دورِ حاضر میں کمپیوٹر کی ضرورت، اہمیت، افادیت اور جامعہ اکل کوا میں کمپیوٹر کی خدمات

منجانب:شعبہٴ کمپیوٹرجامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا، ضلع نندوربار (مہاراشٹر)

از قلم: محمد ہلال الدین بن علیم الدین ابراہیمی#

            قارئین! جامعہ کے رئیس حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی# نبّاضِ وقت، مفکر ِقوم نے وقت کی ضرورت اور ہوا کے رخ کو بہت پہلے ہی بھانپ لیا تھا اور آپ اچھی طرح سمجھ چکے تھے کہ آنے والا وقت کمپیوٹر کا ہوگا۔ اور آج تصنیف و تالیف کا کام ، امتحانی پرچے جات ، مجلات و ماہنامے ، دفتری ریکارڈ ، حساب و کتاب کی ہر چھوٹی بڑی ضرورت ، جدول و چارٹ، خط و کتابت ، اشتہار و پوسٹرز ؛یہاں تک کہ لاک ڈاوٴن جیسے زمانے میں درس و تدریس کا مسئلہ ، افہام و تفہیم کے لیے پریزنٹیشن کی ضرورت ؛ غرض کہ ہر چھوٹی بڑی ضرورت اسی سے وابستہ ہے۔آپ نے اسے اچھی طرح بھانپتے اور محسوس کرتے ہوئے ،اپنے یہاں آج سے بیس سال قبل (۲۰۰۲ء) میں ہی اس شعبے کا قیام فرمایا۔

             ابتدائی زمانے میں DTP ( ڈیسک ٹاپ پبلیشنگ) نام سے ایک کورس شروع ہوا ، جس میں کمپیوٹر سے متعلق بنیادی معلومات، اِن پیج اور کورل ڈرا سکھایا جاتا ہے۔

             پھر چند سال کے بعدایک اور کورس DCA (ڈپلوما اِن کمپیوٹر ایپلی کیشن) نام سے شروع ہوا، جس میں ڈی ٹی پی میں اچھے نمبر سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے۔

             اس کورس میں آفس آٹو میشن (ایم ایس ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ) سکھایا جاتا ہے۔ قدم یہیں نہیں تھما؛ بل کہ اس شعبے کو مزید پاور فل بنانے کی لیے سرکاری لیبل پر لے جایا گیا اور کئی سالوں کی جہد مسلسل کے بعد بالآخرجامعہ کا یہ ڈپارٹمینٹ حکومت ِہند سے منظور شدہ ادارہ NCPUL دہلی سے بھی منسلک ہو گیا ۔

            اور ایک کورس CABA-MDPT (سرٹیفیکٹ اِن کمپیوٹر، بزنس اکاوٴنٹنگ اینڈ ملٹی لنگول ڈی ٹی پی) نام سے شروع ہوا ۔

             اس کورس میں داخلہ لینے والے طلبہ کمپیوٹر کی سند کے ساتھ ساتھ اردو ڈپلوما کی سرکاری سند سے بھی نوازے جاتے ہیں۔

            اس کورس میں نہ صرفP DT اور DCA کورس شامل ہے؛ بل کہ اس کے علاوہ اکاوٴنٹنگ کے لیے Tally، HTML، ہارڈ ویئر ، انٹرنیٹ، نیٹ ورکنگ، اور پروگرامنگ لینگویج بھی شامل ہیں۔

            جس میں سال ِاول ۳۸ طلبہ شریک رہے اور آج بیک وقت مختلف کورس میں ۲۴۸منتخب طلبہ نہایت دلچسپی اور لگن سے مہارت حاصل کر رہے ہیں ۔

 ۲۳۸۷ طلبہ سند کمپیوٹر کے بعد مختلف میدانوں میں:

            نیز اب تک ۲۳۸۷ طلبہ کمپیوٹر کی ٹریننگ لے کر جامعہ ،فروعات جامعہ ،دیگر مدارس، اسکول، کمپنی، مختلف کمپیوٹر سروس کے مقامات پر ملک اور بیرون ملک میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

            ایک عرصے سے جامعہ اور اس کی برانچیں کمپیوٹر کی ضروریات کے لیے مستغنی ہوچکی ہیں۔ فضلائے جامعہ ہر طرح کی خدمات انجام دینے کے لیے سب سے بہتر انتخاب ہوتے ہیں ۔

            ٹائپنگ کی ضرورت سے لے کر ڈیزائینگ کی ضرورت ،حساب وکتاب کی ضروریات سے لے کر آن لائن وڈیجیٹل درسیات تک تمام ذمے داریاں بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں ۔ اور اسی پر بس نہیں رئیس جامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی# اور آپ کے فرزندارجمند مدیر تنفیذی جامعہ اکل کوا حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانو ی# نے کمپیوٹر کی اعلیٰ تعلیم سافٹ ویئر، آئی ٹی وغیر ہ کے لیے بھی شاندار لیب اور کورس کاآغا ز کیاہے ۔

            قابلِ مبارک آباد ہیں شعبہٴ کمپیوٹر کے ناظم وذمے دار مولانا محمد مہرعلی صاحب اور آپ کے رفقا کہ طلبہٴ جامعہ اس وقت حالات کے تقاضوں کونہ صرف چیلنج کررہے ہیں ؛بلکہ مکمل مہارت کے ساتھ ہر فیلڈ میں دین کی ترجمانی کے لیے تیارہیں۔

            اللہ تعالیٰ جامعہ، فروعات جامعہ، رئیس جامعہ اور تمام ارباب حل و عقدومخلصین و محبین کی حفاظت فرمائے۔دامے ،درمے، قدمے، سخنے مددفرمائے ۔