قرآنی عاشقوں کی جمعرات :

 

            جامعہ اکل کوا میں گذشتہ ماہ رجب سے عاشقانِ قرآن کی جماعت نے ایک نہایت ہی عمدہ سلسلہ شروع کیا ہے،جس میں شعبہٴ عالمیت اور دار القرآن کے حفاظ طلبہ جمعرات کی رات ایک بیٹھک میں مکمل کلام پاک کا دور سناتے ہیں۔جس کی پہلی نشست گذشتہ 22 رجب المرجب 1443ھ میں ہوئی، جس میں شعبہ عالمیت کے 59 طلبہ اور شعبہ حفظ کے 114 طلبہ نے قرآن سنا یا۔

            اس کی دوسری نشست ۷شعبان المعظم 1443 کو ہوئی، جس میں شعبہٴ عالمیت کے7 طلبہ اور شعبہٴ حفظ کے 90 طلبہ نے مکمل قرآن کریم سنایا۔ اس طرح کل 270 طلبہ سنانے والے اور 270 طلبہ سننے والے اس مبارک عمل میں شریک رہے۔

            جامعہ میں قرآنی عاشقوں کی یہ پر نور مجلس قابل دید ہوتی ہے،اس موبائل کے دور میں طلبہ کی اتنی بڑی تعداد کا اس مشغلہ سے ساری رات منسلک ہونا،یہ اللہ کا جامعہ اور طلبہٴ جامعہ پر بہت بڑا فضل اور رئیس جامعہ ومنتظمین جامعہ کی قرآن سے محبت و خدمت اور آہ ِسحر گاہی کا ثمرہ اور خود قرآن کا معجزہ ہے۔

            قابل مبارکباد ہیں جامعہ کے طلبہ عزیزم شاہد جمال کلکتوی اور ان کے رفقاء جنہوں نے اولاً آج سے تین سال قبل حضرت مولانا یحییٰ صاحب نندر باری کی نگرا نی میں یہ سلسلہ پانچ پانچ پارے سے شروع کیا تھا، جو اب اپنی تکمیل کو پہنچا اور اس قدر برگ وبار لایا کہ سینکڑوں حفاظ ایک نشست میں آج قرآن سنا رہے ہیں۔

            اللہ ان تمام طلبہ کو اپنے شایانِ شان جزائے خیر عطافرمائے۔جب سے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے خادم القرآن رئیس جامعہ اور آپ کے صاحبزادگان حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی اور مولانا اویس صاحب وستانوی بذات خود بڑی دلچسپی لے رہے ہیں اور شرکت فرما رہے ہیں، نیز ان طلبہ کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔اور مولانا یحییٰ صاحب نندورباری دار القرآن کے ذمے داران قاری نثار صاحب کرالوی مفتی طاہر صاحب اور اساتذہ کی ایک ٹیم مولانا محمد صاحب کاوی مولانا حسین صاحب اور عزیزم شاہد جمال کلکتوی کے رفقاء پیش پیش ہیں۔اور ہمارے ناظم مطبخ حافظ عبد الصمد صاحب چائے ناشتے کا بھرپور انتظام کر رہے ہیں۔

            مجلس کے اختتام پر دعائیہ مجلس ہو رہی ہے، جس میں جامعہ اور تمام مدارس، امت مسلمہ اور عالم اسلام کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔اللہ اس سلسلے کو قائم ودائم رکھے۔

محمد ہلال الدین ابراھیمی