سالانہ جلسہ
صوبۂ مہاراشٹر کی عظیم دینی ، عصری وتربیتی دانش گاہ
جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا نندور بار مہاراشٹر کا ۳۰؍ واں دستارِ فضیلت اور ۲۹؍واں عظیم الشان سالانہ جلسہ۸؍ شعبان المعظم ۱۴۳۹ھ- ۲۵؍ اپریل ۲۰۱۸ء بروز بدھ بعدِ نماز مغرب جامعہ کی عظیم الشان مسجد’’ مسجد میمنی ‘‘ میں نہایت تزک واحتشام سے منعقدہوا،جس میںبہ حیثیت مہمان خصوصی ملک وبیرون ملک کے مندرجہ ذیل اکابرین مدعوتھے۔
حضرت مولانا خالد فیصل صاحب ندوی غازی پوری (استاذ دارالعلوم ندوۃ العلما لکھنؤ)
پروفیسر جناب انیس چشتی صاحب
فضیلۃ الشیخ عمربن عبد العزیز السیاری (مدینہ منورہ)
رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت برکاتہم کی صدارت میں تلاوتِ کلام پا ک سے جلسہ کاآغاز ہوا ۔اس کے بعد طلبائے کرام نے اپنے نرالے انداز میں حمدِباری تعالیٰ ، نعتیہ کلام ، مکالمے اور مختلف زبانوں میں خطاب فرماکر سامعین کے قلوب کو موہ لیا ۔طلبہ کے پروگرام کے بعد مہمانانِ خصوصی کے نصیحت آموز تقاریر اور ایمان افروز خطابات سے سامعین محظوظ ہوئے ۔
پروگرام الحمدللہ بہت ہی کامیاب رہا ۔اس عظیم الشان دینی اور بابرکت اجلاس میں شعبۂ عالمیت سے فراغت حاصل کرنے والے ۳۲۳؍علما، شعبۂ تحفیظ القرآن الکریم سے حفظ مکمل کرنے والے ۴۶۴؍ حفاظ، شعبۂ افتا سے فارغ ہونے والے ۱۰؍ مفتیانِ کرام ،شعبۂ ڈپلوما انگلش کورس سے فارغ ہونے والے۳؍ علما، تکمیل عربی ادب کرنے والے ۹؍ علما ،شعبہ دینیات سے ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے ۹۶۲؍ طلبہ کو بزرگان دین اور عمائدین ملت کے ہاتھوں دستار ِفضیلت اور اسناد تقسیم کی گئی۔
اس اجلاس کو کامیاب بنانے میں نائب رئیس جامعہ حضرت حافظ اسحاق صاحب وستانوی ، ناظم مطبخ حافظ عبد الصمد صاحب ، حافظ سلیمان صاحب وستانوی ، مولانا عبد الرحیم صاحب فلاحی ، مولانا حذیفہ صاحب وستانوی ، مولانا محمد علی صاحب ڈڈھالوی ،مولانا فاروق صاحب وستانوی اور مولانا اویس صاحب وستانوی وغیرہم کابڑاتعاون رہاہے۔
آخر میں جامعہ برادری اپنے تمام مہمان کرام کا شکر یہ ادا کرتا ہے ،جو اپنے قیمتی وقت کو نکال کر اس عظیم الشان دینی پروگرام میں تشریف لائے اور اس کوکامیاب بنانے میں ہماری مدد فرمائی ۔ فجزا ہم اللّٰہ خیرا لجزاء ۔
دارالتعلیم و التربیۃ جامعہ اکل کوامیں سہ روزہ مسابقۃ القرآن الکریم کا انعقاد
۹،۱۰، ۱۱؍اپریل ۲۰۱۸ء دارالتعلیم والتربیۃ جامعہ اکل کوا میں طلبۂ دینیات کے مابین سہ روزہ مسابقۃ القرآن حضرت مولانا سعید صاحب وستانوی (ناظم دارالتعلیم و التربیۃ) کے زیر نگرانی منعقد ہوا ۔
ناظرۂ قرآن کریم کا یہ مسابقہ ۱۰۰؍ فروعات پر مشتمل تھا ، جس میں ۳۱۹۷؍ طلبہ نے حصہ لیا۔
پہلا مسابقہ ۱۰؍ اپریل ۲۰۱۸ء کو ۳۵؍ فروعات پر مشتمل ہوا ۔جس میں سال اول کے پارۂ عم میں ۱۲۳۸؍ طلبہ نے حصہ لیااور ۲۴۳؍ طلبہ امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوئے۔
دوسرا مسابقہ ۹؍ اپریل ۲۰۱۸ء کو منعقد ہوا ، جس میں سال دوم (پارہ۱؍ تا ۱۲؍ ناظرۂ قرآن)کے ۱۰۵۵؍ طلبہ نے۳۵؍ فروعات میں شرکت کی ۔جس میں ۱۸۵؍ طلبہ نے امتیازی پوزیشن حاصل کی ۔
تیسرا مسابقہ سال سوم (مکمل ناظرۂ قرآن کریم )کے طلبہ کے مابین منعقد کیا گیا ،جس میں ۹۰۴؍ طلبہ نے اپنی قسمت آزمائی کی اور ۱۰۸ ؍طلبہ امتیازی نمبرات سے فائز ہوئے ۔
تینوں مسابقات میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے ۵۳۶؍ طلبہ کو گراں قدر انعامات اور قیمتی تحائف سے نوازا گیا ۔
مکمل قرآن کریم(سالِ سوم ) میںکامیاب ہونے والے ۱۰۸؍ طلبہ کو مجموعی طور پر ایک لاکھ ساٹھ ہزار نقد انعام سے نوازا گیا۔جس میں اول نمبر کے طالب علم کو ۲۰۰۰؍ روپے ۔ دوسرے نمبر کو ۱۵۰۰؍ اور تیسرے کو ۱۰۰۰؍ روپے نقددیے گئے ۔
اسی طرح سالِ دوم (پارہ۱؍ تا ۱۲ ؍ناظرۂ قرآن) میںکامیاب ہونے والے ۱۸۵؍ طلبہ کو مجموعی طور پر ایک لاکھ ترانوے ہزار نوسو روپے نقد رقم کی شکل میں پیش کیا گیا ، جس میں سے پہلے نمبر والے کو ۲۰۰۰؍ دوسرے نمبر والے کو ۱۵۰۰؍ اور تیسرے نمبر والے کو ۱۰۰۰؍ دیا گیا ۔
اور سال اول (پارۂ عم) میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے ۲۴۳؍ طلبہ کو مجموعی طور پر ایک لاکھ اکہترہزار تین سو روپے نقد پیش کیے گئے ۔ جس میں اول نمبر حاصل کرنے والے طالب علم کو ۱۰۰۰؍ دوم نمبر والے طالب علم کو ۷۰۰؍ اور سوم نمبر والے طالب علم کو ۵۰۰؍ روپئے ہدیۃً پیش کیے گئے ۔
مجموعی طور پر کل نقد انعامات پانچ لاکھ ستاسی ہزار دو سو روپئے تقسیم کیے گئے ۔
اس کے علاوہ ایک ٹراویل بیگ ، ایک جوڑا کپڑا اور ایک عدد عطر کی شیشی ہدیۃً پیش کیے گئے ۔
اِسی کے ساتھ ایسے۱۲؍ اساتذہ ؛جن کے طلبہ نے امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی ، انہیں مجموعی طور پر ۶۲؍ ہزار روپئے بہ طور انعام دیا گیا ۔جن میں مکمل قرآن پاک سے متعلق ۵؍اساتذہ کو ۳۰۰۰؍کے حساب سے پندرہ ہزار روپئے ۔۱؍ تا ۱۲؍ پارہ والے۳؍ اساتذہ کو ۲۰۰۰؍ کے حساب سے ۶۰۰۰؍ اور سال اول (پارۂ عم )کے۶؍ اساتذہ کو ۱۵۰۰؍ کے حساب سے کل ۹۰۰۰؍ کے علاوہ ایک بیگ ، ایک جوڑاکپڑا ، ایک عدد عطر ، ہاتھ گھڑی ، ایک قلم ، ایک ٹرافی اور دیگر کتابیں پیش کی گئیں۔
خصوصی انعام :
پانچ سال سے مسلسل امتیازی پوزیشن لانے والے دو اساتذہ مولانا آصف نانے گاؤں اور مولانا عرفان بھڑ کودروی صاحبان کو دس دس ہزار روپئے اور عمرہ کی خصوصی گفٹ پیش کی گئی ۔
تین سال سے مسلسل امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے تین اساتذہ (۱) مولانا جنید صاحب اشاعتی (۲) مولانا محمد ساجد صاحب پوٹااور (۳) مولانا جنید صاحب لونی کو پانچ پانچ ہزار کی رقم دی گئی ۔
اس مسابقہ کا انعامی جلسہ ۱۳؍ اپریل ۲۰۱۸ء کو رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت برکاتہم کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے تلاوت قرآن ، حمد ونعت اور دل کش پروگرام پیش کرکے سامعین کے دلوں کو جیت لیا ۔نیز حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم نے اپنے مختصر اور پُرمغزخطاب میں طلبہ اور اساتذۂ کرام کی محنت کوخوب سراہتے ہوئے مزید محنت اورترقیٔ تعلیم کی تلقین کی ۔ اور آپ ہی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔
ناظم دار التعلیم و التربیۃ حضرت مولانا سعید صاحب وستانوی شدت مرض کے باوجود بھی اجلاس کی پوری نگرانی اور رہ نمائی کرتے رہے ۔ اس جہد عظیم پر جامعہ برادری انہیں مبارک باد پیش کرتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ، عاجلہ ،دائمہ اور مستمرہ عطا فرماکر ان کی محنتوں اور کوششوں کو چار چاند لگائے اور انہیں اجر عظیم عطافرمائے ۔