جامعہ کے شب وروز

حضرت رئیس الجامعہ ایم پی میں :

                یکم؍ جولائی ۲۰۱۸ء بروز: اتوارکو حضرت رئیس الجامعہ نندوربار سے بہ ذریعہ ٹرین کھنڈوہ کے لیے روانہ ہوئے۔ صبح ۱۵: ۶ کھنڈوہ اسٹیشن پہنچ گئے ۔ حضرت کے استقبال کے لیے ایم پی کے بڑے بڑے حضرات اور آپ کے متعلقین و متوسلین پہلے ہی سے اسٹیشن پر موجود تھے ۔ پُر زور استقبال کے بعد پورا قافلہ حاجی عبد الرزاق مالانی صاحب (بزنس مین کھنڈوہ)کے یہاں پہنچا ۔ چائے ناشتہ سے فراغت کے بعد حضرت منزلِ مقصود کی طرف روانہ ہوگئے ، راستے میں مسجد ’’ شیخ عبد القادر جیلانی ؒ‘‘ کھنڈوہ میں حاضری دیتے ہوئے مدرسہ خیر العلوم کھنڈوہ کی فلائنگ وزٹ فرمائی ۔

                اس کے بعدحضرت دامت برکاتہم ’’ کھالوہ ‘‘ میں بنی جامعہ کی نئی شاخ’’ مدرسہ صمدیہ کھالوہ، کھنڈوہ ایم پی ‘‘کی طرف قدم رنجہ ہوئے ۔صبح ۴۰:۹ پر مدرسہ صمدیہ کھالوہ، کھنڈوہ، ایم پی پہنچ کر مذکورہ مدرسہ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت فرمائی ۔

                یہ افتتاحی مجلس حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم کی صدارت میں منعقدہوئی ،جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا قاری عاشق الٰہی صاحب دامت برکاتہم (شیخ الحدیث ریڑھی تاجپورہ ، سہارن پور یوپی )اور حضرت مولانا تصور صاحب دامت برکاتہم (مہتمم جامعہ اسلامیہ بنجاری چوپاٹی ، اندور ایم پی )مدعو تھے ۔

                مکتب میں پڑھنے والے طلبہ نے اپنے عمدہ پروگرام سے سامعین کے قلوب کو موہ لیا ،اس کے بعد علمائے کرام کا مختصر اور جامع خطاب ہو ا۔

                آخر میں حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم نے مدارس کی ضرورت و اہمیت اور اس کی حفاظت پر جامع خطاب فرماتے ہوئے امت کے بچوں کے لیے دینی و دنیوی تعلیم کو ضروری قرار دیا ۔

                حضرت دامت برکاتہم ہی کی دعا پر مجلس اپنے اختتام کو پہنچی ۔

                جامعہ کی اس نئی شاخ میں تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اب تک مدرسہ کی عالی شان بلڈنگ ، مسجد ، بیت الخلا و غسل خانے کے بلاک کی تعمیر تکمیل کو پہنچ چکی ہے۔اسٹاف کوارٹر س ،کچن اورپانی ٹینک وغیرہ کی تعمیرات کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

                افتتاحی مجلس میں سامعین حضرات سے تعمیرات کے سلسلے میں تعاون کی اپیل کی گئی تو الحمدللہ ! معاونین و مخیرین حضرات نے دل کھول کر حصہ لیا ۔ اللہ تعالیٰ ان حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین!

                افتتاحی پروگرا م کے بعد ہی اس مدرسہ میں داخلہ کا سلسلہ جاری ہوا ، جس میں دینیات ، حفظ اور اسکول کا نظام شروع کیا گیا ۔ یہ شاخ مولانا عقیل احمد اشاعتی کی نظامت میں شروع کی گئی ہے ۔خوشی کی بات یہ ہے کہ اس مدرسہ کی بنیاداور تعمیر ات میں حاجی عبد الرزاق صاحب کا اہم رول رہا ہے۔

حضرت رئیس الجامعہ برہان پور میں:

                کھنڈوہ کے پرواگرام سے فراغت کے بعد حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم برہان پور پر تشریف لے گئے۔ جامعہ اکل کوا کے نوجوان فاضل مولانا ندیم بیگ اشاعتیؔ اور مولانا قاری یعقوب اشاعتیؔ صاحبان کی کوشش وکاوش اور تحریک سے تیارشدہ ’’ التوحید انگلش اسکول‘‘ آزاد نگر برہان پور، ایم پی کی افتتاحی مجلس میں شرکت فرمائی ۔

                حضرت مولانا وستانوی صاحب دامت برکاتہم کے زیر صدارت مجلس منعقد ہوئی ۔اس مجلس کے ڈائریکٹر مولانا ندیم بیگ نے نئی پہل کی، جس میں انہوںنے دنیوی تعلیم کے ساتھ ہی دینی تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔

                حضرت مولانا وستانوی صاحب دامت برکاتہم نے اسکول کے ساتھ دینی تعلیم کو سراہتے ہوئے اس کو نئی پہل قراردیا ۔ اور عوام سے اپنے بچوںکو دینی وعصری تعلیم سے آراستہ کرنے کی تلقین فرمائی ۔ آپ ہی کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

                حضرت یہاں سے فراغت کے بعد ’’معہد مولانا علی میاں ندوی ؒ ‘‘برہان پور ایم پی کی سنگ بنیاد کے لیے شیر پور روانہ ہوئے ۔

                ۲؍ جولائی ۲۰۱۸ء ۴۵:۹ رات شیر پور پہنچے ۔’’مدرسہ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ  ‘‘شیر پور برہان پور ایم پی میں قیام فرماکر صبح اکل کوا کے لیے روانہ ہوگئے۔

                اس مدرسہ میںفی الوقت ۶۰۰؍ طالبات زیر تعلیم ہیں۔۲۵؍ جنوری ۲۰۰۶ء کو اس مدرسہ کا افتتاح عمل میں آیاتھا ۔ ۱۳؍ سال کی قلیل مدت میں ۱۱۷۹؍طالبات نے مومنہ کورس کی تکمیل کی ہے۔ساتھ ہی ۱۰۵۵؍طالبات ٹیلرنگ کورس مکمل کرچکی ہیں۔مذکورہ مدرسہ میں ۳۴؍ اسٹاف خدمات انجام دے رہے ہیںاوراس کا سالانہ بجٹ ۶۵؍ لاکھ روپے ہے ۔مدرسہ ہذا کے زیر نگرانی ۲۵؍ مکاتب بھی چل رہے ہیں اور ۶؍ مساجد تعمیر ہوچکی ہیں ۔