عبد المتین اشاعتی کانڑگاؤں
ہمیں وہ وقت اچھی طرح یاد ہے جب ہم عصر کی نماز پڑھ کر مطبخ کا رخ کرتے، اور کھانے سے فراغت کے بعد مدرسہ کی مرکزی عمارت کے تحتانی حصہ (جہاں فی الحال دار المطالعہ ہے) کے پاس جمع ہوجاتے، وہاں ایک استاذ دیوار پر بیٹھ کر بذریعہ ڈاک آنے والے خطوط ولفافوں پر مندرج ناموں کو پڑھتے، جب ہمارا نام آتا، یا اپنے گاؤں کے ساتھیوں میں سے جس کسی کا نام آتا، تو مارے خوشی کے جھوم جاتے، اُچھل کر وہ خط لیتے، اور پہلی فرصت میں از اول تا آخر اُسے پڑھ لیتے، یا جس ساتھی کا ہوتا، اس کے حوالہ کردیتے۔
جب جمعہ کے دن کوئی ساتھی بازار جاتا، یا خود جانا ہوتا، تو دیگر ضروری اشیاء کے ساتھ پوسٹ کارڈ یا انتردیسی لفافہ خریدنا لازم ہوتا تھا، مہینہ بھر میں آٹھ دس خطوط روانہ کردیا کرتے تھے، کبھی والدین محترمین کے نام، کبھی بہن باجی کے نام، کبھی بھائی صاحب کے نام اور کبھی دوست واحباب کے نام۔ بہر حال خطوط کے ارسال واستقبال کا یہ سلسلہ اخیر سال تک جاری رہتا۔
اور وہ وقت بھی یاد ہے کہ جب فضلِ خداوندی سے حفظِ قرآنِ کریم مکمل ہوا، تو والد محترم کو اطلاع دینے کے لیے ’’تلودہ‘‘ (اکل کوا سے قریب ایک تحصیل وشہر ہے)جاکر ٹیلی فون کرنا پڑا کہ فلاں تاریخ کو مجلس ختم قرآن طے ہے، لہٰذا آں بزرگوار اس مبارک محفل میں ضرور بالضرور شرکت فرمائیں۔
الغرض! بتانا مقصد یہ ہے کہ اب دوریاں سمٹ گئیں، عالم گیریت وگلوبلائزیشن کا دور آگیا، دنیا گھر آنگن بن گئی، موجودہ دور اینڈرائڈ اور ڈیجیٹل دور ہے، نت نئی ایجادات دن بدن سامنے آرہی ہیں، اللہ پاک نے حضرت انسان کو جو اشرف المخلوقات ہے؛ ایسی ایسی صنعتوں کے اختراع وایجاد کی توفیق بخشی کہ دماغ کام نہیںکرتا، کچھ صدیوں پہلے تک انسان ان سب تکنیکی چیزوں کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتاتھا۔
یہ ایجادات واختراعات بھی انسان کے لیے بہت بڑی نعمت ہے، بشرطیکہ اس کا استعمال صحیح مصرف میں کیا جائے، اور اگر اس کا استعمال غیر مصرف میں اور بے محل وبے جا ہوتو زحمت ہے۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے: {وان تعدوا نعمۃ اللّٰہ لا تحصوہا}- ’’اگر تم اللہ پاک کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہو، تو نہیں کرسکتے۔‘‘ (سورۃ النحل: ۱۸) چنانچہ ان ایجادات واختراعات میں ’’انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پر موجود قرآنی اپلی کیشنز‘‘ سے متعلق لف ونشر غیر مرتب طور پر کچھ باتیں عرض کی جاتی ہیں، ملاحظہ فرمائیں!
انٹرنیٹ کے استعمال کا حکم: انٹرنیٹ ایک ایسا جدید مواصلاتی نظام ہے، جس کے ذریعے دنیا ایک چھوٹی سی آبادی کی شکل میں تبدیل ہوگئی ہے ،انسان گھر بیٹھے دنیا کے چپے چپے اور مختلف الاجناس افراد کی سیر کرتا ہے ، انٹرنیٹ کے ذریعے انسان دین واسلام کو گھر بیٹھے دنیا کے ہر طبقے میں متعارف کراسکتا ہے ،اور پور ے عالم کو اللہ تعالیٰ کی قدرتوں میں غور کرنے، توحید ورسالت اور آخرت کی دعوت دینے میں استعمال کرسکتا ہے، اسی طرح تعصب وعناد، اختلاف وانتشار اور بد اخلاقی وغیرہ کی بھی انٹرنیٹ کے ذریعہ دعوت د ی جاسکتی ہے ، جس سے افرادِ انسانی میں اختلاف وانتشار کی فضا آخری حد تک عام کی جا سکتی ہے۔
اگرانٹرنیٹ کا استعمال پہلے مقصد کے لیے ہے، تو اس کا استعمال جائز ہے، اور اگر دوسرے مقصد کے لیے ہے، تو اس کا استعمال ناجائز اور حرام ہے۔ (المسائل المہمۃ:۱/۱۷۹)
ڈیجیٹل اپلی کیشنز کا استعمال: اس اینڈرائڈ اور ڈیجیٹل دور میں جہاں موبائل/ سیل فون وغیرہ الیکٹرانک اشیاء کا بکثرت استعمال ہورہا ہے، وہیں ان میں موجود ایپلی کیشنز کا بھی استعمال ہورہا ہے، ہمارے لیے خاص کر دینی واسلامی اپلی کیشنز زیادہ اہمیت کی حامل ہیں، کیوں کہ پڑھا لکھا طبقہ خصوصاً علما وطلبہ دینی واسلامی اور قرآنی اپلی کیشنز کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، لیکن پریشانی یہ ہے کہ دین واسلام اور قرآن کے نام پر بہت سی اپلی کیشنز وجود میں آچکی ہیں، ان میں سے بعض وہ ہیں جو باطل فرقوں کی طرف سے بنائی گئی ہیں، جن سے اسلامی بنیادی عقائد پر زد پڑتی ہے، ہر کس وناکس ان میں امتیاز نہیں کرپاتا، اس لیے بہت احتیاط کے ساتھ، کسی مستند ومعتبر عالمِ دین ومفتی سے پوچھ کر،اور اس اپلی کیشن کے موجد وبانی یا ادارہ کی کارکردگی اور تفصیلات کے متعلق مکمل اطمینان کے بعد، ان دینی واسلامی اور قرآنی اپلی کیشنزکو استعمال کرنا چاہیے؛کیوں کہ دسمبر ۲۰۱۶ء میں ’’روزنامہ امت کراچی‘‘ میں ایک اہم خبر چھپی تھی جس میں ڈیجیٹل میڈیا پر قرآن میں بڑی غلطیوں کا انکشاف کیا گیا تھا، اور مسلمانوں کو تنبیہ کی گئی تھی، مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس روزنامہ کی خبر من وعن یہاں نقل کردی جائے، جس کو ’’دین اسلام ویب سائٹ‘‘ نے جلی عنوان کے ساتھ اپنے ہوم پیج پر رکھا ہوا ہے:
ڈیجیٹل میڈیا پر قرآن میں بڑی غلطیوں کا انکشاف:(مسلمان احتیاط کریں!)
’’استنبول (امت نیوز) عالمِ اسلامی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ قرآن اپلی کیشنز پر بھروسہ نہ کیا جائے، کیوں کہ بہت سی ایپس میں غلطیاں پائی گئی ہیں، تمام قرآن پڑھنے والے قرآنی نسخے پر تلاوت کریں، ضرورت پڑنے پر بھی صرف مستند ایپ ہی تلاوت کے لیے استعمال کی جائے۔
ترک میڈیا کے مطابق قرآن پاک کے حفاظ کی عالمی تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں قرآنی اپلی کیشنز سے متعلق خبردار کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پر ایپل اسٹور اور گوگل پلے میں فری قرآن ایپس کی شکایات موصول ہوئی ہیں، ان قرآن ایپس میں بہت سے حروف غائب ہیں، اس کے علاوہ آیات اور وقف کی بھی غلطیاں ہیں، عالمی تنظیم کے مطابق ایسی ایپس پر کئی صفحات بھی مٹے ہوئے پائے گئے ہیں۔…ذرائع کے مطابق اسلام دشمن طاقتیں سازش کے تحت بھی ڈیجیٹل میڈیا پر قرآن کے ایسے نسخے اَپ لوڈ کررہی ہیں۔
حفاظ کی تنظیم نے تمام مسلمانوں کو قرآن ایپس کے معاملے میں صرف مستند ذرائع ہی استعمال کرنے کا کہا ہے، … ساتھ ہی کمپیوٹر یا اسمارٹ فونز پر ایسی قرآن ایپ کے بارے میں احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کی حفاظت کا جو ذمہ لیا ہے اور قرآن کی ایک آیت میں اس کا ذکر بھی ہے۔ …کتابی شکل میں موجود قرآنِ مجید کو حرفاً حرفاً پڑھا جاتا ہے، اور پھر تصدیق نامہ بھی دیا جاتا ہے کہ اس مذکورہ قرآن کو پڑھا گیا، اور اس میں کوئی غلطی نہیں، اور اگر کسی صورت کوئی غلطی ہو بھی جائے، تو اسے کمپنی میںواپس منگوالیا جاتا ہے۔ ‘‘ (بشکریہ: دین اسلام ویب سائٹ، بحوالہ:روزنامہ امت کراچی؛ بروز پیر،۵؍ دسمبر ۲۰۱۶ء)
چند مشہور قرآنی اپلی کیشنز
تنبیہ: مندرجہ ذیل قرآنی اپلی کیشنز میں سے ڈیجیٹل قرآن، پین قرآن ، قرآن ۳۶۰،قرآن ریڈ پین کے فاؤنڈرس کے بارے میں مکمل واطمینان بخش جان کاری کے بعد ہی استعمال کریں!نیز الباحث القرآنی اور المکتبۃ الشاملۃ میں آیتِ کریمہ یا حدیثِ پاک سرچ کرلینے کے بعد اصل قرآنی نسخے یا کتبِ حدیث سے مراجعت ضرور کریں، اس کے بعد ہی آگے شیئر کریں، یا بیان کریں، بہر حال احتیاط ازیں ہر ہمہ اولیٰ است۔نیز اس میں آن لائن تمام قرآنی اپلی کیشنز کو بیان نہیں کیا گیا، بلکہ مشہور وزیادہ استعمال ہونے والی اپلی کیشنز کو ہی بیان کیا گیا ہے، البتہ دینیات قرآن ،ریاض القرآن اینڈرائڈ اپلی کیشن ، قرآن لائبریری آن لائن ایپس، بیسٹ اردو بُکس اور مکتبہ جبریل بالکل قابلِ اعتماد ہیں۔
ڈیجیٹل قرآن پین /Smart e-Quran Teacher:
ڈیجیٹل قرآن نہ صرف ایک بال پین کی طرح کام کرتا ہے، بلکہ اس پین میں مکمل قرآن شریف آواز کی شکل میں سمود یا گیا ہے، جسے آپ ہیڈفون کی مدد سے سن سکتے ہیں، ایک عام آڈیو ڈیوائس کی طرح اس میں پلے، ریپیٹ، اور اسٹوپ کا آپشن بھی موجود ہے۔
پین قرآن میں مندرجہ ذیل سہولیات میسر ہیں:
(۱) ۱۸؍ محترم قاری صاحبان کی تلاوت۔ (۲) ۲۵؍ زبانوں میں ترجمۂ قرآن۔ (۳) نام ور اسکالرز کی آواز میں تفسیر قرآن۔ (۴) آواز (Voice) کو 1تا 7درجات تک کم یا زیادہ کرنا۔ (۵) مقدس کتابچے (بخاری شریف، نورانی قاعدہ، حج وعمرہ گائیڈ، حصن المسلم)۔ (۶) آواز کی ریکارڈنگ۔ (۷) ٹاکنگ ڈکشنری۔ (۸) 4GB/8GBپین میموری۔
ڈیجیٹل قرآن(GPRS):
اس اپلی کیشن میں بھی مندرجہ ذیل سہولیات میسر ہیں:
(۱) مکمل قرآن پاک ۷؍ قاریوں کی تلاوت کے ساتھ۔ (۲)قرآن کا ترجمہ ۲۹؍زبانوں میں۔ (۳) اوقاتِ نماز ، اذان، الارم اور قبلہ رخ کا تعین۔ (۴) زکوۃ کلکولیٹر، تسبیح، حج گائیڈ۔ (۵)۳۸؍ خطاطی کے انداز اور سائز۔ (۶) نماز کے اوقات پر از خود خاموشی (Auto Silent)۔ (۷) ۳۰؍ سے زائد اسلامک کتب (تفسیر، احادیث اور دعائیں وغیرہ) ۔
موبائل قرآن(GPRS):
مندرجہ بالا آپشنزا س اپلی کیشن میں بھی موجود ہیں۔ (منقول از فیملی میگزین)
(مذکورہ بالا اپلی کیشنز کو ان کے فاؤنڈرس یعنی بانی وموجد کے بارے میں مکمل معلومات کے بعد ہی استعمال کیا جائے)
پین قرآن/PenQuran:
پین قرآن ’’اقرأ ٹیکنالوجی کمپنی‘‘ کی طرف سے بنایا گیا ہے،اس اپلی کیشن میں بھی مذکورہ فوائدوسہولیات ہیں، اور اس کمپنی کی شاخیں بمبئی اور اورنگ آباد مہاراشٹر میں بھی ہیں، اورنگ آباد کی شاخ کا اِی میل اور فون نمبر یہ ہے:
hraurangabad@iqratechnology.com
Phone: 0240-2300002
قرآن ریڈ پین: من جانب تحریک ’’منہاج القرآن‘‘ ترجمہ ’’عرفان القرآن‘‘ ا ب ’’قرآن ریڈ پین /Quran Red Pen ‘‘ کی جدید ڈیجیٹل صورت میں۔
( مذکورہ تحریک اور ترجمہ ’’عرفان القرآن‘‘ دانش ور ومشکوک شخصیت ’’طاہر القادری‘‘ کی تالیف ہے، اس لیے اس ڈیجیٹل ایپ کے استعمال سے احتیاط ہی بہتر ہے، پتہ نہیں کہاں کیا گل کھلائے ہیں!)
قرآن ۳۶۰/QURAN 360:
عثمان پرویز نامی شخص نے اس اپلی کیشن میں بلاامتیاز تمام مسالک کی تفاسیر کو بہت اچھے انداز میں پیش کیا ہے، جن سے استفادہ میں سہولت ہوتی ہے۔(لیکن اس ایپ کو استعمال کرتے وقت بھی احتیاط برتا جائے)
مسلم پرو اپلی کیشن/MuslimPro:
اس اپلی کیشن میں پریمیم ورژن، اوقاتِ نماز، قرآن، قبلہ، کمیونٹی، ۹۹؍نام، پیغامات، دعائیں، مساجد، اسلامی کیلنڈر، حلال مقامات، شہادت، زکوۃ، مکہ لائیو، مقبول آیات، تسبیح وغیرہ ایپس موجود ہیں، اور قرآن اپلی کیشن بہت ہی جاندار وشاندار ہے، جس میں تجوید کے ساتھ ساتھ منختب سورتوں کو محفوظ کرنے، جہاں سے تلاوت ترک کی گئی وہیں سے دو بارہ آپشن کھلنے، اور کوئی پسندیدہ آیتِ کریمہ منتخب کرنے جیسے آپشنس موجود ہیں، نیز ہر آیت کے ساتھ ترجمہ اور سوشل میڈیا پر بھیجنے کی سہولت بھی میسر ہے۔
اس اپلی کیشن کو لوڈ کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ویب سائٹ کی وِزٹ کیجیے:
www.muslimpro.com
قرآن پریکٹس/Quran Prectice:
یہ اپلی کیشن نورانی قاعدہ کے ہوم ورک یعنی گھر کام کے لیے بہت بڑھیا ہے، جب بچے مدرسہ ومکتب سے گھر آجائیں، اور اہلِ خانہ مشغول ہوں، بچوں کو مکمل وقت نہ دے پاتے ہوں، تو تھوڑی دیر انہیں بٹھاکر قرآن پریکٹس والا پین انہیں دے دیجئے، اس کے چلانے کا طریقہ بتادیں، اور جوتختی کا سبق استاد نے دیا بچہ اس پر پین رکھے، تو وہ تجوید کے ساتھ حرفوں یاکلموں کو ادا کرتا ہے، بچہ بھی اس کے ساتھ دہراتا رہے، اس طرح اگلے دن کا سبق بھی یاد ہوجائے گا، اور گھر کام بھی پورا ہوگا۔اس کی لنک یہ ہے:
QuranPrectice@home with TajweedPen (Nurani Qaida)
الباحث القرآنی:
اس اپلی کیشن میں یہ سہولت ہے کہ قرآن کریم کی جو آیت لکھی جائے، یا آیت کا کوئی حصہ لکھا جائے، تو وہ سامنے آجاتا ہے، مکتبہ شاملہ کی طرح ہے کہ کون سی آیت کتنی مرتبہ؟ کہاں کہاں اور کس پارے ورکوع میں ہے، پتہ چل جاتا ہے۔
اس اپلی کیشن میں مطلوبہ آیت کھولنے کے بعد مندرجہ ذیل اختیارات ظاہر ہوتے ہیں:
(۱) مطلوبہ آیت کی تفسیر۔۴۰؍ کتب تفاسیر میں سے کسی بھی کتاب میں تفسیر دیکھی جاسکتی ہے۔
(۲) علوم القرآن ۔ جس میں غریب الفاظ ومعانی۔ اعراب ولغت۔ قراء ات۔ اسباب النزول۔ اور احکام کے آپشن سامنے آتے ہیں، ان میں سے جو دیکھنا ہو اس پر کلک کریں، تو مطلوبہ تفصیل مل جاتی ہے۔
(۳) مصاحف۔ ۳۰؍ مصاحف ونسخے اس آپشن میں کھلتے ہیں۔جس سے چاہے استفادہ کریں۔
(۴)معاجم۔ ۹؍ کتب اس میں موجود ہیں۔(اسی طرز پر ’’الباحث الحدیثی ‘‘ اپلی کیشن بھی ہے، البتہ ان دونوں اپلی کیشنز کے لیے آن لائن ہونا ضروری ہے)۔
المکتبۃ الشاملۃ:
مکتبہ شاملہ آف لائن اور مجاناً چلتا ہے، کمپیوٹر اور اینڈرائڈ دونوں پر دستیاب ہے، اس مکتبہ میںایک آپشن ’’بحث فی القرآن الکریم ‘‘ کا ہے، جس میں قرآن کی جونسی آیت بھی ڈالو ، وہ کھل جاتی ہے، اور ۲۴؍ کتب تفاسیر میں مطلوبہ آیت کی تفسیر وغیرہ دیکھی جاسکتی ہے۔
اسی طرح کتاب کے مصنف کی معلومات، سن ولادت ووفات، سن طبع اور ناشروغیرہ سب کے بار ے میں اندراج ہوتا ہے۔
نیز پورے قرآن پاک میں کون سا لفظ کتنی مرتبہ، کس کس پارے اور کس سورۃ میں آیاہے سب معلوم ہوجاتا ہے۔
اس مکتبہ کو لوڈ کرنے کے لیے یہ لنک ہے:
http://www.shamela.ws
تنبیہ:
تحریر میں مذکور اپلی کیشنز کے علاوہ پچاسوں قرآنی اپلی کیشنز ہیں، لیکن یہ چوں کہ زیادہ مشہور ومستعمل تھے، اس لیے ان کو لکھا گیا، دو بارہ عرض کیا جاتا ہے کہ ان اپلی کیشنز کو استعمال کرنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے ان کے بانی وفاؤنڈرز کے بارے میں معلومات حاصل کرلیا کریں۔
نیز راقم السطور کے اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر یہ کہہ دینا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ فطری طور پربراہِ راست اصل کتاب یا قرآنِ کریم، ترجمہ وتفسیر سے پڑھنا، مطالعہ کرناہی زیادہ مفید ودیرپا ہوتا ہے، موبائل، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر پڑھی گئی کتابیں اور تحریریں دماغ سے جلد محو ہوجاتی ہیں، اس لیے طلبہ وعلما سے گزارش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اصل نسخوں کا ہی استعمال کریں، اور بدرجہ مجبوری مثلاً: سفر میںیا کسی ایسی جگہ پر ہوں جہاں قرآنی نسخہ موجود نہ ہو، یا مطلوبہ کتاب نہ مل سکے، تو پھر ڈیجیٹل اپلی کیشنز اور ٹیبلیٹ وکمپیوٹر وغیرہ کا استعمال کریں، ورنہ نہیں!
قرآن لائبریری آن لائن ایپس:
اردو زبان میں قرآنِ کریم کی معتبر تفاسیر اور تراجم کے آن لائن اینڈرائڈ ایپس پیش خدمت ہیں، ان ایپس میں تقریبا ۲۳؍ کتب تفاسیر،اور ۳؍ تراجم موجود ہیں، جن کی فہرست مندرجہ ذیل ہے:
کتب تفاسیر :
(۱) تفسیر عثمانی…(شیخ الاسلام حضرت مولانا شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ)
(۲) تفسیر معارف القرآن … (حضرت مولانا مفتی شفیع صاحب رحمہ اللہ)
(۳) تفسیر بیان القرآن … (حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ)
(۴) تفسیر ماجدی … (حضرت مولانا عبد الماجد دریاآبادی صاحب رحمہ اللہ)
(۵) معارف القرآن … (حضرت مولانا محمد ادریس صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ)
(۶) تفسیر مظہری مترجم …(حضرت مولانا قاضی ثناء اللہ صاحب رحمہ اللہ)
(۷) توضیح القرآن / آسان ترجمۂ قرآن … (حضرت مولانا مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم)
(۸) تفسیر ذخیرۃ الجنان … (حضرت مولانا سرفراز خان صفدر صاحب رحمہ اللہ)
(۹) تفسیر در منثور اردو … (امام جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ)
(۱۰) تفسیر انوار البیان … (حضرت مولانا عاشق الٰہی صاحب بلند شہری رحمہ اللہ)
(۱۱) تفسیر حقانی … (حضرت مولانا عبد الحق حقانی محدث دہلوی رحمہ اللہ)
(۱۲) تفسیر ابن کثیر اردو … (علامہ عماد الدین ابن کثیر رحمہ اللہ)
(۱۳) تفسیر اشرف التفاسیر … (حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم)
(۱۴) تفسیر ابن عباس اردو … (پروفیسر محمد سعید احمد عاطف صاحب)
(۱۵) تفسیر جمالین [بر جلالین]… (امام جلال الدین عبد الرحمن بن ابی بکر سیوطی رحمہ اللہ)
(۱۶) تفسیر مدارک اردو … (حضرت مولانا شمس الدین صاحب)
(۱۷)تفسیر قرطبی اردو … (جناب پیر کرم شاہ صاحب)
(۱۸) تفسیر احکام القرآن اردو … (امام جصاص احمد بن علی رازی جصاص حنفی)
(۱۹) تفسیر اسرار التنزیل … (حضرت مولانا محمد اکرم اعوان صاحب)
(۲۰) تفسیر معالم العرفان … (حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی صاحب)
(۲۱) تفسیر نکات القرآن … (حضرت مولانا عبد الرحمن اشرفی صاحب)
(۲۲) مفردات القرآن …(امام راغب اصفہانی رحمہ اللہ…مترجم ومحشی: محمد عبدہ فیروز پوری صاحب)
(۲۳) تفسیر فوائد القرآن … (حضرت مولانا عبد القیوم مہاجر مدنی صاحب)
تراجم : (۱) فتح محمد جالندھری۔ (۲) شاہ عبد القادر۔ (۳) مولانا احمد علی لاہوری۔
مذکورہ کتب تفاسیر وتراجم کے اپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس لنک کا استعمال کریں:
http://play.google.com/store/apps/details?id=com.raqeemweb.quran
القرآن الکریم/منجانب ادارہ دیینات:
ادارہ دینیات بمبئی نے 15لائن حافظی قرآن کریم کا اینڈرائڈ اپلی کیشن تیار کیا ہے، اس کے الفاظ بڑی سائز کے اور انتہائی صاف ستھرے انداز میں ہیں،اور اس نسخے کی خاص بات یہ ہے کہ جیسے ہی اس اپلی کیشن کو اوپن کیا جاتا ہے، تو اسکرین پر یہ تنبیہ کی جاتی ہے کہ:
’’کیا آپ کا وضو ہے؟
ہاں! نہیں!
Do You have Wadhu?
Yes! No!
اگر وضو ہے تو ہاں (Yes)پر کلک کرنا ہوتا ہے، اور اگر وضو نہیں ہے، تو نہیں (No)پر کلک کرنا ہوتا ہے۔
اور ساتھ ہی یہ نوٹ بھی مندرج ہے:
’’ادارے نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ قرآن کریم کے اس اپلی کیشن میں کسی بھی قسم کی کوئی غلطی نہ رہنے پائے، اس لیے اپلی کیشن بنانے سے پہلے اور بعد میں مکمل قرآن کریم کی بار بار کئی علمائے کرام وحفاظ سے پروف ریڈنگ کرائی گئی ہے، پھر بھی آپ سے درخواست ہے کہ اگر تلاوت کے دوران کسی قسم کی غلطی نظر آئے، یا کوئی مشورہ ہو، تو برائے مہربانی نیچے دیئے ہوئے فون نمبر یا ای میل پر رابطہ کرکے بتادیں، تاکہ اسے صحیح کرکے اَپ ڈیٹ کردیا جائے۔‘‘
Add: Idara-e-Deeniyat, 249 Bilasis Road, Mumbai Central,
Mumbai – 400 008
Tel : +91 2223051111
Email.: info@deeniyat.com
ترجمہ ریاض القرآن اینڈرائڈ اپلی کیشن:
حضرت مولانا محمد یونس صاحب پالن پوری دامت برکاتہ کا ترجمہ قرآن بنام ’’ریاض القرآن‘‘ کا سات سطری اینڈرائڈ اپلی کیشن گوگل پلے اسٹور پر موجود ہے، جس میں قرآنی متن اور ترجمہ کے حروف کو بڑی جسامت میںلکھا گیا ہے، تاکہ کمزور نظروالے حضرات بھی آسانی سے پڑھ سکیں، مزید یہ کہ ہر سورت کو الگ الگ رسم الخط کے بسم اللہ مزین کیا گیا ہے، نیچے دی گئی لنک سے ریاض القرآن کا سات سطری اینڈرائڈ اپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کریں:
hhttp://play.google.com/store/apps/details?id=com.app.riyazulquran7line
بیسٹ اُردو بُکس/BestUrduBooksپر قرآن کریم کے مختلف نسخے:
اس ویب سائٹ پر تقریباً ۱۵؍ قرآنی نسخے اَپ لوڈ کیے گئے ہیں، ۵/۵/۲۰۱۷ء تک:
(۱) القرآن الکریم …قدرت اللہ کمپنی…15لائن
(۲) القرآن الکریم مع تشریح المتشابہات…15لائن
(۳) القرآن الکریم …قدرت اللہ کمپنی…15لائن تجویدی
(۴) قرآن مجید…حماد کمپنی… 16سطری تجویدی
(۵) القرآن الکریم … تاج کمپنی… 17لائن
(۶) القرآن الکریم … تاج کمپنی…18لائن
(۷) القرآن الکریم … تاج کمپنی… 21لائن… GABA SONS
(۸) القرآن الحکیم… پاک کمپنی… 21لائن
(۹) القرآن المجید… قدرت اللہ کمپنی… 13لائن
(۱۰) القرآن الکریم… پاک کمپنی … 13لائن
(۱۱) القرآن الکریم … اردو انگلش… M Ashiqeen&com…13لائن
(۱۲) القرآن الکریم …پاک کمپنی… 11لائن
(۱۳) القرآن الکریم … پاک کمپنی … 10لائن
(۱۴) القرآن الحکیم… GABA SONS…9لائن
(۱۵) القرآن الکریم … تاج کمپنی… 16لائن
یہ سب نسخے لوڈ کرنے کے لیے بیسٹ اردو بک کی لنک Besturdubooksسرچ کریں۔
بیسٹ اردو بکس پر جو نئی نئی کتابیں اَپ لوڈ ہوتی ہیں، ان کی معلومات رکھنے کے لیے اس کے ٹیلی گرام چینل کی لنک پر جاکر ’’ٹیلی گرام چینل‘‘ جوائن کریں، اس کی لنک یہ ہے:
http://t.me/besturdubooks
ڈیجیٹل دنیا میں ایک انقلابی قدم’’مکتبہ جبریل‘‘ :
علمی حلقوں بالخصوص مفتیانِ کرام اور محققین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور ان کے لیے یہ بات نہایت خوشی کا باعث ہوئی کہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کے بعد اب ’’اینڈرائڈ‘‘ موبائلز کے لیے بھی مکتبہ جبریل کی اپلی کیشن کو باقاعدہ ریلیز کردیا گیا ہے، جسے پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، موبائل میں دینی کتب سے فائدہ اٹھانے کا جو خواب تھا اس اپلی کیشن نے اس کوشرمندۂ تعبیر کردیا ہے، کئی ہزار دینی کتب [یونیکوڈ اور پی ڈی ایف) سے فائدہ اٹھانا بالکل آسان ہوچکا ہے، اس ایپلی کیشن کا تمام ڈیٹا نیٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، اور مخصوص افراد سے بائے ہینڈ بھی فری میں مل سکتا ہے، نیز ڈیٹا موبائل میموری یا کارڈ میں سے جس میں چاہیں رکھ سکتے ہیں، البتہ اس اپلی کیشن کے لیے موبائل کے اینڈرائڈ سسٹم کا ورژن کم از کم پانچ[5] ہونا ضروری ہے۔
مکتبہ جبریل وعلم دین /Maktabajibreel&elmedeen:
مکتبہ جبریل وعلم دین ٹیم کا بنیادی مقصد اردو دینی کتب کو ڈیجیٹائز کرنا ہے، اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق سہولتِ تحقیق وتلاش فراہم کرنا ہے۔جس میں ونڈوز مکتبہ کی طرح تفسیر، حدیث، فقہ، فتاویٰ، درس نظامی، تاریخ اسلامی ودیگر علوم وفنون کی متعلقہ کتابیں موجود ہیں، اور الحمد للہ ان تمام علوم کی کتابوں کا نہ صرف مطالعہ ممکن ہے، بلکہ مکتبہ ان تمام کتابوںمیں تلاش کی سہولت سے بھی مزین ہے۔
تمام کتابوں کے حقوق مؤلفین وناشرین کے حق میں محفوظ ہیں، اگر کوئی غلطی پائیں، تو متعلقہ ناشر ومؤلف سے رجوع فرمائیں، مکتبہ جبریل کی ٹیم کا مقصد صرف سہولتِ تحقیق وتلاش بہم پہونچانا ہے، مکتبہ جبریل کا کسی قسم کے مالی فائدے کے لیے استعمال ممنوع ہے۔ جزاکم اللہ تعالیٰ خیراً!
مکتبہ جبریل کی قرآنی خدمات:
مکتبہ جبریل اپلی کیشن پر اب تک مندرجہ ذیل فنون سے متعلق کتابیں اَپ لوڈ کی گئیں :
قرآن مجید ، اردو کی تمام دستیاب تفاسیر، حدیث، اردو کے تمام اہم فتاویٰ، فقہ واصولِ فقہ، درسِ نظامی کے متون وشروحات، سیرت، لغات، تاریخ وجغرافیہ، اصلاحی کتب (جس میں سینکڑوں خطبات وملفوظات کی کتب)، رسائل وجرائد، مجلدات واخبارات، عقائد وعلم کلام، ختم نبوت، دعائیں وظائف وعملیات، زبان وادب اور فنونِ عصریہ کی کتب کے علاوہ عربی کی اہم کتب پر مشتمل قریب از پانچ ہزار (۵۰۰۰) کتب موجود ہیں، جن میں مکمل یونیکوڈ کتب کی تعداد چوبیس سو (۲۴۰۰) ہے، جب کہ باقی کتب پی ڈی ایف (ان میں سے کچھ کی فہرست ٹائپ شدہ ہے، کچھ کے ساتھ عربی متن بھی موجود ہے، اور کچھ صرف پی ڈی ایف) ہیں۔
قرآنی نسخے : (۱)قرآن مجید ۱۵؍ لائن،تجویدی، قدرت اللہ کمپنی۔ (۲)قرآن مجید ۱۶؍ لائن تجویدی رنگین، حماد کمپنی۔ (۳)قرآن مجید ۱۸؍ لائن ، تاج کمپنی۔ (۴)قرآن مجید ۱۶؍ لائن عکسی تاج کمپنی۔ (۵)قرآن مجید ۱۵؍ لائن، قدرت اللہ کمپنی۔
تراجم : (۱) ترجمہ قرآن کریم سندھی ۔ (۲) ترجمہ قرآن کریم فتح محمد جالندھری۔ (۳) ترجمہ قرآن کریم احمد علی لاہوری۔ (۴) ترجمہ قرآن کریم انگریزی محمد علی۔ (۵) ترجمہ قرآن کریم شاہ عبد القادر۔ (۶) ترجمہ قرآن کریم انگریزی دریابادی۔ (۷) ترجمہ قرآن کریم انگریزی پکتھل/Pickthall۔(۸) ترجمہ قرآن کریم لفظی نذر احمد۔(۹) ترجمہ قرآن کریم انگریزی مفتی تقی عثمانی۔(۱۰)فائق البیان فی معانی کلمات القرآن۔
تفاسیر : (۱)احسن البیان فی تفسیر القرآن۔(۲)اشرف التفاسیر۔(۳)تفسیر ابن کثیر مترجم اردو۔ (۴)تفسیر حقانی۔(۵)تفسیر عثمانی۔(۶)تفسیر معالم العرفان۔(۷) معارف القرآن مفتی شفیع۔(۸)معارف القرآن کاندھلوی۔(۹)کمالین شرح اردو جلالین۔(۱۰) آثار التنزیل۔(۱۱)تفسیر ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔ (۱۲)تفسر جواہر القرآن جلد ۱،۲،۳۔(۱۳)تفسیر فہم قرآن بیان واختصار تفسیر بیان القرآن۔(۱۴)تفسیر مدارک مترجم اردو۔(۱۵)تفسیر مظہری۔(۱۶)جمالین شرح جلالین۔(۱۷)درس قرآن۔ (۱۸)گلدستۂ تفاسیر۔ (۱۹) توضیح القرآن/آسان ترجمہ قرآن تشریحات کے ساتھ۔(۲۰)تفسیر معارف القرآن انگریزی۔(۲۱)تفسیر انوار البیان۔(۲۲)تفسیر آسان قرآن۔(۲۳)ترجمہ وتفسیر قرطبی۔(۲۴)تفسیر نکات القرآن۔ (۲۵)مفردات القرآن۔(۲۶)تفسیر محمود۔(۲۷)مختصر تفسیر عتیق۔(۲۸)تفسیر سراج البیان۔ (۲۹) تفسیرات احمدیہ۔(۳۰)تفسیر بغوی مترجم اردو۔(۳۱)تفسیر اسرار التنزیل۔
علوم القرآن وفضائل قرآن :
(۱)موضوعاتی درس قرآن۔(۲)قرآنی عربی سیکھیے؛ آسان اور تیز رفتار طریقے سے۔ (۳)روح القرآن۔ (۴)فوائد القرآن۔ (۵)قصص القرآن۔ (۶)آیاتِ متعارضہ اور ان کا حل۔(۷)فضائل حفظ القرآن۔ (۸)خلاصۃ القرآن۔(۹)علوم القرآن۔(۱۰)قرآنی صفوۃ المصادر۔(۱۱)تحفۂ تراویح۔(۱۲)تحفہ حفاظ یعنی آسان اور مشہور آیاتِ متشابہات۔(۱۳)تجوید القرآن۔(۱۴)آپ نورانی قاعدہ کیسے پڑھیں اور پڑھائیں؟ (۱۵)سائنس اور قرآن۔(۱۶)پڑھتا جا اور چڑھتا جا۔ (۱۷)قرآنی کوئز۔(۱۸)ترجمہ منتخب آیاتِ قرآنی۔ (۱۹)اعجازِ قرآن کے حیرت انگیز نمونے۔(۲۰)تلخیص علوم القرآن۔ (۲۱)جمال القرآن مع حاشیہ زینۃ القرآن۔(۲۲)تلخیص الفاظ القرآن۔(۲۳)تعلیم القرآن۔
مکتبہ جبریل کی خصوصیات:مکتبہ جبریل کے ذریعے نہ صرف کتابوں کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے، بلکہ ان میں تلاش کی سہولت بھی موجود ہے، اور اگر یہ کہا جائے کہ مکتبہ جبریل اردو کا مکتبہ شاملہ ہے، تو یہ غلط نہیں ہوگا، بلکہ بعض خصوصیات اس سے بھی زائد ہیں، مکتبہ جبریل نے دارالافتاؤں میں ایسی جگہ بنائی کہ پاک وہند کا شاید ہی کوئی بڑا دار الافتاء اس سے خالی ہوگا، ایک طرف اس نے مسائل کی تلاش وجستجواو ردقیق مسائل کی تحقیق کو بہت ہی آسان کردیا ہے، تو دوسری طرف درسِ قرآن وحدیث کو بہت آسان کردیا، اس میں موجود نہ صرف تمام کتابوں کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے، بلکہ ان کو کاپی پیسٹ بھی کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے کسی بھی آیت کا نمبر کاپی کرکے تفاسیر کے فولڈر میں تلاش کا آپشن دیں، تو اس سے متعلق تمام تفاسیر کی عبارتوں کو سامنے لے آتا ہے، اب تک مکتبہ جبریل میں اردو کی ۳۰؍ بڑی اور اہم تفسیریں شامل کی جاچکی ہیں، جس سے درسِ قرآن دینے والوں کو بہت ہی زیادہ سہولت ہوگئی ہے۔
مکتبہ جبریل وعلم دین کی اپلی کیشن لنک:
http://play.google.com/store/apps/details?id=com.elmedeen.maktabajibreel
مزید اَپ ڈیٹس اور معلومات کے لیے وِزٹ کریں:
facebook.com/masimfarooq
twitter : @maktabajibreel
جو حضرات مکتبہ جبریل اینڈرائڈ انسٹال کرناچاہتے ہیں وہ پہلے ’’ٹیلی گرام‘‘ چینل پر موجود ’’مکتبہ جبریل وعلم دین ویب سائٹ‘‘ سے جڑ جائے، اس میں اس مکتبہ جبریل اپلی کیشن سے متعلق تفصیلی معلومات دی گئی ہیں۔
مکتبہ جبریل سوفٹ ویئر برائے کمپیوٹر وموبائل:
ویب سائٹ کے علاوہ کمپیوٹر کے لیے جو سوفٹ ویئر اور موبائل کے لیے جو ایپ بنی ہوئی ہے، یہ دونوں بھی مکتبہ جبریل کے نام سے ہر خاص وعام کے لیے بلا معاوضہ ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈنگ کے لیے موجود ہیں، جس سے ہزاروں کی تعداد میں طالبِ علم اور محققین استفادہ کرتے ہیں، ویب سائٹ اور ان سوفٹ ویئرزکے ذریعے لاکھوں صفحات جاری کیے جاچکے ہیں، اور اس کے علاوہ ٹیلی گرام پر بھی ٹائپنگ کے لیے گروپ تشکیل دیا جاچکا ہے۔ اس گروپ کے مقاصد کے سلسلے میں درج ذیل نوٹ مندرج ہے:
’’مکتبہ جبریل ڈیجیٹل لائبریری برائے کمپیوٹر وموبائل ، نیز علم دین ویب سائٹ کا مقصد مستند دینی کتب کو ڈیجیٹل طور پر پیش کرنا ہے، بہتر سے بہتر سہولیات کے ساتھ، تاکہ علم دین سے وابستہ حضرات کے لیے جدید دور کی اس سہولت سے فائدہ اٹھانا ممکن ہو، نیز اس کے ذریعے:
(۱) ہمارے اسلاف اور اکابر کی تصانیف کی حفاظت ڈیجیٹل طور پر ممکن ہو۔
(۲)ہر عام وخاص کی دسترس میں یہ تمام مواد آجائے۔
(۳)تلاش، حوالہ اور تحقیق کی انتہائی مفید سہولیات میسر ہوں۔
(۴)جتنے بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہیں جہاں خیر کی بات پہچانے کی ضرورت ہے، وہاں تک بات پہچانا ممکن ہو۔
(۵) اکابرین علمائے دیوبند کی تصنیفات کو اس طور پر جمع کیا گیا ہے کہ اس میں ایک طرف تو اکابرین کی کتب کو مطالعے کے لیے محفوظ کیا جائے، او ردوسری طرف ان میں تلاش کی سہولت بھی قائم کی جائے۔(اس سہولت کی مثال عربی میںمکتبہ شاملہ وغیرہ کے علاوہ اردو میں اتنے بڑے پیمانے پر کہیں نہیں ملتی)…اسی طرح کے اور بہت سے فوائد۔ (مکتبہ جبریل سے متعلق قدرے تفصیل اس لیے بیان کی گئی کہ فی زماننا بالخصوص اردوزبان میں کوئی مکتبہ شاملہ اس طرز پر موجود نہیں ہے، اگر ہے بھی تو عربی میں، اور وہ بھی اکثر وبیشتر سلفی حضرات کی طرف سے بنائے گئے ہیں، جن کے استعمال میں حد درجہ احتیاط سے کام لینا ہوتا ہے، عبارتوں میں سقم بھی ہوتا ہے، لیکن اس مکتبہ کی خصوصیت یہ ہے کہ اوریجنل کتاب کی پی ڈی ایف فائل بھی ساتھ میں ہوتی ہے، اگر کسی کو یونیکوڈ میں شک وشبہ ہو، تو وہ فوراً پی ڈی ایف میں مطلوبہ کتاب کھول کو رجوع کرسکتا ہے،اب کی بار اتنے پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے، کسی موقع پر اس مکتبہ کے بارے میں مزید تفصیل پیش کی جائے گی۔ اللہ پاک اس مکتبہ کے موجدین، معاونین اور محسنین کو اپنی شایانِ شان اجر جزیل عطا فرمائے! وفقنا اللہ لما یحب ویرضی! آمین یا رب العالمین!)
اخیر میں پلے اسٹور (Play Store) کے حوالہ سے باطل فرقہ ’’فرقۂ احمدیہ‘‘ یعنی قادیانیوں کی طرف سے اپ لوڈ کیے گئے بعض ڈیجیٹل قرآن اپلی کیشنز کا پتہ لکھا جارہا ہے، تاکہ مسلمان قرآن ایپس ڈاؤن لوڈ کرتے وقت ان سے احتیاط کریں، ان میں سے چند ایپس کا ایڈریس یہ ہے:
The Holy Quran Arabic/English
(Ahmadiyya Muslim Community)
Yassarnal Quran
(Majlis Khuddamul Ahmadiyya UK)
AlQuran
(Majlis Khuddamul Ahmadiyya Canada)
Holy Quran (HD)
مکرر سہ کرر یاد دہانی کی جاتی ہے کہ اس کے علاوہ اور بھی فرقوں اور مسلکوں کی جانب سے قرآنی اپلی کیشنز موجود ہیں، اس لیے انسٹالنگ یا ڈاؤن لوڈنگ سے قبل جہاں About(ہمارے بارے میں) لکھا ہوتاہے، جاکر دیکھ لیں کہ یہ کس کا بنایا ہوا ہے، اورا س سلسلے میں ماہرین اہلِ علم سے رجوع کریں!
وفقنااللہ لما یحب ویرضی، آمین یارب العالمین!