جامعہ کے شب و روز:

دوسری مجلس تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم

(جامعہ اکل کوا کے شعبہٴ تحفیظ القرآن میں ۱۱۸/خوش نصیب طلبہ کاتکمیلِ حفظِ قرآن کریم)

            ”جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا مہاراشٹر“ میں حسبِ روایت ، جامعہ کے فعال ترین شعبہ، ”شعبہٴ تحفیظ القرآن“ میں امسال قرآنِ کریم حفظ مکمل کرنے والے ۱۱۸/خوش نصیب طلبہ کی دوسری مجلس،مورخہ یکم جمادی الاخر ی ۱۴۴۶ھ ،مطابق ۴/دسمبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بوقت صبح شعبہٴ حفظ کی عالیشان مسجددارالقرآن میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت فیوضہم کی صدارت اور ناظم جامعہ حضرت مولانا محمد حذیفہ صاحب وستانوی حفظہ اللہ کی زیرِ سرپرستی ،نیز مہمانانِ عظام اور شعبہٴ حفظ کے اساتذہ اور طلبہ کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

            تدویراً تلاوتِ کلام اللہ سے مجلس کا آغاز ہوا، اس کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعتِ پاک کا گلدستہ پیش کیا گیا، بعد ازاں۱۱۸/ خوش نصیب طلبہ کو شعبہٴ اجازہ کے مؤقراستاذ”شیخ خالد ابراہیم دامت برکاہتم “نے قرآنِ مقدس کی آخری سورت پڑھا کرحاملینِ قرآن کی مقدس جماعت میں شا مل کیا۔اس طرح اس سال شعبہٴ تحفیظ لقرآن سے حفظ مکمل کرنے والے حفاظ کی تعداد ۵۳۷/ ہو گئی، نیزاب تک جامعہ سے فارغین حفاظ کی کل تعداد۱۱۵۴۴/اور فروعاتِ جامعہ سے فارغین حفاظ کی تعداد ۱۵۸۲۳/ہوئی۔ اس طرح جامعہ اور فروعاتِ جامعہ سے فارغین حفاظ کی کل تعداد۲۷۳۶۷/ہوگئی۔ فللّٰہ الحمد علی ذالک۔

             اس مبارک ومقبول ترین عمل کے بعدناظمِ جامعہ حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی نے حافظ بننے والے طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا، نیز قرآنِ کریم کے معجز ہونے پر وقیع خطاب فرمایا۔اور اس پر فتن دور میں طلبہ کو قرآنِ مقدس سے وابستہ رہنے پر مبارک بادی پیش کی، نیز قرآنِ کریم کو سمجھ کر پڑھنے کی ترغیب دی، اخیر میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی دامت فیوضہم نے اس مجلس میں حافظ بننے والے طلبہ اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارک بادی پیش کی اور طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔             نیز طلبہ کو قرآنِ کریم کے ساتھ وابستہ رہنے کی خصوصی تلقین کی اور اخیر میں اپنی رقت آمیز دعا پر مجلس کا اختتام فرمایا۔