جناب بلال بھائی راندیرا صاحب (وستان) کا سفرِ دار آخرت

جناب بلال بھائی راندیرا صاحب (وستان) کا سفرِ دار آخرت

            رئیس جامعہ اکل کوا حضرت مولانا غلام محمد وستانوی دامت برکاتہم کے برادر ِصغیربلال بھائی حاجی اسماعیل راندیرا صاحب مورخہ ۱۰/اگست ۲۰۲۳ء بروز جمعرات طویل علالت کے بعد ۷۲/ سال کی عمر میں وستان میں” اللہ…اللہ“ کا ذکر کرتے ہوئے، اللہ کی رحمت میں پہنچ گئے۔انا للہ و انا الیہ رجعون !

            اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کا ایک بڑا حلقہ، بشمول پورا راندیرا خاندان اور جامعہ کے طلبہ و اساتذہ، مرحوم کے انتقال کی افسوسناک خبر پر سوگوار، غمزدہ ہو گر اپنے اس عزیز کے انتقال پر صبر سے کام لیتے ہوئے غم کا اظہار کیا۔

احساس صبروضبط کا شیشہ ہے پاش پاش

تیری جدائی کا صدمہ ہے دل خراش

            مرحوم، متقی، پرہیزگار، عبادت گزار، صابر، شاکر، ملنسار، نرم طبیعت، مہمان نواز،علما سے والہانہ تعلق اور انسانی اقدار اور مذہبی رسومات سے مزین صفات کے مالک تھے، لیکن ان خصوصیات کے حامل آج ہمارے درمیان سے دارِ باقی کی طرف کوچ کر گئے۔مرحوم تقریباً پچیس (۲۵) سال سے بیمار (مفلوج) اور بستر پر تھے۔ ایسی تکلیف دہ بیماری میں بہت صبر اور ہمت سے کام لیا،کسی بھی قسم کی بد خیالی اور شکایت کے بغیر، اللہ کی مرضی کے تابع ہو کر، اپنی مقرر کردہ زندگی کو نہایت صبر اور شکر کے ساتھ گزار تے ہوئے دار فانی کو خیر باد کہہ کر دارِبقا کی جانب روانہ ہوئے۔مرحوم نے دینی اور دنیاوی تربیت ہتھورن، ضلع سورت میں حاصل کی۔ زراعت ان کا پیشہ تھا۔ صحت کے دنوں میں وہ کھیتی باڑی کے ساتھ ساتھ جامعہ کے کاموں میں بھی پوری لگن اور جانفشانی سے لگے رہتے تھے۔ جزا ک للہ خیراً و احسن الجزاء

            مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں علمائے کرام، دینی قومی ملی قائدین اور محبت رکھنے والے عام مسلم برادری نے شرکت کی۔تدفین ان کے آبائی گاؤں ”وستان“ میں عمل میں آئی۔ مرحوم کو ایک بڑی سوگوار اور فکر مند برادری نے ٹوٹے ہوئے دل اور سوگوار ماحول میں سپرد خاک کیا۔محترم حضرت مولانا محمد حنیف وستانوی# شیخ الحدیث جامعہ بھاؤنگر (اکواڑہ)) نے نماز جنازہ پڑھائی اور آخر میں مرحوم کے حق میں دعائے خیر کی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس عطا فرمائے اور پسماندگان کوصبر جمیل عطا فرمائے، آمین یارب العالمین!

آسمان تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

 سبزہ نو رستہ اس گھرکی نگہبانی کرے

            قارئین سے عاجزانہ گزارش ہے کہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کریں۔