( حضرت مولانا) حکیم فخر الاسلام الٰہ آبادی (حفظہ اللہ)
کسی صاحبِ علم سے کالج کے کسی گریجویٹ نے یہ سوال کیا:
”اللہ جب اپنے بندوں سے بہت پیار کرتے ہیں اورماں سے ستر گناہ زیادہ رحم دل ہیں، تو پھر وہ گنہگار مسلمان یا کافر کو جہنم میں کیوں ڈالیں گے؟“
ایک صاحبِ علم کی طرف سے یہ جواب دیا گیا :
”اس کا عقلی جواب کیا ہوگا فی الحال وہ میرے ذہن میں نہیں ہے ،تحقیق کرکے کچھ عرض کیا جا سکتا ہے، سیدھا اورسادا جواب یہ ہے کہ اللہ تعالی معبود ہیں اورمعبود وہ ذات ہوتی ہے، جو تمام صفاتِ کمالیہ سے متصف ہواور صفات کمالیہ میں صفات جمالیہ و جلالیہ دونوں شامل ہیں اوریہ چیز جب تک کہ جمال وجلال دونوں کا امتزاج نہ ہو ،اس وقت تک انتظام و تدبیر جو اللہ کی خاص شان ہے وہ نہیں ہوسکتی ،تو جیسے اللہ تعالی ارحم الراحمین ہے اورخیر الغافرین ہے، ایسے ہی ألِیم العذاب شدید العقاب بھی ہے، یہ سب اللہ تعالی کی صفات کے مظاہر ہیں، یعنی دوزخ اللہ تعالی کی صفاتِ جلالیہ کا مظہر ہے اورجنت صفاتِ جمالیہ کا مظہر،دونوں ہی صفات اپنی اپنی شان کے ساتھ ظاہرہوں گی ،جو اس کا مستحق ہوگا اس کے ساتھ کمالِ رحمت کا اورجو اس کا مستحق ہوگا اس کے ساتھ غضب کا عقاب کا اورعذاب کا معاملہ کیا جائے گا ،یعنی کمال ِعذاب ہوگا انتہا کو پہنچا ہوا اَدْخِلُوْا آلَ فِرْعَوْنَ اَشَدَّ الْعَذَابِ۔
(ترجمہ: فرعون والوں کو(مع فرعون کے )نہایت سخت عذاب میں داخل کرو)۔(بیان القرآن : ج ۱۰ص ۲۴ تاج پبلیکیشنز دہلی)
آں موصوف کادوسرا جواب :
اللہ تعالی جیسے رحیم ہے، رحمن ہے، کریم ہے ایسے ہی حاکم ہے، حکیم ہے، حاکم ان کی جو صفت ہے تو حاکم کی جو شان ہوتی ہے کہ کوئی حکومت ایسی نہیں ہوگی کہ اس میں جیل خانہ نہ ہو ،جیسے حکومت کے انتظامات میں ساری راحت کے اسباب ہوتے ہیں ایسے ہی مجرموں کے لیے، باغیوں کے لیے، سرکشوں کے لیے عقوبت خانے بھی ہوتے ہیں، تو دونوں چیزیں ہونا اس کی حکومت کا تقاضا ہے اوراس کا اہم ترین حصہ ہے ۔
بندہ نے فی الحال یہ جواب پیش کردیا ہے؛فان کان صواباً فمن الله وان کان خطاً فمن نفسی و من الشیطان ونسأل الله ا لعفو والغفران“
اس جواب کے ساتھ ہی جب یہ سوال ہنوز قائم ہے کہ”اس کا عقلی جواب کیا ہوگا“تو فہمِ نارساں میں جو کچھ مستحضر ہے عرض کیا جاتا ہے:
جواب ازراقم فخرالاسلام
السلام علیکم!
جواب تو دونوں درست ہیں۔ دوسرے جواب کی ابتدا میں یہ بات بتا دی جائے کہ:
انسان کوسب سے زیادہ خود اپنے آپ سے محبت ہوتی ہے،اس کے ساتھ ہی یہ ہوتا ہے کہ ظاہرِ جسم میں یا اندرونِ بدن کوئی عضو یا کوئی جزء جب فاسد ہوتا ہے، تو پورے بدن کی حفاظت پیشِ نظر رکھ کرفاسد حصہ کی علیحدگی کی سبیل کی جاتی ہے۔اور علیحدگی کے بعد اس کی جگہ گلشن نہیں ہوتی؛ بلکہ گلخن ہوتی ہے۔
دورکیوں جائیے، روزانہ بول و براز کی شکل میں فضلات کا خارج ہونابھی اس کی ایک مثال ہے، جب تک وہ خارج نہیں ہوا بدن ہی کا ایک جزء ہے اورانسان جو بشاش دکھائی دیتا ہے، اس کی بشاشت میں اس کی موجود گی کو بھی دخل ہے، چناں چہ استفراغ غیر ضروری ہونے لگے، تو اسے روکے رکھنے سے محبت اورنکلنے کا غم ہوتا ہے؛مگرعام حالات میں اس فضلہ کا آنتوں کے اندر باقی رہنا، یعنی احتباسِ غیر ضروری بدن کے لیے مضر ہے، لہذا کل جسم کی تربیت و مصلحت کی خاطر اسے نکالنے کی فکر ہوتی ہے، اِخراج کے جتن کیے جاتے ہیں اوراس طرح وہ قابلِ نفرت اورلائقِ اخراج ٹھہرتا ہے۔
اصل اس امرمیں کل جسم کی تربیت ہے، اس اصول کو تمام عالم پرجاری کیجیے، تو کُل عالم کی تربیت کے لیے جو مصلحت ہو تی خدا کی طرف سے وہ کیا جا تا ہے۔
اس باب میں طبعی قاعدہ یہ ہے کہ چیزوں سے مفید مطلب کام لے لینے کے بعد اپنے اپنے معدن میں پہنچا دی جاتی ہیں۔ نظامِ خداوندی میں نیکی کا ثمرہ ثواب و راحت ہے اور بدی کا ثمرہ رنج وعذاب،نیکی کامعدن جنت ہے ،جہاں راحت ہی راحت ہے اوربدی کا ثمرہ جہنم جو رنج کا معدن ہے،گناہ وثواب کے کام مع اپنے مرتکب کے انجام کاراپنے اپنے معدن میں پہنچائے جاتے ہیں۔
درمیان میں جومراحل اورعفو، عذاب و استثناآت پیش آتے ہیں،وہ سب داخل تربیت ہوتے ہیں۔
یہاں جو کچھ راقم نے عرض کیا اس میں کافی انتشار ہے، جب کہ مسئلہ میں خاصی تفصیلات ہیں؛ مگرمکمل مسئلہ کوعقلی طورپراجسام کی تربیت اوراشیاء کے معدن کے اصول پر سمجھا جاسکتا ہے۔ اس تعلق سے الامام محمد قاسم نانوتوی کی دوکتابیں ذکر کی جاتی ہیں،ان میں مسئلہ کی تنقیح مل جائے گی:۱-انتصارالاسلام ۲-تقریر دل پذیر۔
یہ تحریر لکھ چکا تھا کہ ایک مدت کے بعد امداد الفتاوی میں مسئلہ کی تحقیق نظر سے گذری از راہِ افادہ اسے بھی درج کیا جاتا ہے :
”سوال :ایک صاحب فرماتے ہیں کہ : مجھ کو تعجب ہے کہ حدیث شریف میں وارد ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالی اپنے بندوں کو ماں باپ سے بڑھ کر چاہتا ہے ، پھر کافروں کو خلود دائمی دوزخ میں کیوں فرمائے گا، اولاد چاہے کیسی ہی بری سے بری ہو ؛لیکن باپ اس کی تکلیف ہر گز گوارا نہیں کرتا اوراس کو مصیبت میں نہیں دیکھ سکتا۔
الجواب:یہ سوال خود جناب رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک عورت نے کیا تھا:
حَیْثُ قَالَتْ:ألَیْسَ اللّٰہُ أرْحَمُ بِعِبِادِہِ بِوَلَدِہَا، قَالَ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْه وَسَلَّمَ: بَلٰی ، قَالَتْ: إنَّ الْأمَّ لَا تُلْقِيْ وَلَدَہَا فِيْ النَّارِ، فَأکَبَّ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْه وَسَلَّمَ یَبْکِيْ، ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ، فَقَالَ: إنَّ اللّٰہَ لَا یُعَذِّبُ مِنْ عِبَادِہِ إلَّا المَارِدَ الْمُتَمَرِّدَ الَّذِيْ یَتَمَرَّدُ عَلٰی أمِّهِ وَأبٰی أنْ یَّقُوْلَ: لَا إلٰه إلَّا اللّٰہُ۔( رواہ ابن ماجة عن عبد اللہ بن عمر، کذا في المشکٰوة)“
(ترجمہ : جس طرح کہ ایک عورت نے کہا :کیا اللہ رب العزت اپنے بندوں پران کی ماں سے زیادہ رحم کرنے والا نہیں ہے؟
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ : کیوں نہیں ۔
اُس عورت نے کہا :ایک ماں اپنے بیٹے کو ہرگز آگ میں نہیں ڈالے گی۔
تو حضورصلی اللہ علیہ وسلم رونے لگے، پھرسراٹھا یااورارشاد فرمایا : اللہ تعالی اپنے بندوں میں سے اُسی کو مبتلائے عذاب کرے گا جو سرکش ، ہٹ دھرم ، اپنی ماں کی نافرمانی کرنے والا ہوگا اور لا اله الا اللہ کہنے سے انکار کرے گا۔ )
یہ جواب ذکر کرنے کے بعد حکیم الامت فرماتے ہیں:
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے جو جواب ارشاد فرمایا ، اُس کا حاصل اصطلاحی الفاظ میں یہ ہے کہ : عباد گو عام ہے ؛مگر دوسرے دلائل نے اُس میں سے بعض کو خاص کردیا ہے ، جو ملعون ہوکر دائرہٴ ر حمت سے خود نکل گئے ہیں، پس عباد دو قسم کے ہوئے :
۱-ایک مرحومین اور ان پر اس قدر رحمت ہے کہ والدہ کو ولد پرنہیں ۔
۲-دوسرے غیر مرحومین ، سو اُن پرآخرت میں رحمت ہی نہ ہوگی ۔
پھرزیادتی و کمی کا کیا ذکریا یوں کہوکہ عباد عام نہیں ہے ،خود اضافت تخصیص کو مفید ہے،یعنی بندگانِ خاص، جیسے قرآن مجید میں عباد الرحمن کو خاص کیا ہے موصوف بصفات خاصہ (خاص صفات کے حامل بندے)سے ۔
رہا یہ کہ والدہ کو تو سب اولاد پررحمت ہوتی ہے اللہ تعالی کو سب عباد پرکیوں نہیں؟
اِس کا جواب یہ ہے کہ رحمت والدہ کی اضطراری ہے مشیت پرموقوف نہیں ، اِس لیے عام ہے اوراللہ تعالی کی رحمت اختیاری ہے اور(وہاں اضطرار،اِنفعال نہیں،فعل ہے جو) مشیت پرموقوف ہے ، جس کا سبب ِ ظاہری اعمال ِ صالحہ ہیں ، اس لیے آخر ت میں خاص ہے ؛البتہ دنیا میں عام ہے۔
رہا مرحومین کو تکلیف ہو ، سو، وہ تہذیب ہے تعذیب نہیں(یعنی وہ بطورعذاب نہیں،بطورتربیت ہے)۔ فقط واللہ اعلم !“
(حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی،امداد الفتاوی، جلد۵ص۷۳)
والسلام
فخرالاسلام
۱/فروری ۲۰۲۴ء
نظر ثانی و اضافہ:۱/نومبر۲۰۲۴ء=۲۵/ربیع الثانی۱۴۴۶ھ
