خصوصیاتِ قرآن

مولانامحمد مرشد صاحب قاسمی

استاذِ حدیث و تفسیر جامعہ اکل کوا

                قرآنِ کریم ایک محکم کتاب ہے، اللہ جلّ شانہ کا لازوال قانون اور انسانیت کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، جس کتاب نے وحشی عربوں کی زندگی بدل دی ، کیسے کیسے گمراہوں کی زندگی میں انقلاب پیدا کردیا۔ قرآنِ کریم کی اسی انقلابی تاثیر کی بنیاد پرکفارِ مکہ نے باہم مشورہ کرکے یہ طے کیا : لَا تَسْمَعُوا لِہَٰذَا الْقُرْآنِ وَالْغَوْا فِیهِ لَعَلَّکُمْ تَغْلِبُونَ ۔(سورة الفصلت)

                (تم سبھی اس قرآن کو سنا مت کرو، اس کی تلاوت کے وقت شوروغل کیا کرو؛ تاکہ تم غالب آجاوٴ۔

                اس طرح کے ہزاروں تدبیریں کی، جس کا نقشہ قرانِ کریم نے ان الفاظ میں کھینچا ہے۔ یُرِیدُونَ أَن یُطْفِئُوا نُورَ اللَّہِ بِأَفْوَاہِہِمْ وَیَأْبَی اللَّہُ إِلَّا أَن یُتِمَّ نُورَہُ وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُونَ۔(التوبة:32)

                وہ چاہتے ہیں کہ اللہ کا نور اپنے پھونکوں سے بجھا دیں، اللہ تعالی اپنے نور کو مکمل کر کے رہے گا خواہ کافروں کو ناگوار ہو۔

                قرانِ کریم سے لوگوں کو روکنے کی ساری تدبیریں مکڑی کا جالا ثابت ہوئیں، سارے عزائم خاک میں مل گئے اورقران عرب میں نہیں بلکہ عرب سے متجاوز ہو کر عجم تک پہنچا اوراللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیش گوئی کے مطابق ہر کچے اور پکے گھر میں داخل ہوا۔

                اس کتابِ مقدس کی بہت سی خصوصیات ہیں چند مشہور خصوصیات پر ہم روشنی ڈالتے ہیں۔

                ۱۔یہ واحد کتاب ہے، جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالی نے لی ہے۔إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُون۔ (سورة الحجر)

                ”ہم نے اس قرآن کو اتارا اورہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں “۔دوسری آسمانی کتابوں کی حفاظت قوم کو سونپی گئی تھی۔بِمَا اسْتُحْفِظُوا مِنْ کِتَابِ اللَّہِ لیکن قوم نے اس ذمہ داری کوادا نہیں کیا؛ بلکہ اس میں تحریف کی،خرد برد کی، اپنے من اور خواہش کے مطابق احکام بنائے۔

                ۲۔یہ واحد کتاب ہے، جو لاکھوں نہیں بل کہ اربوں کھربوں انسانوں کے سینوں میں محفوظ ہے، جس سے نصیحت پکڑنا بھی آسان اوراسے سینے میں محفوظ رکھنا بھی آسان،اللہ تعالی کا ارشاد ہے:وَلَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّکْرِ فَہَلْ مِنْ مُدَّکِرٍ۔(سورہٴ قمر:۲۲)

                ہم نے قران کو نصیحت اورحفظ کے لیے آسان کیا، تو ہے کوئی نصیحت پکڑنے والا اوریاد کرنے والا۔

                ۳۔وہ کتاب، جس کی زبان نہایت محبوب ہے، شیریں ہے،ا سلوب لذیذ ہے، نثر میں ہونے کے باوجود نظم اوراشعار سے زیادہ انسان کو لذّت محسوس ہوتی ہے۔

                ۴۔ واحد کتاب ،جوعبادت اورسیاست دونوں کا جامع ہے، اگرقرآن ایمان وعبادت کا حکم دیتاہے تو امانت داری کے ساتھ سیاست اورخلافت کا بھی حکم دیتا ہے۔

                وَعَدَ اللَّہُ الَّذِینَ آمَنُوا مِنکُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَیَسْتَخْلِفَنَّہُمْ فِی الْأَرْضِ کَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِینَ مِن قَبْلِہِمْ۔ (سورة النّور)

                اللہ تعالی نے وعدہ کررکھا ہے ان حضرات سے جو ایمان لائے اوراچھے اعمال کیے کہ ضرورایسے لوگوں کو زمین میں خلافت و حکومت عطا کرے گا؛ جیسا کہ پہلے لوگوں کو عطا کیا۔

                ۵۔واحد کتاب، جو دین و دنیا دونوں کا جامع ہے ،جس میں یہ دعاہے۔رَبَّنَا آتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَفِی الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔ (سورة البقرة)

                ”اے ہمارے رب ہم کو دنیا میں بھی اچھائی عطا کیجئے اورآخرت میں بھی اچھائی عطا کیجیے“۔وہ جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کا حکم دیتا ہے وہیں جمعہ کے بعد تجارت اورفضلِ الٰہی کی تلاش کا بھی حکم دیتا ہے۔”فَإِذَا قُضِیَتِ الصَّلَاةُ فَانتَشِرُوا فِی الْأَرْضِ وَابْتَغُوا مِن فَضْلِ اللَّہِ ۔(سورة الجمعه)

                جب نمازِ جمعہ ادا کرلی جائے ،توزمین میں پھیل جاؤ اورفضلِ الٰہی کو تلاش کرو۔ مسجد سے نکلنے کی یہ دعا سکھائی جاتی ہے۔اللہم انی اسألک من فضلک ۔اے اللہ ہم آپ سے آپ کے فضل کا سوال کرتے ہیں۔

                ۶۔واحد کتاب، جس کی نظیر پیش کرنے سے دنیا عاجز ہے، عرب کے ادبا، فصحا، بلغاکو باربار چیلنج کیا گیا۔فَاْٴتُوْا بِسُوْرَةٍ مِّنْ مِّثْلِه؛لیکن وہ اس کی نظیر نہیں پیش کر سکے ہیں،ایک چھوٹی سی سورت خانہٴ کعبہ پرلٹکا دی گئی۔إِنَّا أَعْطَیْنَاکَ الْکَوْثَرَ (۱) فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ (۲) إِنَّ شَانِئَکَ ہُوَ الْأَبْتَرُ (۳)تو وقت کا بڑا شاعر اپنے عجز کا اظہار کرتے ہوئے یہ لکھ دیتا ہے۔لیس ھذا من کلام البشر۔یہ کسی انسان کا کلام نہیں ہے ۔

                عبداللہ بن مقفع جیسے ادیب کوقرآنِ کریم کے مانند کلام پیش کرنے پراُبھارا گیا، چھ مہینے کی مہلت دی گئی ،لیکن ایک آیت بھی اس کے مانندنہیں بنا سکا ،کاغذ کے ٹکڑوں کا ڈھیر جمع ہو گیا۔

                ۷۔واحد کتاب ہے، جس کی بطور عبادت تلاوت کی جاتی ہے ،پڑھی جاتی ہے ،کوئی کتاب بطور عبادت نہیں پڑھی جاتی ہے ؛ہاں حالات و مصائب کے وقت بخاری شریف وغیرہ کا پڑھنا بطور برکت کے اکابر کا معمول رہا ہے ؛لیکن برکت اورچیز ہے عبادت اورچیز ہے۔ برکت مخلوق میں ہو سکتی ہے۔وَجَعَلَنِی مُبَارَکًا أَیْنَ مَا کُنت۔ُ (سورةالمریم)مجھے بابرکت بنایا جہاں بھی رہوں؛ لیکن عبادت صرف خالق کی ہوگی۔

                ۸۔واحد کتاب، جس کی زبان آج تک محفوظ ہے، عبرانی، سریانی زبان ختم ہو گئی؛ لیکن آج تک قرآن کی زبان اسی شان اورآب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔

                ۹۔واحد کتاب، جس کی دعوت انسانوں سے متجاوز ہوکرجنّاتوں تک پہنچی اورجنّات بھی اس کو سن کرایمان لے آئے۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم تہجد یا فجر کی نماز بطنِ نخلہ میں ادا فرما رہے تھے، جو مکہ اورطائف کے بیچ ایک وادی کا نام ہے ،جنات حاضر ہوئے اورقرآن سن کرایمان لے آئے ،اسی پرپوری سورت سورہٴ جن نازل ہوئی ہے اورسورہٴ احقاف کی اس آیت میں اشارہ ہے۔وَ اِذْ صَرَفْنَا اِلَیْکَ نَفَرًا مِّنَ الْجِنِّ یَسْتَمِعُوْنَ الْقُرْاٰنَ-فَلَمَّا حَضَرُوْہُ قَالُوْا اَنْصِتُوْا-فَلَمَّا قُضِیَ وَ لَّوْا اِلٰی قَوْمِہِمْ مُّنْذِرِیْنَ۔(سورة الاحقاف:۲۹)

                جب کہ ہم نے آپ کی طرف جناتوں کی ایک جماعت بھیجی جو قرآن کو سن رہی تھی، جب وہ حاضر ہوئے تو کہا خاموش ہو جاؤ، جب انہوں نے قرآن سن لیا تو اپنے قوم کے ڈرانے والے بن کرلوٹے۔

                ۱۰۔واحد کتاب، جو لوگوں کے قلوب کو نرم کردیتی ہے، کیسا بھی سنگ دل انسان ہو، گناہ کرتے کرتے دل سخت اورسیاہ ہوچکا ہو، لیکن جب توجہ کے ساتھ اس کتاب کی تلاوت کو سنتا ہے ،پڑھتا ہے، تو دل نرم ہو جاتا ہے ،موم ہونے لگتا ہے، سچ ہے قرآن دلوں میں بھی راستہ بنا لیتا ہے، قلبی اورقالبی اثررکھتا ہے۔أَلَمْ یَأْنِ لِلَّذِینَ امَنُواْ أَن تَخْشَعَ قُلُوبُہُم لِذِکْرِللَّهِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّ(سورة الحدید)

                کیا ایمان والوں کے لیے وقت نہیں آیا کہ ان کے دل نرم ہوجائیں اللہ کے ذکراوراس سچی اورواقعی کتاب کے لیے ،جس کو اللہ تعالی نے اتارا۔