کو جاننا۔یہ جاننا ترجمہ و تفسیر سے بھی ہو سکتا ہے اور زیادہ بہتر ہے کہ معتبر عالم سے سمجھا جائے۔
(۴)قرآنِ کریم پر عمل کرنا:
عمل کا مطلب یہ ہے کہ قرآن یا احادیث میں جو احکام ہیں، جس کو حضراتِ فقہانے سمجھا اور سمجھایا ہے اس پرعمل کرنا۔
(۵)قرآنِ کریم کے پیغام کو عام کرنا:
پیغام کو عام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جو آپ نے سیکھا اورمعتبر عالم سے جانا، اس کو احسن طریقے سے لوگوں تک پہنچانا؛تاکہ لوگ بھی اس پرعمل کریں۔
قرآن کریم کا پہلا حق اس پرایمان لانا، تواللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم اہل ایمان ہیں اورسات چیزوں پرہمارا ایمان ہے، ان میں ایک اللہ تعالیٰ کی کتابیں بھی ہیں۔
قرآنِ کریم کا دوسرا حق اس کی تلاوت کرناہے۔لہٰذا فضائلِ تلاوت و تالی سے متعلق کچھ باتیں آپ کی خدمت میں پیش کرنے کی کوشش کررہاہوں اس امید کے ساتھ کہ اس مضمون کو پڑھنے کے بعد ان شاء اللہ ہم سب اس پرعمل کرکے دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کریں گے۔
تلاوتِ قرآنِ کریم کی فضیلت واہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بعثت سید الانبیاء علیہ الصلاة والسلام کے مقاصد میں سے ایک تلاوتِ قرآنِ کریم ہے، جس کو قرآنِ کریم نے تین مقامات پربیان کیا :
سب سے پہلے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کی صورت میں بیان کیا :
﴿رَبَّنَا وَابْعَثْ فِیْھمْ رَسُوْلاً مِّنْھمْ یَتْلُوْا عَلَیْھمْ ایتِکَ﴾( البقرة: ۱۲۹)
اے ہمارے رب! ان میں بھیج ایسا رسول انہی میں سے، جو ان کے سامنے تیری آیتوں کی تلاوت کرے۔
اس کے بعدفرمایا: ﴿لَقَدْ مَنَّ اللّٰہُ عَلَی الْمُوٴْمِنِیْنَ اِذْبَعَثَ فِیْھِمْ رَسُوْلاً مِّنْ اَنْفُسِھِمْ یَتْلُوْا عَلَیْھِمْ اٰیٰتِه﴾(ال عمران:۱۶۴)
اس بات میں شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان پراحسان فرمایا،اس وقت جب ا س نے بھیجا ان کے درمیان ایسا رسول انہی لوگوں میں سے ،جو ان کے سامنے اللہ کی آیتوں کی تلاوت کرتے ہیں۔اسی طرح سورہٴ جمعہ میں بھی اس مضمون کو بیان کیا ۔
ایک اورجگہ مقصدِ ارسالِ رسول کے تحت بیان کیا:﴿کَمَا اَرْسَلْنَا فِیْکُمْ رَسُوْلاً مِّنْکُمْ یَتْلُوْا عَلَیْکُمْ ایتِنَا﴾(البقرة:۱۵۱)
جیسا کہ ہم نے بھیجا تمہارے درمیان تم ہی میں سے ایک ایسا رسول جو تمہارے سامنے ہماری آیتوں کی تلاوت کرتاہے۔
ان تمام آیات پر آپ غور کریں تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ نبی کو مبعوث کرنے اوررسول کو بھیجنے کے مقاصدِ اربعہ میں سے ایک مقصد تلاوتِ قرآنِ کریم ہے۔اس سے ہم قرآنِ کریم کی تلاوت کی اہمیت و فضیلت کا اندازہ لگاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بہت سی آیات میں تلاوتِ قرآنِ کریم کی فضیلت واہمیت کو بیان کیا گیا ہے،جیسے:﴿اُتْلُ مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتابِ ﴾(العنکبوت:۴۵)۔
اسی طرح بہت ساری احادیث میں بھی تلاوت اورتالی کی فضیلت کو بیان کیاگیا ہے۔
چند احادیث اوراقوالِ سلف پیش خدمت ہیں
قرائے قرآن کی عقلیں بڑھاپے میں بھی بے کار نہیں ہوتیں!
عَنْ عَبْدِ الْمَلِکِ بْنِ عُمَیْرٍ: أَبْقَی النَّاسِ عُقُوْلاً قُرّآءُ الْقُرْانِِ“(نقله محمد بن الجزری فی النشر،ج:۱،ص:۴)
ترجمہ: عبد الملک بن عمیر کہتے ہیں کہ قرائے قرآن کی عقلیں سب لوگوں سے زیادہ باقی اورصحیح و سالم رہتی ہیں(یعنی ان کی عقلیں بڑھاپے میں بھی بحال رہتی ہیں)۔
قرآنِ کریم پڑھنے والےکواللہ تعالیٰ سے ہم کلامی کا شرف حاصل ہو گا:
عَنْ أنسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْه أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْه وَسَلَّمَ قَالَ:”إِذَا أَحَبَّ أَحَدُ کُمُ أَنْ یُحَدِّثَ رَبَّه فَلْیَقْرَأ الْقُرانَ“۔(رواہ الخطیب وصاحب الفردوس)
”فَاِنَّ الْقُرْآنَ الْکَرِیمَ ھوَرِ سَالةُ مِنَ اللّہِ تعالی لِعِبَادِہ فَکَاَنَّ الْقَارِیٴ یَقُولُ: یَا رَبِّ قُلْتَ کَذَا وَکَذَا فَہوَ مُنَاجِ لِلّہِ تَعَالی“۔(تلاوة القرآن المجید ص:۳۸۔۳۹)
ترجمہ: انس رضی اللہ عنہ نے روایت کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے جب کوئی شخص یہ چاہیے کہ وہ اپنے رب سے مناجات اورگفتگو کرے، اس کو چاہیے کہ قرآن شریف کی تلاوت کرے۔
وجہ یہ ہے کہ قرآنِ کریم بندوں کی طرف خداوندی پیغام ہے گویا قاری بزبانِ حال یہ کہتا جاتا ہے، اے رب! آپ نے بات یوں ارشاد فرمائی اوریوں۔ تواس لحاظ سے گویا وہ اللہ تعالیٰ سے ہم کلامی اورمناجات کا شرف حاصل کر رہا ہے۔ (خطیب – دیلمی)
تلاوت قرآن سب سے افضل عبادت:
رَوَی البَیْہَقِیُّ عَنِ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِیرٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْهُ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ قَالَ:”أَفْضَلُ عِبَادَةِ أُمَّتِیْ تِلَاوَةُ القُرْآنِ“(تلاوة القرآن المجید،ص:۳۶)
ترجمہ: بیہقی نے نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کے ذریعہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد روایت کیا ہے کہ میری امت کی سب سے افضل عبادت قرآن پاک کی تلاوت ہے۔
جنت میں قرآن کی محمدی اورخدا وندی تلاوت، تمام اہل جنت کی لطف اندوزی کا ذریعہ ہوگی۔
مقربین اہل جنت روزانہ دو مرتبہ دیدار وتلاوتِ الٰہی سے محظوظ ومشرف ہوں گے:
رَوَی التَّرْمِذِیُّ الْحَکِیمُ عَنْ بُرَیْدَةَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْهُ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ”إِنَّ أَہْلَ الْجَنَّةِ یَدْخُلُوْنَ عَلَی الْجَبَّارِ کُلَّ یَوْمٍ مَرَّتَیْنِ فَیَقْرَأُ عَلَیْہِمُ الْقُرْآنَ وَقَدْ جَلَسَ کُلُّ امْرِیٍ مِنْہُمْ مَجْلِسَه الَّذِی ہُوَ مَجْلِسُه عَلَی مَنَابِرِِالدُرِّوَالْیَاقُوْتِ وَالزَّمُرُّدِّ وَالذَّہَبِ وَالْفِضَّةِ بِالأَعْمَالِ فَلا تَقَرُّ أَعْیُنُہُمْ قَطُّ کَمَا تَقَرُّ بِذٰلِکَ وَلَمْ یَسْمَعُوا شَیْئًا أَعْظَمَ مِنْهُ وَلَا أَحْسَنَ مِنْهُ ثُمَّ یَنْصَرِفُوْنَ إلی رِحَالِہِمْ وَقُرَّةِ أَعْیُنِہِمْ نَاعِمِینَ إِلَی مِثْلِهِ مِنَ الْغَدِ“۔(انظر الفتح الکبیر:۳۸۱:۱۔تلاوة القرآن المجید مع التعلیق،ص:۵۰)
حکیم ترمذی نے بریدہ رضی اللہ عنہ کے ذریعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد عالی نقل کیا ہے کہ اہلِ جنت روزانہ حضرت جبار (اللہ رب العزت)کے پاس دو مرتبہ جائیں گے اور رب تعالیٰ ان کے سامنے قرآنِ پاک کی تلاوت فرمائیں گے اوراُن میں سے ہرجنتی اپنے اعمال کے درجہ کے موافق موتی یاقوت زمرد اور سونے چاندی کے منبروں کی ایک مخصوص نشست گاہ پرقرارپذیرہوگا (اور بغیر سیٹ کے یوں ہی ایک بھی نہ ہو گا) تو اہل جنت کو تلاوتِ الٰہی سے جس قدر حظ ولطف اور آنکھوں کی ٹھنڈک حاصل ہو گی، اُس قدر کسی بھی نعمت سے حاصل نہ ہوگی۔ اورایسی عظیم اورحسین آواز آج تک اُن کے سننے میں نہیں آئی ہوگی، پھر اگلے روز ایسی ہی نعمت کے حصول تک وہ لوگ خوش بخوش اپنی منزلوں اور فرحت بخش نعمتوں کی طرف لوٹ جائیں گے۔ (حکیم ترمذی)
تلاوت قرآنی والے گھر، عرش الٰہی تک، چراغوں کی طرح منور اور روشن نظر آتے ہیں:
رَوَی الْحَکِیمُ التَّرْمِذِیُّ عَنْ أَبِی ہُرَیْرَةَ وَأبِی الدَرْدَاءِ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا مَرْفُوعًا: إِنَّ بُیُوتَاتِ الْمُؤْمِنِیْنَ لَمَصَابِیحُ إِلَی الْعَرْشِ یَعْرِفُہَا مُقَرِّبُوْا السَّمٰوَاتِ السَّبْعِ یَقُولُونَ: ہَذَا النُّورُ مِنْ بُیُوتَاتِ الْمُؤْمِنِینَ الَّتِی یُتْلٰٰی فِیہَا الْقُرْانُ“۔(انظر کنز العمال۱: ۵۵۴ – تلاوة القرآن المجید مع التعلیق)
ترجمہ:حکیم ترمذی نے ابو ہریرہ اورابوالدردا رضی اللہ عنہما سے مرفوعاًروایت کی ہے کہ بے شک مومنوں کے مکانات، عرش الٰہی تک چراغوں کی طرح روشن ہیں۔ ان گھروں کو ساتوں آسمانوں کے مقرب فرشتے پہچان لیتے ہیں اورآپس میں یہ کہتے ہیں کہ یہ نور مومنین کے ان گھروں سے آرہا ہے، جن میں قرآنِ کریم کی تلاوت کی جاتی ہے۔ (حکیم ترمذی)
جو شخص قرآن کریم پڑھے اوراسکی روکی ہوئی چیزوں سے نہ ر کے وہ بدترین لوگوں میں سے ہے:
رَوَی النِّسَائِیُّ عَنْ أَبِی سَعِیدٍ رَضِیَ اللہُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ خَطَبَ النَّاسَ عَامَ تَبُوْکٍ وَہُوَ مُسْنِدٌ ظَہْرَہ إِلی نَخْلَةٍ فَقَالَ أَلَا أُخْبِرُکُمْ بِخَیْرِ النَّاسِ وَشَرِّ النَّاسِ؟
إِنَّ مِنْ خَیْرِ النَّاسِ رَجُلًا عَمِلَ فِی سَبِیلِ اللَّہ عَلَی ظَہرِ فَرَسِ أَوْ عَلَی ظَہرِ بَعِیرِہ أَوْ عَلَی قَدَ مَیْه حَتّی یَأْتِیَه الْمَوْتُ وَإِنَّ مِنْ شَرِّ النَّاسِ رَجُلًا فَاجِرًا جَرِیئًا یَقْرَأُ کِتَابَ اللّہِ وَلَا یَرْعَوَیْ – أَی لَا یَنْکَفُّ- وَلَا یَنْزَجِرُ عَنِ الْقُبْحِ الَّذِی نَہی عَنْه القُرانُ“۔(ورواہ احمد والحاکم وصححه.تلاوة القرآن المجید ص۱۳۲)
ترجمہ: نسائی نے ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ سلم نے غزوہٴ تبوک کے سال خطبہ ارشاد فرمایا: جب کہ آپ اپنی پشت مبارک کھجور کے ایک درخت کے ساتھ لگائے ہوئے تھے، سوفرمایا کیا میں تمہیں بہترین لوگوں اور بدترین لوگوں کے متعلق خبرنہ دیدوں؟
یقینا وہ شخص بہترین لوگوں میں سے ہے جو اللہ کے راستے میں اپنے گھوڑے یا اُونٹ کی پشت پر یا اپنے قدموں پر عمل بجالا یا حتی کہ اس کی موت آجائے۔ اور یقینا وہ فاسق اور نڈر آدمی بدترین لوگوں میں سے ہے، جو کتا ب اللہ پڑھتا ہے اوربازنہیں آتا ہے یعنی جن بُری باتوں سے قرآن نے منع کیا ہے، ان سے نہیں رکتا اورڈانٹ قبول نہیں کرتا۔ (نسائی، احمد، حاکم)
تلاوت قرآن والا گھر مبارک اور آفات سے دور ہوتا ہے اس میں فرشتے آتے ہیں اور گھر میں انوار و برکات کا دور دورہ ہو جاتا ہے:
رَوَی الإِمَامُ مُحَمَّدُ بْنُ نَصْرِ الْمَرْوَزِیُّ بِإِسْنَادِہ عَنْ أَنَسٍ رَضِیَ اللہُ عَنْهُ مَرْفُوعًا:إِنَّ الْبَیْتَ اِذا قُرِیٴَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ حَضَرَتْهُ الْمَلَائکةُ وَتَنْکَبَتْ – أَی تَبَاعَدَتْ – عَنْهُ الشَّیَاطِیْنُ وَاتَّسَعَ عَلَی أَہْلِه وَکَثُرَ خَیْرُہُ وَقَلَّ شَرُّہ وَإِنَّ الْبَیْتَ إِذَا لَمْ یُقْرَأَفِیهِ الْقُرْآنُ حَضَرَتْهُ الشَّیَاطِیْنُ وَتَنَکَّبَتْ عَنْهُ الْمَلَائِکَةُ وَضَاقَ عَلَی أَہْلِه وَقَلَّ خَیْرُہُ وَکَثُرَ شَرُّہ“۔(تلاوة القرآن المجید،ص:۴۰)
امام محمد بن نصر مروزی نے اپنی سند کے ذریعہ انس رضی اللہ عنہ سے یہ مرفوع حدیث نقل کی ہے کہ جب گھر میں قرآن شریف پڑھا جائے، تو اُس میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں اورشیاطین اُس مکان سے دور بھاگ جاتے ہیں اوراپنے رہنے والوں کے لیے وہ گھر فراخ و کشادہ ہو جاتا ہے۔ اس میں خیر اوربھلائی زیادہ ہوجاتی ہے اورشروفساد کم ہو جاتا ہے اورجب گھر میں قرآن شریف نہ پڑھا جائے، تو اس میں شیاطین حاضرہوجاتے ہیں اور فرشتے اس مکان سے دور بھاگ جاتے ہیں اوررہنے والوں کے لئے وہ گھر تنگ اور چھوٹا ہو جاتا ہے اس میں خیرو برکت کم ہو جاتی ہے اور شر وفسادزیادہ ہو جاتا ہے۔(محمد بن نصر)
خوشحالی کا حقیقی مستحق با عمل قاریٴ قرآن ہے:
عَنِ الْأَعْمَشِ عَنْ خَیْثَمَةَ قَالَ إِنَّ امْرَأَةً مَرَّتْ بِعِیسٰی ابْنِ مَرْیَمَ فَقَالَتْ طُوْبٰی لِبَطْنٍ حَمَلَتْکَ وَثَدْیِ أَرْضَعَکَ فَقَالَ عِیسٰی لَا بَلْ طُوبٰی لِمَنْ قَرَأَ الْقُرْآنَ وَعَمَلَ بِه“۔(بصائر ذوی التمییز فی لطائف الکتاب العزیز،ج:۱ص:۶۴)
ترجمہ: اعمش حضرت خیثمہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پاس سے ایک عورت کا گزرہوا تواس نے کہا خوش حالی ومبارک بادی ہو، اُس پیٹ کے لئے جس نے آپ کو اُٹھایا اوراُس پستان کے لئے جس سے آپ نے دُودھ پیا۔ اس پرعیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا؛ بل کہ خوشحالی و مبارک بادی ہو اُس شخص کے لیے جس نے قرآنِ کریم پڑھا اور پھراُس پرعمل کیا ۔
قرآنِ مجید کی زیادہ تلاوت زنگ آلوددلوں کا علاج اور صفائی کا ذریعہ ہے:
عَنْ ابْنِ عُمَرَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّ اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ إِنَّ ہٰذِہِ الْقُلُوبَ تَصْدَأُ کَمَا یَصْدَءُ الْحَدِیدُ إِذَا أَصَابَهُ الْمَاءُ قِیلَ یَا رَسُولَ اللَّہِ وَمَا جَلَاؤُہَا قَالَ کَثْرَةُ ذِکْرِ الْمَوْتِ وَتِلَاوَةِ الْقُرْاٰنِ“۔(رواہ البیہقی فی شعب الایمان – مشکوة المصابیح ج:۱ص:۱۸۹)
ترجمہ: ابن عمر سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کہ اِن دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے، جیسا کہ لوہا پانی لگنے سے زنگ آلود ہو جاتا ہے۔ دریافت کیا گیا یا رسول اللہ! تو پھراُن دلوں کی صفائی کی کیا صورت ہے؟ فرمایا موت کو کثرت سے یا د کرنا اور قرآن شریف کی زیادہ تلاوت کرنا۔
فائد ہ:گناہوں کی کثرت اوراللہ جل شانہ کی یاد سے غفلت کی وجہ سے دلوں پربھی زنگ لگ جاتا ہے اوردلوں کا آئینہ دھندلا ہو جاتا ہے اورکلام پاک کی تلاوت اور موت کی یاد ان کے لئے صیقل اورصفائی کا کام دیتی ہے اور قرآن شریف دلوں کی بیماری کو اوران سے رنج وغم اور فکرو تشویش و پریشانی کو دور کر دیتا ہے۔
فائدہ: قرآن اور موت دو واعظ ہیں:
حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ دو واعظ چھوڑتا ہوں ہے ایک بولنے والا دوسرا خاموش۔ بولنے والا قرآن شریف ہے اور خاموش موت کی یاد۔
نماز میں تین آیتیں پڑھنا بہترین دولت ہے ،جوتین حاملہ بڑی موٹی اونٹنیوں سے بھی افضل ہیں:
عَنْ أَبِی ہُرَیْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ:أیُحِبُّ أَحَدُ کُمْ إِذَا رَجَعَ إِلَی أَہْلِه أَنْ تَجِدَ فِیهِ ثَلَاثَ خَلِفَاتٍ عِظَامٍ سِمَانٍ؟ قُلْنَا نَعَمْ قَالَ فَثَلَاثُ آیَاتٍ یَّقْرَأُ بِہِنَّ أَحَدُکُمْ فِی صَلَوٰتِه خَیْرٌ لَّه مِنْ ثَلَاثِ خَلِفَاتٍ عِظَامِ سِمَانٍ۔(رواہ مسلم – فضائل قرآن)
ابو ہریرہ کہتے ہیں کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا تم میں سے کوئی پسند کرتا ہے کہ گھرواپس آئے تو تین اونٹنیاں حاملہ بڑی اور موٹی اس کو مل جائیں؟ہم نے عرض کیا بیشک!(ضرور پسند کرتے ہیں) حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ تین آیتیں جن کو تم میں سے کوئی نمازمیں پڑھ لے وہ تین حاملہ بڑی اور موٹی اونٹنیوں سے افضل ہیں۔
تلاوتِ قرآن کے وقت آسمان کے اوراللہ کی رحمت و قبولیت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں:
رَوَی الطَّبَرَانِیُّ فِی الْأَوْسَطِ عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ قَالَ تُفْتَحُ أَبْوَابُ السَّمَاءِ لِخَمْسِ لِقِرَائَةِ الْقُرْآنِ وَلِلِقَاءِ الزَّحْفَیْنِ – أَی الصَّفَیْنِ صَفِ الْمُسْلِمِینَ وَصَفِ الْکَافِرِینَ – وَلِنُزُولِ الْقَطْرِ وَ لِدَعُوَةِ الْمَظْلُومِ وللاذان“۔(کما فی الفتح الکبیر واصله – تلاوة القرآن المجید ،ص:۹۹)
ترجمہ:طبرانی نے معجم اوسط میں ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کیاہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کہ پانچ اوقات میں آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں:
(۱) قرآن پاک کی تلاوت کے وقت۔
(۲)جنگ میں مسلمانوں اور کافروں کی صف بندی کے وقت۔
(۳) بارش ہونے کے وقت۔
(۴)مظلوم کی دُعا کے وقت۔
(۵)اذان کے وقت۔(طبرانی)
نماز کے اندر تلاوت کا زیادہ ثواب ہے نیز تلاوت تمام اذکار اور نفلی عبادتوں سے افضل عبادت ہے:
عَنْ عَائِشَةَ أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:قِرَاء ةُ القُرْآنِ فی الصَّلَاةِ أَفْضَلُ مِنْ قِرَائَةِ الْقُرانِ فِیْ غَیْرِ الصَّلٰوةِ، وَقِرَاءَ ةُ الْقُرْآنِ فِی غَیْرِ الصَّلَاةِ أَفْضَلُ مِنَ التَّسْبِیحِ وَالتَّکْبِیرِ، وَ التَّسْبِیحُ أَفْضَلُ مِنَ الصَّدَقَةِ وَالصَّدَقَةِ أَفَضلُ مِنَ الصَوْمِ وَالصَوْمُ جُنَّةٌ مِّنَ النَّارِ۔(رواہ البیہقی فی شعب الایمان – فضائل قرآن)
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ نماز میں قرآن شریف کی تلاوت بغیرنماز کی تلاوت سے افضل ہے اور بغیر نماز کی تلاوت تسبیح اور تکبیر سے افضل ہے اور تسبیح صدقہ سے افضل ہے اور صدقہ نفلی روزے سے افضل ہے اور روزہ ڈھال ہے آگ سے۔
فائدہ:موازنہٴ تلاوت و ذکر:
تلاوتِ قرآن ہراس غیرماثورذکر سے افضل ہے، جو کسی خاص مو قع و محل میں وارد و منقول نہ ہوا ہو۔ رہا ماثور و وارد شدہ ذکرِ مخصوص، مثلاً :جمعہ کی رات میں یا جمعہ کے دن بعد عصر درود شریف سواس سے تلاوتِ قرآن افضل نہیں ہے، بلکہ وہاں تلاوتِ غیر مطلوبہ کے مقابلہ میں وہ مطلوبہ ذکرِ مخصوص افضل ہوگا اور جہاں دو اذکارِ ماثورہ جمع ہوجائیں، مثلاً: عید کی رات میں جو جمعہ کی رات بھی ہو تکبیر اور درود شریف وہاں ان دونوں میں سے قلیل الوقوع ذکر مقدم ہوگا۔مثلاً: درج بالا صورت میں درود شریف کے مقابلہ میں تکبیر کو تر جیح ہوگی۔ (قاله صاحب فتح العلام بحواله حاشیة التبیان ص:۲۵،۲۴ وھوکلام نفیس جدا اقلما تجدہ فی کتابٍ)
فائدہ: تلاوتِ قرآن پرنیکیوں کے چار در جات:
حضرت علی کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں کہ: جس شخص نے نماز میں کھڑے ہو کر کلام پاک پڑھا اس کو ہر حرف پر سو نیکیاں ملیں گی اور جس نے نمازمیں بیٹھ کرپڑھا،اسے پچاس نیکیاں اورجس نے بغیر نماز کے وضو کے ساتھ پڑھا اس کے لیے پچیس نیکیاں اورجس نے بغیر وضو کے پڑھا اس کے لیے دس نیکیاں اور جو شخص پڑھنے والے کی طرف کان لگا کر سنے اس کے لیے بھی ہر حرف کے بدلے میں ایک نیکی ہے۔ (احیاء)
تلاوتِ قرآن، دنیا میں نور اور آخرت میں ذخیرہ ہے:
عَنْ أَبِی ذَرٍ قَالَ قُلْتُ یَا رَسُولَ اللَّہِ أَوْصِنِیْ۔ قَالَ عَلَیْکَ بِتَقْوَی اللّٰہِ فَإِنَّه رَأْسُ الْأَمْرِ کُلِّه۔ قُلْتُ یَا رَسُولَ اللَّہِ! زِدْنِی قَالَ عَلَیْکَ بِتِلَاوَةِ الْقُرْآنِ فَإِنَّه نُوْرٌ لَکَ فِی الْأَرْضِ وَ ذُخْرٌ لَکَ فِی السَّمَاءِ“۔(رواہ ابن حبان فی صحیحه، فی حدیث طویل -فضائل قرآن)
ترجمہ: حضرت ابوذر کہتے ہیں کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ سلم سے درخواست کی کہ مجھے کچھ وصیت فرمائیں۔ حضور نے فرمایا کہ تقویٰ کا اہتمام کرو کہ وہ تمام امور کی جڑ ہے۔ میں نے عرض کیا کہ اس کے ساتھ کچھ اور بھی ارشاد فرمادیں۔ تو حضور نے فرمایا کہ تلاوتِ قرآن کا اہتمام کرو کہ دنیا میں یہ نور ہے اورآخرت میں ذخیرہ۔ (ابن حبان)
جنتیوں کوتلاوتِ الٰہی کے وقت یوں محسوس ہوگاکہ گویا انہوں نے آج تک کسی سے قرآن سنا ہی نہیں:
رَوَی السِجِزِّیُّ فی الابانة عن انسٍ رضی اللّٰہُ عَنْهُ مَرْفُوعًا: کَاَنَّ النَّاسَ لَمْ یَسْمَعُوا الْقُرْآنَ حِینَ یَتْلُوْہُ اللّٰہُ عَلَیْہِمْ فِی الْجَنَّةِ وَرَوٰی صَاحِبُ الْفِرْدَوْسِ۔عَنْ أَبِی ہُرَیْرَةَ رَضِیَ اللہُ عَنْهُ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللہُ عَلَیْه وَسَلَّمَ قَالَ: کَاَنَّ الْخَلْقَ لَمْ یَسْمَعُوا الْقُرْآنَ حِیْنَ یَسْمَعُونَه مِنَ الرَّحْمٰن یَتْلُوہُ عَلَیْہِمْ یَوْمَ الْقِیَامَةِ“۔(انظر الفتح الکبیر ۳۱۵:۲- تلاوة القرآن المجید مع التعلیق،ص:۵۱)
ترجمہ: سجِزِّی نے اِبانہ میں انس رضی اللہ عنہ سے یہ مرفوع حدیث روایت کی ہے کہ جب اللہ پاک جنت میں اہل جنت کے سامنے قرآن پاک کی تلاوت فرمائیں گے، توانہیں یوں محسوس ہوگا کہ گویا آج تک انہوں نے قرآن پاک کسی سے سنا ہی نہیں ہے اور صاحب الفردوس نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے ذریعہ نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان نقل کیا ہے کہ جب قیامت کے دن جنت میں حضرت رحمن، مخلوق کے سامنے قرآنِ کریم کی تلاوت فرمائیں گے اوراہلِ جنت اس تلاوت کو سنیں گے تو انہیں اس قدرلذت اورفرحت محسوس ہوگی کہ گویا انہوں نے آج تک کسی سے قرآن پاک سنا ہی نہیں ہے۔
سوتے وقت کوئی سی سورت پڑھنے والے قاری کی ملا ئکہ حفاظت فرماتے ہیں:
رَوَی التِرْمِذِیُّ عَنْ شَدَّادِ بْنِ اَوْسٍ رَضِیَ اللَّہُ عَنْه قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ:”مَا مِنْ مُسْلِم یَأْخُذُ مَضْجَعَه فَیَقْرَأَ سُورَةً سُورَةً مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ تَعَالٰی اِلَّا وَکَّلَ اللَّہُ لَهُ مَلَکًا فَلَا یَقْرَبُه شَییٴٌ یُؤْذِیْهِ حَتَّی یَہَبَّ مِنْ نَوْمِهِ مَتٰی ہَبَّ“۔(وَرَوَاہُ أَحْمَدُ بِلَفْظِ بَعَثَ اللّٰہُ لَهُ مَلَکًا یَحْفَظُه مِنْ کُلِّ شَیْءٍ تُؤْذِیهِ حَتَّی یَہَبَّ مَتَی ہَبَّ“۔(قَالَ الْمُنْذِرِی وَرُوَاةُ أَحْمَدَ رَوَاةُالصحیح – تلاوة القرآن المجید ص:۵۳۔۵۴)
ترجمہ: ترمذی نے شداد بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو مسلمان بھی اپنے بسترپر لیٹتے وقت کتاب اللہ کی کوئی سی سورت بھی پڑھ لے اُس پراللہ تعالیٰ ایک فرشتہ مقرر فرما دیتے ہیں، جو اُس کے نیند سے بیدار ہونے تک کسی بھی موذی چیز کو اس کے قریب بھی نہیں پھٹکنے دیتا خواہ وہ جب بھی بیدار ہو۔ اور امام احمد نے یہ مضمون ان الفاظ میں روایت کیا ہے کہ ایسے شخص کے لیے اللہ تعالیٰ ایک فرشتہ بھیج دیتے ہیں،جو ہر موذی چیز سے اس کی حفاظت کرتاہے، حتی کہ وہ اپنی نیند سے بیدار ہو جائے، جب بھی بیدارہو۔ (ترمذی)
تلاوت کردہ آیت قیامت میں نور ہوگی اور سامع کے لئے کئی گونہ نیکی ہوگی:
عَنْ أَبِی ہُرَیْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ:”مَنِ اسْتَمَعَ إِلٰی آیَةٍ مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ کُتِبَتْ لَهُ حَسَنَةٌ مُّضَاعَفَةٌ وَمَنْ تَلَاہَا کَانَتْ لَهُ نُورًا یَوْمَ الْقِیَامَةِ“(رواہ احمد – فضائل قرآن)
ترجمہ: ابوہریرہ نے حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کیا ہے کہ جس شخص نے کوئی آیت کلام اللہ کی بغور سنی ،اس کے لیے کئی گونہ نیکی لکھی جاتی رہتی ہے اور جس نے کسی آیت کی تلاوت کی اس کے لیے وہ آیت قیامت کے دن نور ہوگی۔ (مسند احمد)
فائدہ: محمد ثین نے سند کے اعتبار سے اگرچہ اس میں کلام کیا ہے کہ حسن بصری کے شاگرد عبادہ بن میسرہ کو بعض نے غیر ثقہ کہا ہے۔ نیز حسن بصری نے بقول جمہور حضرت ابو ہریرہ سے سماع نہیں کیا ہے، مگر مضمون بہت سی روایات سے موید ہے کہ کلام پاک کا سننا بھی بہت آجررکھتا ہے؛ حتی کہ بعض لوگوں نے اسکو پڑھنے سے بھی افضل بتلایا ہے (لیکن یہ قول مرجوح ہے۔)
کھڑے ہو کر نماز میں تلاوت کرنے سے ہر حرف پر سو نیکیاں اور سو درجات:
مَنِ اسْتَمَعَ حَرْفًا مِنْ کِتَابِ اللّٰہِ ظَاہِرًا: کُتِبَتْ لَهُ عَشْرُ حَسَنَاتٍ وَمُحِیَتْ عَنْهُ عَشْرُ سَیِّئَاتٍ، وَرُفِعَتْ لَهُ عَشْرُ دَرَجَاتٍ، وَمَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ کِتَابِ اللّٰہِ فِی صَلَاةِ قَاعِدًا: کُتِبَتْ لَهُ خَمْسُوْنَ حَسَنَةً، وَمُحِیَتْ عَنْهُ خَمْسُونَ سَیِّئَةً وَرُفِعَتْ لَهُ خَمْسُوْنَ دَرَجَةً وَمَن قَرَأحَرْفاً مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ قَائِمًا کُتِبَتْ لَهُ مِائَةُ حَسَنَةٍ وَمُحِیَتْ عَنْهُ مِائَةُ سَیِّئَةٍ وَرُفِعَتْ لَهُ مِائَهُ دَرَجَةٍ: وَمَنْ قَرَا فَخَتَمَه کَتَبَ اللّٰہُ عِنْدہ دَعْوَةً مُسْتَجَابَةً أَوْ مُؤَخَّرَةً“۔(رواہ ابن عدی فی الکامل و البیہقی فی الشعب عن عبد اللہ بن عباس – کنز العمال ج:۱ص:۵۴۲۔“۔(فضائل حفاظ القرآن،ص:۷۹)
ترجمہ: جس نے ایک حرف اللہ کی کتاب سے قرآن میں بن دیکھے صرف یاد سے سنا، اس کے لیے دس نیکیاں لکھی جاتی ہیں اوردس گناہ مٹائے جاتے ہیں اوردس درجات بلند کئے جاتے ہیں اورجس نے کتاب اللہ کا ایک حرف نمازمیں بیٹھ کرتلاوت کیا،اس کے لیے پچاس نیکیاں لکھی جاتی ہیں اورپچاس گناہ مٹائے جاتے ہیں اور پچاس درجات بلند کئے جاتے ہیں اورجس نے کتاب اللہ سے ایک حرف نماز میں کھڑ ے ہو کر تلاوت کیا، اس کے لیے سو نیکیاں لکھی جاتی ہیں اوراس کے سو گناہ مٹا دیئے جاتے ہیں اورسو درجے بلند کر دیے جاتے ہیں اور جس نے قرآن پاک پڑھا ،پھراس کو ختم کیا (یعنی مکمل قرآن پڑھا) اللہ تعالیٰ ختم قرآن کے وقت ایک دعا فی الحال قبول ہونے والی یا بعدمیں قبول ہونے والی لکھ دیتے ہیں۔ (کامل ابن عدی وغیرہ)
قاریٴ قرآن نکمی عمر سے محفوظ رہتا ہے:
رَوَیْنَا عَن ابْنِ عَبَّاسِ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُمَا قَالَ مَنْ قَرَأ الْقُرْآنَ لَمْ یُرَدَّإِلٰی أَرْذَلِ الْعُمُرِ لِکَیْ لَا یَعْلَمَ مِنْ بَعْدِ عِلْمٍ شَیْئًا وَذٰلِکَ قَوْلُهُ تَعَالٰی:﴿رَدَدْنٰهُ أَسْفَلَ سَفِلِینَ إِلَّا الَّذِینَ آمَنُوا﴾ قَالَ إِلَّا الَّذِینَ قَرَءُ وْا الْقُرْآنَ“۔(رواہ فی کتاب النشر الکبیرج:اص:۴)
ترجمہ: محقق جزری فرماتے ہیں: ہم نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اُن کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ جو قرآن پڑھے وہ اُس ارذلِ عمر سے محفوظ رہتا ہے، جس میں انسان علم کے بعد بے علم ہو جاتا ہے۔اور﴿ثُمَّ رَدَدْناہُ اَسْفَلَ سَفِلِینَ إِلَّا الَّذِینَ آمَنُوا﴾کے معنی بھی ابن عباس کے نزدیک یہی ہیں، یعنی پھرہم منکروبدفطرت انسان کو پستی کی حالت والوں سے بھی پست تر کر دیتے ہیں، مگر جو ایمان لائے اور پھر انہوں نے قرآن پڑھا کہ انہیں ہم ایسی حالت بدسے محفوظ رکھتے ہیں۔ (نشر کبیر)
قرآن شریف کی تلاوت، بغیر محنت کے ایسی نفع مند آسان تجارت ہے کہ کم سے کم ایک حرف پر دس نیکیوں کے برابر ثواب ملتا ہے، معنی سمجھ کر پڑھے خواہ بغیر سمجھے ہی:
رَوَی التِرْمِذِیُّ وَغَیْرُہُ عَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْهُ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ یَقُولَ:”مَنْ قَرَا حَرْفًا مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ تَعَالٰی فَلَه بِه حَسَنَةٌ وَالْحَسَنَةُ بِعَشْرِ اَمْثَالِہَا لَا أَقُولُ الم حَرْفٌ وَلٰکِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ وَلَامٌ حَرْفٌ وَمِیمٌ حَرْفٌ“۔(تلاوة القرآن المجید ص:۳۷)
ترجمہ: ترمذی وغیرہ نے ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کیا، کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی کتاب پاک کا ایک حرف پڑھے اُس کے لیے اس حرف کے بدلہ میں ایک نیکی ہے اورایک نیکی کا ثواب دس نیکیوں کے برا برملتا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا ہوں کہ پورا(الٓمٓ) ایک حرف ہے، بل کہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔ (ترمذی وغیرہ اور ترمذی کہتے ہیں حسن صحیح)
فائدہ: جن حروف کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مثال میں ذکر فرمایا: یعنی (الٓمٓ) ان کے معنی ہر شخص نہیں سمجھ سکتا ؛بلکہ بڑے بڑے علمابھی ان کی یقینی مراد سمجھنے سے قاصرہیں اوران حروف کی تلاوت پرتیس نیکیوں کا ملنا اس حدیث سے ثابت ہورہا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہو گئی کہ قرآن مجید کی تلاوت خواہ معنی و مفہوم سمجھ کر کی جائے یا بلا سمجھے ،ہرطرح یہ نیکیوں کے ملنے اوربارگاہِ الٰہی میں تقرب اورنزدیکی کا سبب بنتی ہے۔
فائدہ: بیہقی کی روایت میں ہے کہ میں یہ نہیں کہتا کہ”بسم اللہ“ ایک حرف ہے بل کہ(ب۔ س۔ م)یعنی علیحدہ علیحدہ حروف مراد ہیں۔
تلاوتِ قرآن پاک کے لیے توفیق و طاقت و آسانی مانگی جائے:
یُدْفَعُ عَنْ مُسْتَمِعِِ الْقُرْآنِِ بَلْوَی الدُّنْیَا وَ یُدْفَعُ عَنْ قَارِیٴِ القُرْاٰنِ سُوْءُ الْاٰخِرَةِ وَاسْتِمَاعُ اٰیَةٍ مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ خَیْرٌ مِنْ کَنْزِ الذَّہَبِ وَلَقِرَاءَ ةُ آیَةٍ مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ أَفْضَلُ مِمَّا تَحْتَ الْعَرْشِ لِأَنَّه کَلامُ اللّٰہِ تَکَلَّمَ بِهِ قَبْلَ أَنْ یَخْلُقَ الْخَلْقَ فَمَنْ اَلْحَدَ فِیْه أوْ قَالَ بِرَأْ یِه فَقَدْ کَفَرَ وَلَوْلَا أَنَّ اللّٰہَ عَزَّ وَجَلَ یَسَّرَہ عَلٰی اَلْسُنِ الْبَشَرِ لَمَا قَدَرَ أَحَدٌ أَنْ یَتَکَلَّمَ بِکَلامِ الرَّحْمٰنِ وَہُوَ قَوْلُهُ تَعَالٰی: ﴿وَلَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْاٰنَ لِلذِّکْرِ فَہَلْ مِنْ مُّدَّکِرٍ﴾۔(مسند الفردوس)
ترجمہ: قرآن سننے والے سے دنیا کی مصیبت ہٹادی جاتی ہے اورقاریٴ قرآن سے آخرت کا عذاب ہٹا دیا جاتا ہے۔ کتاب اللہ کی ایک آیت سننا سونے کے خزانہ سے بہتر ہے اور کتاب اللہ کی ایک آیت کی تلاوت عرش کے نیچے کی تمام اشیا سے افضل ہے؛ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرنے سے قبل اس کا تکلم فرمایا۔ جس نے اس میں بے دینی پیدا کی یا اپنی رائے داخل کی ،اس نے کفر کیا اور اگر اللہ عز وجل لوگوں کی زبان پر اسے آسان نہ کرتے تو کسی کے بس میں نہ تھا کہ وہ کلام اللہ کو پڑھ سکتا اوراسی کے متعلق اللہ تعالیٰ کا قول ہے ”ہم نے قرآن کو یاد کرنے اور پڑھنے کے لیے آسان کردیا،پس کوئی ہے یاد کرنے والا اور پڑھنے والا“؟ (مستفاد از فضائل حفاظ القرآن)
