حزب الایمان

حفاظتِ ایمان کا پانچواں طریقہ:

مولانا رفیق عالم(استاذ جامعہ اکل کوا)

             حکیم الامت حضرت تھانوی رحمة اللہ علیہ کی تالیف مناجات مقبول سے خاتمہ بالایمان کی مناسبت سے مسنون دعاوٴں کا مجموعہ پیش خدمت ہے، جن کو حرزِ جان بنالینا ،حسن ِخاتمہ کے لیے اکسیر ہے۔

            ”اللہم انی اسئلک ایمانا دائما واسئلُک قلبا خاشعا واسئلُک یقینا صادقا واسئلُک دینا قیما واسئلُک العافیة من کل بلیة واسئلُک دوام العافیة واسئلُک الشکر علی العافیة واسئلُک الغنی عن الناس“۔

            اے اللہ! میں آپ سے ہمیشہ رہنے والے ایمان، خشوع کرنے والے دل، سچے یقین، دین ِراست، ہر مصیبت سے امن اور ہمیشہ رہنے والی عافیت پر شکر اور لوگوں سے بے پرواہی کا سوال کرتا ہوں۔

            ”اللہم انک البرُ الجواد الکریم اغفر لی وارحمني، عافني وارزقنی واسترنی واجبرنی وارفعني واہدنی ولاتضلني وادخلني الجنة برحمتک یا ارحم الراحمین“۔

            اے اللہ! آپ محسن ہیں، صاحبِ جود وکرم ہیں، آپ مجھے معاف فرمائیے، اور مجھ پر رحم فرمائیے، اور مجھے عافیت دے دیجیے اور مجھے رزق دے دیجیے اور میری پردہ پوشی فرمالیجیے اور میرا نقصان پورا کردیجیے اور مجھے بلندی عطا فرمائیے اور مجھے اپنی رحمت کے طفیل جنت میں داخل فرمادیجیے اے ارحم الراحمین!

            ”اللہم ثبتني ان ازلّ واہدنی ان اضلّ“۔

 اے اللہ! مجھے ثابت قدم رکھ، کہیں پھسل نہ جاوٴں اور مجھے ہدایت دے دیجیے، کہیں گم راہ نہ ہوجاوٴں۔

            اللہم انا نعوذ بک من ان نَّزِلَّ او نضل او نظلم او یظلم علینا او نجہل او یجہل علینا اُ ضل او اَضل۔

            اے اللہ! ہم آپ کی پناہ مانگتے ہیں اس بات سے کہ کہیں ہم پھسل جائیں یا کسی کو پھسلادیں، یاکسی کو گمراہ کردیں، یا ہم ظلم کریں، یا ہم پر ظلم کیا جائے، یا ہم جہالت کا کام کریں، یا ہم پر جہالت کی جائے، یا ہم گمراہ ہوں یا میں کسی کو گمراہ کروں۔

            ”اللہم احینی مسلما وامتنی مسلما“۔

            اے اللہ! مجھے اسلام کی حالت میں زندہ رکھیے اور اسلام کی حالت میں موت دیجیے۔

            یاولی الاسلام واہلہ ثبتنی حتی ألقاک۔

 اے اسلام کے مدد گار اور اہلِ اسلام کے مدد گار! مجھے اسلام پر ثابت قدم رکھ؛ یہاں تک کہ میں آپ سے ملوں۔

            ”اللہم احفظنی بالاسلام قائما واحفظنی بالاسلام قاعدا واحفظنی بالاسلام نائما ولا تشمت بی عدوا ولا حاسدا“

            اے اللہ! میرے اسلام کی حفاظت کر جب میں کھڑا ہوں اور میرے اسلام کی حفاظت کر جب میں بیٹھا ہوں اور میرے اسلام کی حفاظت کر ،جب میں سویا ہوں اور میرے کسی دشمن اور حاسد کو میرے اوپر طعنہ کا موقع نہ دیجیے۔

            ”اللہم زینّا بزینة الایمان واجعلنا ہادین مہتدین“

            اے اللہ! ہمیں ایمان کی زینت کے ساتھ آراستہ کردے اور ہادی اور ہدایت یافتہ بنا دیجیے۔

            ”یا مقلب القلوب ثبت قلبی علی دینک“

            اے دلوں کے پھیرنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر ثابت قد م رکھ۔

            ”اللہم انی اسئلک صحة فی ایمان وایمانا فیَّ حسن خلق ونجاحا تُتْبعہ فلاحا ورحمة منک وعافیة ومغفرة منک ورضوانا“۔

            اے اللہ! میں آپ سے ایمان کی تندرستی اور حسن ِاخلاق کے ساتھ ایمان کا سوال کرتا ہوں اور ایسی کامیابی کا سوا ل بھی جس کے پیچھے آپ مجھے فلاح عطا کریں اور اپنی طرف سے رحمت اور عافیت اور اپنی طرف سے مغفرت اور خوشنودی عطا کریں۔

            ”اللہم انی اعوذ بک من القسوة والغفلة والعلیة والذلة والمسکنة والکفر والفسوق والشقاق والسمعة والریاء“

            اے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں سخت دلی سے اور غفلت سے اور تنگ دستی سے اور ذلت اور مسکنت سے اور کفر سے اور فسق سے اور ضد وعناد سے اور سنانے سے اور دکھاوے سے۔

            ”رب اوزعنی ان اشکر نعمتک التی انعمت علی وعلی والدی وان اعمل صالحا ترضاہ وادخلنی برحمتک فی عبادک الصالحین۔“

            اے میرے رب! مجھے یہ بات نصیب کرکہ میں تیرے اس احسان کا شکر کروں، جو آپ نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کیا اور اس بات کی توفیق دے کہ میں نیک عمل کروں، جو آپ کوپسند ہو اور اپنی رحمت سے مجھے اپنے نیک بندوں میں داخل فرمالیجیے۔

            ”اللہم ثبت قدمی یوم تزل فیہ الاقدام“

            اے اللہ! مجھے اس دن ثابت قدم رکھنا، جس دن قدم ڈگمگاجائیں گے۔

            ”اللہم اجعلنا ہادین مہتدین غیر ضالین ولامضلین سِلما لاولیائک وحربا لاعدائک ،نحب بحبک من احبَّک ونعادی بعداوتک من خالفک من خلقک“۔

            اے اللہ! ہمیں بنادیجیے راہ نما اور ہدایت یافتہ نہ کہ خود گمراہ اور دوسروں کو گمراہ کرنے والے۔ آپ کے دوستوں کے دوست ہوں اور آپ کے دشمنوں کے دشمن، آپ کی مخلوق میں سے آپ کی محبت کی وجہ اس سے محبت کریں، جو آپ سے محبت کریں اور آپ کی دشمنی کی وجہ سے اس کو دشمن رکھیں، جو آپ کی مخالفت کریں۔

            ”اللہم اعطنی ایمانا لا یرتد ویقینا لیس بعدہ کفر ورحمة أنال بہا شرف کرامتک فی الدنیا والآخرة“

            اے اللہ! مجھے ایسا ایمان دیجیے جو کبھی نہ لوٹے اور ایسا یقین دیجیے، جس کے بعد کفر نہ ہو اور ایسی رحمت دیجیے، جس کے ذریعے تیرے یہاں کی عزت کا شرف پالوں، دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔

            ”اللہم اجعلنی اخشاک کانی اراک ابدا، حتی القاک واسعدنی بتقواک ولاتشقني بمعصیتک“۔

            اے اللہ! مجھے ایسا بنا دیجیے کہ میں آپ سے ڈرا کروں، گویا کہ میں آپ کو دیکھ رہا ہوں ہر وقت، یہاں تک کہ میں آپ سے ملوں اور مجھے اپنے تقوی کی دولت دے کر سعید بنادیجیے اور مجھے اپنی نافرمانی کی وجہ سے بدبخت نہ بنانا۔

            ”اللہم انی اسئلک ایمانا یباشرقلبی ویقیناصادقاحتی اعلم انی لایصیبنی الا ماکتبت لی ورضی من المعیشة بما قسمت لي۔

            اے اللہ! میں آپ سے ایسے ایمان کا سوال کرتا ہوں، جو دل میں پیوست ہوجائے اور سچے یقین کا، یہاں تک کہ میں جان لوں کہ نہیں پہنچ سکتا مجھ کو مگر وہی جو آپ لکھ چکے ہیں اور اس روزی پر رضا مانگتا ہوں، جو آپ نے میرے لیے تقسیم کردی ہے۔

            ”اللہم اجعل خیر عمری آخرہ، وخیر عملی خواتیمہ، وخیر أیامي یوم ألقاک فیہ“۔

            اے اللہ! میری عمر کا آخری حصہ بہترین بنادیجیے اور میرے آخری اعمال کو بہترین اعمال اور وہ دن سب سے بہترین دن بنادیجیے، جس دن میںآ پ سے ملوں۔

            ”ربنا افرغ علینا صبرا وتوفنا مسلمین“۔

            اے ہمارے پرودگار! ہم پر صبر ڈال دیجیے اور ہمیں مسلمان بنا کر موت دینا۔

            فاطر السموات والارض انت ولیی فی الدنیا والآخرة توفنی مسلما والحقنی بالصالحین۔

            اے آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے والے! آپ ہی میرے دنیا اور آخرت میں رفیق ہیں، مجھے اسلام کی حالت میں اٹھانا اور مجھے نیک لوگوں کے ساتھ شامل فرمانا۔

            ”ربنا لاتزغ قلوبنا بعد اذ ہدیتنا وہب لنا من لدنک رحمة انک انت الوہاب“۔

            اے ہمارے پرودگار! ہمیں ہدایت دینے کے بعد، ہمارے دل کو نہ پھیرنا اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، بے شک آپ بہت ہی دینے والے ہیں۔

            ”اللہم لاتنزع منا صالح ما اعطیتنا، ولاتفتنّاما اکرمتنا بہ۔“

            اے اللہ!ہم سے نہ چھین لینا وہ اچھی چیزجو آپ نے ہمیں عطا کی اور ایسی چیز کی وجہ سے ہمیں فتنے میں مبتلا نہ کرنا، جس کے ساتھ آپ نے ہمیں عزت بخشی۔

            ”اللہم انی اعوذ بک من الشک فی الحق بعد الیقین“۔

 اے اللہ! میں آپ کی اس بات سے پناہ مانگتا ہوں کہ حق بات کا یقین ہوجانے کے بعد اس میں شک کروں۔

            اللہم انی اسئلک ایمانا لایرتد، ونعیما لاینفد، ومرافقة نبینا محمد صلی اللہ علیہ وسلم فی اعلٰی درجة الجنة جنة الخلد۔

 اے اللہ! میں آپ سے ایسے ایمان کا سوال کرتا ہوں، جو نہ پھرے۔ اور نعمتوں کا سوال کرتا ہوں جو ختم نہ ہوں۔ اور اپنے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت کا سوال کرتا ہوں، جنت کے اعلی ترین مقام یعنی جنت الخلد میں۔