جامعہ کے شب و روز:

دوسری مجلس تکمیل حفظ قرآن

خانوادۂ وستانوی و جامعہ کے لیے خوشیوں کی لہر:

             جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا مہاراشٹر میں امسال حفظ قرآن کریم مکمل کرنے والے خوش نصیب حفاظ کرام کی دوسری مجلس تکمیل حفظِ قرآن مورخہ۶؍ صفر مظفر ۱۴۴۱ ھ- ۶اکتوبر ۲۰۱۹ء بروز اتوار، جامعہ کی عالیشان مسجد ’’مسجد میمنی‘‘ میں حضرت رئیس الجامعہ مولانا غلام محمد وستانوی صاحب مدظلہ العالی کی صدارت اور حضرت نائب رئیس الجامعہ حافظ محمد اسحاق صاحب وستانوی مدظلہ العالی کی سر پرستی، ناظم تعلیمات حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی کی زیر نگرانی، مولا نا اویس صاحب وستانوی، خاندان وستانوی کے دیگر حضرات خصوصا حضرت مولانا حنیف صاحب وستانوی شیخ الحدیث دارالعلوم اکواڑہ بھا ؤنگر، مولانا فاروق صاحب وستانوی، مولانا بنیا بین صاحب وستانوی، مولانا حبیب ابن سید مولانا ارشد صاحب مدنی،مولاناوقاری محمدصاحب ناظم مدرسہ بدناپور ،مولانا حنیف صاحب لو ہاروی شیخ الحدیث جامعہ قاسمیہ کھروڈ، نیز شعبۂ تحفیظ القرآن کے تمام اساتذۂ کرام کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

             حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب فلاحی نے تمہیدی کلمات بیان فرمائے اور حسنِ نظامت سے پروگرام کو تکمیل تک پہنچایا۔ان حفاظ کی جماعت میں مولانا حذیفہ صاحب وستانوی مدیر تنفیذی جامعہ اکل کوا کے فرزند، رئیس الجامعہ مولانا غلام محمد صاحب کے پوتے حافظ محمد حمزہ ابن مولانا حذیفہ صاحب وستانوی نے قرآن پاک کو اپنے سینے میں محفوظ کیا ۔ الحمد للہ علی ذلک۔

             نیز اس بابرکت مجلس میں رئیس المسابقات حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب فلاحی کے فرزند حافظ محمد ریان رویدرا، اسی طرح قاری ایوب صاحب بھگت کے دوخوش نصیب فرزندان ،حافظ سلیمان صاحب منیجرالسلام ہاسپیٹل کے نواسے حافظ محمدفیاض اور حافظ محمد فیضان حفظ قرآن کی دولت سے مالا مال ہوئے۔

            اللہ پاک ان تمام حفاظ کو امت مسلمہ کے لیے بہترین مقتدا بنائے۔

            اس مجلس کی ایک خصوصیت یہ بھی رہی کہ الحمدللہ جامعہ کے اسٹاف کے ۱۰؍ بچوں نے حفظ قرآن مکمل کیا۔

            ترتیلاً کلام پاک سے مجلس کا آغاز ہوا، اس کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعت پا ک کا نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا۔بعد ازاں سولہ صوبہ جات کے ۴۴۴؍ خوش نصیب طلبا نے آخری سورت پڑھ کر اپنے آپ کو حاملین قرآن کی مقدس جماعت میں شامل کیا۔ الحمد للہ! اب تک جامعہ وفروعات جامعہ کے حفاظ و فارغین کی تعداد 22993 ہوگئی ۔ذلک فضل اللّٰہ یوتیہ من یشاء۔

            اس مبارک ترین عمل کے بعد مہمانانِ خصوصی حضرت مولانا حنیف صاحب وستانوی، حضرت مولانا حنیف صاحب لوہاروی، حضرت مولانا فاروق صاحب وستانوی کے زریں، علمی، وقیمتی مختصر مگر جامع خطابات ہوئے۔تمام مقررین حضرات نے طلبا کو خصوصاً مولانا حذیفہ صاحب وستانوی کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے یہ فرمایا: کہ ہمیں قرآن کو پوری زندگی بھر فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ نیز دنیا و آخرت کی سب سے بڑی دولت قر آن پا ک ہے، آج مسلمانوں پر حالات قرآن پاک کو چھوڑنے کی وجہ سے ہیں۔ قرآن و احادیث کی روشنی میں عظمت قرآن کو بیان فرمایا۔ حافظ ہونے والے تمام طلبا کو جامعہ و مہمانان کی طرف سے خطیر انعامات سے نوازا گیا۔

            اخیر میں حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم نے حفاظ کرام کو قیمتی نصیحتیں فرمائیں۔ اور عالم اسلام کی حفاظت، تمام محسنین و معاونین کے لیے خیر و برکت، مرحومین کے لیے مغفرت، بارگاہِ رب العزت میں حضرت  رئیس جامعہ مدظلہ کی رقت آمیز و پرسوز دعاپر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

 مجلسِ تکمیل حفظ قرآن بھاؤنگر :

            ۲۶؍ ستمبر ۲۰۱۹ء بروز جمعرات دارالعلوم اکواڑہ بھاؤ نگر گجرات میں تکمیل حفظ قرآن کی محفل منعقد ہوئی ،  جس میں بہ طور مہمان خصوصی رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی ، نائب رئیس الجامعہ حضرت حافظ اسحاق صاحب وستانوی ، ناظم تعلیمات جامعہ اکل کوا حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی ، مولانا فاروق صاحب وستانوی مدعو تھے۔

            تلاوت کلام پاک سے مجلس کاآغاز ہوا ۔ حمد ونعتیہ کلام سے طلبہ نے سامعین کے قلوب کو موہ لیا۔

            اس کے بعد ۳۳؍ طلبہ نے قرآن کریم کی آخری آیتوں کی تلاوت کرکے حامل قرآن کی فہرست میں اپنے نام درج کرائے۔ بعدہ معزز مہمانان کرام کا خطاب ہوا، جس میں انہوں نے حفاظ کرام ، ان کے والدین اور اساتذۂ کرام کو مبارک بادی پیش کی ۔

            واضح رہے !اس مجلس میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب و ستانوی کے نواسے اور مولانا حنیف صاحب وستانوی شیخ الحدیث و مہتمم دارالعلوم اکواڑہ بھاؤنگر کے فرزند حافظ زید سلمہ حفظ قرآن کی دولت سے مالا مال ہوئے ۔