جامعہ کے شب و روز:
مجلس ِرئیس ِجامعہ
عزیز طلبہ کرام!
سالِ گزشتہ کچھ طلبہ نے ہمت کی تھی اور جامعہ نے ترغیب دلائی تھی کہ جو طلبہ کم سے کم مدت میں حفظ مکمل کرلیں گے جامعہ ان کو عمرہ کے لیے بھیجے گا،تو جامعہ اپنے وعدہ میں ثابت قدم ہے،اس پر ہم ایک کمیٹی بنائیں گے جو اس پر غور فکرکرے گی، جن کے پاسپورٹ بنے ہیں جمع کردیں اور جن کے باقی ہیں ان کے پاسپورٹ کا کام شروع کردیں۔
اللہ تعالیٰ کے گھر کی طرف جانے اور بھیجنے کا شوق اس امت کو بہت زیادہ ہے،کیوں کہ بیت اللہ کے ساتھ قلبی تعلق رکھنا ایمان کی علامت ہے۔
آپ میں سے بھی جو غیر حافظ ہیں اور وہ عمرہ کرنا چاہتے ہیں وہ قاری محمد علی صاحب(ناظم دارالتعلیم والتربیة)سے ملیں اور سودن میں قرآن حفظ کرلیں۔
بہر حال ان بچوں کواور ان کے اساتذہ کو ہم دلی مبارک باد دیتے ہیں،یہ بڑی سعادت کی بات ہے،ان کے اساتذہ کو تاکید کی جاتی ہے کہ ان کے دور کا مکمل انتظام کیا جائے کہ یہ طلبہ شعبان تک اپنے قرآن ِکریم کادور کریں اور ان شاء اللہ شعبان کی تعطیل میں ان کے عمرہ کا نظام بنایاجائے گا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ کو ایسے بندے ملے ہوئے ہیں کہ اگر ہم ان سے کہیں کہ بھائی ان بیس بچوں کو عمرہ میں بھیجنا ہے تو وہ تیار ہیں کہ ٹھیک ہے میری طرف سے ان کو بھیج دیجیے،بیت اللہ ہم ان کو بھیجیں گے جو کتاب اللہ سے قریب ہوگا۔
ان بچوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاکریں!پھر حضرت رئیس ِجامعہ کی دعاپر مجلس کی تکمیل ہوئی۔