صحیفہٴ ہدایت

مولانا ماہر القادری

                سائنس کے نظریے ہوں یا دواوٴں کے خواص، اِن میں سے بعض انسان کی اپنی تحقیقی کوشش اور تجربے کا نتیجہ اورماحصل ہیں، لیکن بعض نظریے اورخواص ایسے بھی ہیں، جن کی طرف انسان کا ذہن کسی کوشش کے بغیر ایکا ایکی منتقل ہوگیا۔ اسی چیز کا نام” القاء“ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ بعض اوقات انسان کے دل میں ایک بات ڈال دیتا ہے، دنیوی معاملات میں بہت سی تدبیریں ہیں، جوذہنوں میں القاء کی جاتی ہیں اورآدمی خود حیران رہ جاتا ہے کہ یہ تدبیر یا فلاں بات تو وہ سوچ ہی نہیں سکتا تھا۔ یہ تو اسے سمجھائی گئی ہے، کتنے بہت سے علوم ہیں، جن کی ابتدا” القاء“ اور” الہام“ سے ہوئی ہے۔ قرآن کریم اس پرشاہدہے کہ کرہٴ ارضی کے پہلے انسان کواشیاء کے نام کا الہام ہوا۔ اس حقیقت کو یوں بھی بیان کیا جا سکتاہے کہ انسانی علم کی اولین بنیا د وحی، الہام اورالقاء ہے۔ جس اللہ نے کائنات کو خلق فرمایا اسی نے اپنے فضل سے انسان کو کائنات کی اشیاء کا علم بھی عطافرمایا ہے۔

                اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہنمائی کے لیے انسانوں ہی میں سے ایسے مقدس نفوس کو منتخب فرمایا، جو ہراعتبار سے مکمل انسان تھے، جن کی دیانت و صداقت اور سیرت پرمعاشرہ اعتماد رکھتا تھا۔ ان مقدس نفوس کو دین کی اصلاح میں نبی اوررسول کہتے ہیں اوران کو جس ذریعہ سے ہدایت دی گئی اُس کا نام ”وحی“ ہے۔ وحی میں نبی اور رسول کی اپنی کوشش اور تجربے کا ذرہ برا بر دخل نہیں ہوتا۔ وہ مہبطِ وحی ہوتا ہے یعنی وحی اُس پرنازل ہوتی ہے، وہ خود ”وحی ساز “نہیں ہوتا۔

                 ہردورمیں اللہ تعالیٰ کی حکمتِ بالغہ اور مشیتِ کا ملہ کے تحت انبیاء و رسل آتے رہے۔ اُن میں سے بعض پر صحیفے اورکتا بیں بھی نازل ہوئیں۔ یہاں تک کہ 

جب اپنی پوری جوانی پرآگئی دنیا

 جہاں کے واسطے اک آخری نظام آیا

                اللہ تعالیٰ نے حضرت سیدنا عیسٰی علیہ السلام کے کئی سو سال بعد اُس ”انسانِ کامل “ کو مبعوث فرمایا، جس پردین کا اِتمام کر دیا گیا اور نبوت اور رسالت کے عہدے کو ختم کر کے اعلان فرمایا کہ یہ نبی۔ احمد محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم- خاتم النبیین ہیں یعنی اب کسی قسم اورکسی نوع کا کوئی نبی، ظلی یا بروزی قیامت تک نازل نہیں ہوگا۔

 نبوت اوررسالت کا منصب اب کسی اور کے لیے باقی نہیں رہا۔ قیامت تک کے لیے اسی نبیٴ آخر کی لائی ہوئی ہدایت و شریعت ہراعتبار سے کافی و وافی ہے۔ اس میں نہ کوئی اضافہ ہو سکتا ہے اور نہ ترمیم۔ حضورخاتم النبیین پرجوکتاب نازل ہوئی اُس کا نام ”قرآن“ ہے۔

                 جب تمام انبیا آچکے اورکتا بیں بھی نازل ہو چکیں اور چشمِ فلک اِن کتابوں میں تحریف کا تماشا بھی دیکھ چکی، تو پھراللہ تعالیٰ نے اس نبی کو بھیجا جو آخری نبی تھا۔ جس کی ذاتِ گرامی پرنبوت و رسالت کا اختتام کردیا گیا۔ چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نیا نبی اوررسول آنے والانہ تھا۔ اس لیے جو کتاب(القرآن) آپ پر نازل فرمائی گی اس کی حفاظت کا وعدہ اللہ تعالی نے فرمایا اوراللہ تعالی کا قول اور وعدہ سچا ہی ہوا کرتا ہے۔

کلامِ محفوظ:

                سب سے پہلی بات غور کرنے کی یہ ہیکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پروحی جن حروف والفاظ کے ساتھ نازل ہوئی ،آپ نے تو حرفاً حرفاً اور لفظاً لفظًا ہوبہواسی طرح اُس کی تلاوت فرمائی۔ ساتھ ہی اس کو لکھوا بھی دیا اور بہت سے صحابہ نے اسے زبانی یاد بھی کرلیا۔ جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی تو پورے کا پورا قرآن سفینوں اورسینوں میں محفوظ تھا، قرآنِ کریم میں ایسی آیتیں بھی ہیں، جن میں کسی ترکِ اولیٰ پررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کواللہ تعالیٰ نے تنبیہ فرمائی ہے۔ حضور نے اس قسم کی آیتوں کو بھی بلفظہ تلاوت فرمایا۔ وہ انسانِ کامل جسے اُس کے دشمن ”الامین“ کہتے تھے۔ اُس نے کمالِ امانت کے ساتھ خالق کا کلام مخلوق تک پہنچا دیا۔

                قرآن کریم سورتوں کی، جس ترتیب کے ساتھ آج دنیامیں پایا جاتا ہے، یہ ترتیب بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کووحی کے ذریعہ بتائی گئی تھی۔

                اُمّت نے نہ صرف قرآن کو سفینوں اورسینوں میں محفوظ رکھا؛ بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جس لب ولہجہ میں قرآنی آیات تلاوت فرماتے تھے، اُس لب و لہجہ کو بھی محفوظ کیا گیا۔

                 دنیا میں کوئی کتاب، صحیفہ، بیاض اورمخطوطہ قرآنِ کریم کی برابری تو کیا، اس سے سینکڑوں درجہ کم تعداد میں بھی نہیں پڑھا جاتا۔ تنہا یہی وہ کتاب ہے جو دن رات میں پانچوں وقت کی نمازوں کے علاوہ دوسرے اوقات میں بھی تلاوت کی جاتی ہے، جس کی معنوی تعلیم کے علاوہ اس کی قرأت و تجوید کی تعلیم کے لیے ہزاروں مدر سے دنیا میں پائے جاتے ہیں۔ تنہا یہی وہ کتاب ہے جو تمام سے زیادہ مضامین، تحریروں،تقریروں میں نقل و بیان کی جاتی ہے اور سال کے سال رمضان کے مہینہ میں کروڑوں مسلمان پورے قرآن کو حفاظ کی زبان سے سنتے ہیں۔

اعجاز در اعجاز:

                عربوں کو اپنی زبان دانی، شاعری اور فصاحت و بلاغت پربڑا ناز تھا۔ وہ اپنے علاوہ ساری دُنیا کو گونگا (عجمی)کہتے تھے۔ قرآن ِکریم نے ان عربوں کو چیلنج کیا کہ تم قرآن کی چھوٹی سی چھوٹی ہی ایک سورہ تصنیف کر کے پیش کردو، عربوں کی قومی اور آبائی غیرت کو یہ سب سے بڑا چیلنج تھا، مگراس چیلنج کے جواب میں اُنہیں سکوت اختیار کرنا پڑا۔

                دنیا میں نظم و نثر کی کوئی ایسی قدیم و جدید کتاب نہیں ملتی، جس کے کچھ محاورے، اصطلاحیں اورالفاظ متروک نہ ہو گئے ہوں اور اُن میں فرسودگی اورغرابت پیدا نہ ہو گئی ہو۔ ہاں! صرف قرآنِ کریم ہی وہ تنہا مقدس کتاب ہے، جس کا ایک لفظ بھی چودہ سو سال کی طویل مدت میں متروک نہیں ہوا۔ عربی زبان وادب کا یہ وہ بلند ترین معیار ہے، جس کے سامنے عربی ادب کی تمام شاہکاراورشہرہٴ آفاق کتا بیں کم درجہ اورفروتر نظر آتی ہیں۔ قرآنِ کریم جس طرح اب سے چودہ سو سال پہلے لغت، الفاظ، طرزِ بیان اور مفہوم و معنی کے اعتبار سے تروتازہ تھا، آج بھی وہ اسی طرح تر و تازہ اور سدا بہار ہے۔ اس گلکدہ کا ایک پتہ بھی خزاں رسیدہ نہیں ہوا اوراس کی ایک آیت اور ایک لفظ کو کروڑوں بار دہرانے کے بعد بھی وجدان ذراسی اکتاہٹ محسوس نہیں کرتا۔

                 تقریر وتحریر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں شعریت پیدا ہو جائے۔ شاعری کا زبان وادب میں بہت بلند مقام ہے، مگراللہ تعالی فرماتا ہے کہ اس نبی کونہ تو ہم نے شاعری سکھائی ہے اور نہ شاعری اُس کے شان کے شایان ہی ہے، یہ بھی قرآنِ کریم کا اعجاز ہے کہ وہ شاعری نہ ہونے کے با وجود کمال درجہ کا حسین و دلکش، فصیح وسادہ بلکہ سہل ممتنع کلام ہے۔ علامہ اقبال نے اس مصرع میں:

آہنگ میں یکتا صفت سورہٴ رحمٰن

                 مرد مومن کی تعریف کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی معجزانہ نغمگی کی طرف بھی لطیف اشارہ کردیا ہے۔ قرآن کریم میں وہ مقدس نغمگی اورایسا پاکیزہ آہنگ پایا جاتا ہے، جو شریفانہ جذبات کو حرکت میں لاتا ہے، قرآن کی نغمگی کے سامنے وہ راگ راگنیاں کوئی وزن نہیں رکھتیں، جنہیں سن کرآدمی کے اندر سفلی جذبات اور ہوسناک خیالات حرکت میں آتے ہیں۔

                قرآنِ کریم کی تلاوت و سماعت آنکھوں کو اشکبار بھی کرتی ہے اورلبوں پرموجِ تبسّم بھی اُبھاردیتی ہے۔خشیت و محبت کی ملی جُلی کیفیت! اس مقدس کتاب میں وہ توازن پایا جاتا ہے، جو آدمی کو رحمت وغفاریت کے سہارے غیر ذمہ دار اور فرض ناشناس نہیں ہونے دیتا۔ اور قہاریّت اورانتقام کا تصورآدمی کو مایوس نہیں بناتا۔ قرآنِ کریم کا یہ بیان کس قدر نشاط انگیز ہے کہ بہشت کے قصر و ایوان میں غلمان سونے کے تھال لیے ہوئے گردش کر رہے ہیں، مگر اس کے ساتھ ہی قرآن پاک میں یہ ہولناک منظر بھی ملتا ہے کہ دوزخ کی غضب ناک آگ میں لوگوں کے جسموں کی کھالیں بدلی جا رہی ہیں یعنی اللہ تعالیٰ سے امید بھی، اُس کا خوف بھی،بیم کے ساتھ رجاء بھی، قرآنِ کریم انسان کو اس عالم میں رکھنا چاہتا ہے کہ جنت کی نشاط و شادمانی اور مغفرت کی امید اُسے فرض ناشناس، ناشکرا، غافل اورکاہل نہ بنادے اورانتقام و عقوبت داروگیرواحتساب اورجہنم کے عذاب کا ذکرسن کر آدمی نا امید نہ ہو جائے اور وہ ہاتھ پیر توڑ کر اور جی چھوڑ کرنہ بیٹھ جائے۔

مکمل نظام زندگی:

                 قرآنِ کریم صرف دعاوٴں اور مقدس زمزموں کی کتاب نہیں ہے کہ خلوصِ نیت وعقیدت کے ساتھ تلاوت کر کے، جس کا حق ادا ہو جاتا ہے، یہ” الکتاب “ ہے، جو زندگی کے تمام شعبوں کو محیط ہے اور حکومت کے ایوان سے لے کر فقیر کی جھونپڑی تک زندگی کا کوئی مرحلہ اس سے باہر اورآزاد نہیں ہے، خود رسول اللہ علیہ وسلم نے جن پرقرآن نازل ہوا تھا۔ کم وبیش بائیس سال کی مدت تک جنگ ہو، صلح ہو، حکومت ہو، تجارت ہو، عائلی زندگی ہو، قرآنی احکام کوعملاً برت کردکھایا۔

                قرآن کریم کوئی خیالی کتاب نہیں ہے، جس کے الفاظ کاغذ پرتوبھلے معلوم ہوتے ہیں ،مگرعملی دنیا میں ان الفاظ کی معنویت ساتھ نہیں دیتی۔ قرآنِ کریم مکمل ترین دستورِ حیات اوراللہ تعالیٰ کا نازل کیا ہوا آخری اور قطعی منشورِ زندگی ہے،یہ زندگی کے تجربوں کے مرحلوں سے گزرا ہے اور زندگی کے سفر میں قدم قدم پرقرآن زندگی اورفطرت سے انتہائی مربوط ثابت ہوا ہے۔ قرآنِ کریم میں زندگی سے گریز و فرار کا کوئی چور دروازہ یا پوشیدہ سرنگ نہیں ملتا۔ ترکِ دنیا اور رہبانیت کے علی الرغم قرآنِ کریم نے تواس دعا کی تعلیم دیا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ سے اس مادّی دنیا کوحسین و خوبصورت یعنی صالح بنانے کی تمنا کی گئی ہے۔(ربنا آتنا فی الدنیا حسنة)اللہ تعالیٰ نے دنیا کا کارخانہ بچوں کے گھروندوں کی مانند کھیل کے لیے نہیں بنایا۔ یہ تو شعور وبصیرت کی تمام قوتوں اور توانائیوں کے ساتھ برتنے کے لیے خلق کیا گیا ہے۔

                 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہدِ مقدس میں قرآنی اخلاق کی بنیادوں پر معاشرہ استوار کیا گیا اور اس طرح قرآنی تعلیمات کو متشکل کردیاگیا۔ معاشرہ راہبوں اور جوگیوں کا معاشرہ نہیں، فاتحوں اور کشور کشاوٴں کا معاشرہ تھا۔ اس معاشرے میں صفّہ کے فقرا اور مسکینوں سے زیادہ فاتحین بدر و حنین پائے جاتے تھے۔ قرآن ِکریم نے ان نفوسِ قدسیہ میں اس قدر جوش اور ولولہ پیدا کر دیا تھا کہ مٹھی بھر انسان قریش کے لشکر سے ٹکرا گئے اور چشمِ فلک نے دیکھ لیا کہ فتح ان بے سر و سامان اور بوریا نشینوں ہی کی ہُوئی۔

                اس کے بعد خلافتِ راشدہ کے مبارک دورمیں حاملینِ قرآن نے روم ومد این کی پر شکوہ سلطنتوں کے دھوئیں اڑا دیے۔فتح مندی قرآنِ کریم کے ان عملی مفسرین کے قدم چومتی تھی اور شوکت و اقبال اُن کے گھوڑوں کی رکابیں تھام کر چلتے تھے۔دنیا میں صداقت و امانت اُن کے نام اور کام سے پہچانی جاتی تھی۔ صحابہ کرام کو تمدن و معیشت کے کیسے کیسے نئے نئے اورپیچیدہ مسائل سے سابقہ پڑا، مگر کتاب و سنت کی رہنمائی میں انھوں نے ہر مسٴلہ کا حل تلاش کر لیا اور جنگ کے میدانوں ہی میں نہیں تمدن و تہذیب اورسیاست و معیشت کے محاذوں پر بھی غالب اور فتح مند رہے۔

صحیفہٴ ہدایت:

                قرآن کریم کی تنزیل کی اصل غایت ”ہدایت“ ہے۔ اس لیے اس مقدس کتاب کو ”رحمت“ اور” نور“بھی کہا گیا ہے۔ قرآنِ کریم کی ہرآیت نورِ ہدایت ہے۔ اس لیے قرآن کریم میں جہاں کہیں چاند،ستاروں اورافلاک کا ذکر آ گیا ہے اُس سے یہ سمجھنا درست نہیں ہے کہ قرآن علمِ ہئیت پرکوئی مقالہ پیش کررہا ہے۔ اسی طرح ہوا اور پانی کے ذکر کا علمِ موسمیات سے پیوند جوڑ دینا، زمین کے بیان کو علمِ طبقات الارض سے نسبت دینا، ہریالی کھیتی، پھول، پتوں اور درختوں کی تفصیل کو فنِ باغبانی اور فنِ زراعت کا ضمیمہ سمجھنا، علمِ قرآن میں غلط اندیشی کی دلیل ہے۔ جولوگ قرآن کی ہمہ گیری اور جامعیت دنیا کے سامنے پیش کرنے کی نیت سے سائنسی علوم سے قرآنِ کریم کو مطابقت دینے کی کوشش کرتے ہیں ،وہ قرآن کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کرتے۔ اسی طرح بعض دوسرے علوم کے نظریے اور کلیے بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں۔ اگرآج کسی علم وفن کا کوئی نظریہ اور کلیہ کھینچ تان کرقرآن کریم کی کسی آیت پرفٹ کر دیا گیا، مگرکچھ زمانہ یا زیادہ مدت گزرنے کے بعد وہ نظریہ اور کلیہ اُنہی علوم کے ماہرین نے اپنے تجربہ اور تحقیق کی بنا پررد کر دیا۔

                 اُس وقت قرآن کریم کو مجروح ہونے سے بچانے کے لیے فنِ تاویل کی پناہ لی جائے گی، زمانہ کی ایجادات اور نت نئے تجربوں کا قرآنِ کریم سے جوڑملا دینا بڑا خطرناک کھیل ہے، جسے وہی لوگ کھیلتے رہتے ہیں ،جو قرآنی بصیرت سے بڑی حد تک محروم ہیں۔

                قرآنِ کریم میں جہاں بت تراشی کا ذکر آتا ہے یا اُن لوگوں کا ذکر ہے جو پہاڑ کو تراش کر مکانات بنایا کرتے تھے تو اس اجمال سے یہ نکتہ پیدا کرناکہ قرآن کریم کی ان آیتوں میں فنِ تعمیر سمویا ہوا ہے، قرآن فہمی کے ساتھ ایک طرح کا مذاق ہے۔ قرآن کریم کو تمام علوم وفنون کی انسائیکلو پیڈیا ثابت کرنے کی کوشش کرنے والے قرآن کو سخت امتحان میں ڈال رہے ہیں اور نکتہ چینوں کے لیے زمین ہموار کر رہے ہیں۔

                 قرآن کریم کی جامعیت اس اعتبار سے مسلّم ہے کہ اس میں ہدایت کا ہرجامع عنوان پایا جاتا ہے اورجوا مہات واُصول ہدایت کے ہو سکتے ہیں، وہ قرآن کریم میں موجود ہیں۔ اخلاق و تقوی کی مکمل ترین تعلیم اس مقدس صحیفہ میں ملتی ہے۔ اس لیے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا کہ حَسْبُنَا کِتَابُ اللّہ ۔ ہمارے لیے اللہ کی کتاب کافی ہے۔

                قرآنِ کریم صرف صلوٰة، زکوٰة، روزہ اور حج ہی کے مسائل نہیں بتاتا؛ بلکہ وہ حکومت،تجارت، معاشرہ، عائلی زندگی اوراسی طرح زندگی کے دوسرے شعبوں کو بھی اُصول اورقوانین دیتا ہے۔ قرآنِ کریم بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ جس طرح تکوینی رب ہے،اسی طرح تشریعی رب بھی ہے۔ جس طرح عالمِ تکوین میں اُس کا حکم چلتا ہے؛ اُسی طرح شریعت میں بھی اُس کے حکم کو قطعیت حاصل ہے۔ جس طرح نمازمیں اللہ تعا لیٰ کے حضورمسلمان کا سر جھکتا ہے؛ اسی طرح پوری زندگی کو اللہ تعالیٰ کے احکام و ہدایت کے آگے سر تسلیم خم کر دیناچاہیے۔اَلْاَرْضُ للہ والمُلْکُ ل

                یہ ہے قرآن کے منشورِ حکومت و ریاست کی وہ پہلی دفعہ جو اس بات کو واضح کرتی ہے کہ اصل حاکمیت اور حکومت اللہ تعالیٰ کی ہے اورانسانوں کی حکمرانی اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کے تابع ہونی چاہیے۔ پھرقرآنِ کریم نے”مشاورت “کی ہدایت دے کردنیا کو”شورائیت“ کا رہنما اُصول دیا۔پھرمسلمان حکمرانوں کی یہ صفت بتائی کہ:-الَّذِینَ إِنْ مَّکَّنّٰہُمْ فِی الْأرْضِ أَقَامُواالصَّلوةَ وَاٰتُوا الزَّکَوٰةَ وَاَمَرُوا بالْمَعْرُوفِ وَنَہَوْا عَنِ الْمُنْکَرِ۔(حج:۴۱)

                 جس ملک میں بھی مسلمانوں کو غلبہ، اقتدار اورحاکمیت حاصل ہو اور وہاں کا حکمران طبقہ اقامتِ صلوٰة اور تنظیمِ زکوٰةسے غافل ہو اورامربالمعروف اورنہی عن المنکر کا فریضہ انجام نہ دیا جار ہا ہو، اس جگہ حکومت صحیح ہاتھوں میں نہیں ہے۔ وہ جو ہراس عہدہ اور منصب کے لیے کچھ صفات ضروری ہوتی ہیں، مند رجہ بالا آیت میں اللہ تعالیٰ نے مسلم حکمرانوں کی صفات بیان فرمائی ہیں۔پھراللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں یہ بھی فرمایا ہے کہ اللہ کی زمین صالحین کا ورثہ ہے، اس آیت سے یہ با ت واضح ہوتی ہے کہ دنیا کے جن خطّوں پربھی غیرصالحین یعنی فساق و فجار کا قبضہ اورعمل دخل ہے، وہ لوگ دراصل غاصب ہیں، اس لیے اس بات کی مسلسل جدوجہد ہوتی رہنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی زمین غاصبوں کے قبضہ سے نکل کرزمین کے جائز وارثوں یعنی صالحین کے قبضہ میں آجائے۔

                 قرآنِ کریم نے انسان کی عزت و تکریم کا معیار” تقویٰ“ مقررفرما کرحسب و نسب، حکومت، دولت، ظاہری حسن، وجاہت اوردوسری تمام اضافی خوبیوں کوپست اورفروتر قرار دے دیا ” تقویٰ “کو ہرعزوشرف اورحسن وخوبی سے برتراوربلند ترٹھہرایا گیا۔ حاکمیّت، صالحیّت اورتقویٰ کی یہی وہ قرآنی تعلیم تھی، جس کے تحت حضرت سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے یزید کی بیعت سے انکار فرما کراوراللہ تعالی کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرکے، حق گوئی، سرفروشی اور باطل کے مقابلہ میں استقامت وعزیمت کی ایک روشن مثال قائم فرمادی۔

                قرآنِ کریم نے سود اورقمارکو حرام قراردے کر سرمایہ داری اورہوسِ زر کا مٹھ ماردیا، شراب جو ”ام الخبائث “ ہے، قرآن نے اُسے ”رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَیْطانِ“ کہا۔ عورت جو معاشرے میں آزادانہ اختلاط کے سبب بہت بڑے فتنہ کا باعث بن جاتی ہے۔ اس کی عصمت وعفت کے لیے جلباب و خمار کے حصارقائم کیے۔ اس کو مقامِ زینت کی نمود و نمائش اورتبرّج جاہلیت سے روکا؛ یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازدواج یعنی امہات المومنین کو براہِ راست اور تمام مسلم خواتین کو تبعاً حکم دیا کہ وقار کے ساتھ گھروں میں بیٹھیں اورکسی نامحرم سے گفتگو کرنے کی ضرورت پیش آجائے، تو دو بدو اورروبرونہیں، پردے کی آڑمیں گفتگو کریں اور بات کرنے میں ایسا لہجہ پیدا نہ ہونے دیں، جس سے سننے والا غلط قسم کی کوئی اُمید اپنے دل میں قائم کرلے۔

تفہیم و تاویل:

                قرآنِ کریم میں بار بارعقل وبصیرت سے کام لینے اورذہن و فکر کی توانائی کو صرف کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ قرآن میں کسی مقام پربھی عقل کی اہمیت کی نفی نہیں فرمائی گئی۔عقل اللہ تعالیٰ کا عظیم عطیہ ہے، اس کو معطل وبیکارکس طرح رکھا جا سکتا ہے، مگراس نقطہ کوذہن میں رکھیے کہ قرآن میں غوروفکر کی دعوت اس لیے دی گئی ہے کہ قرآن جن حقائق اوراُصولِ احکام کوپیش کرتا ہے، اُن پرایمان پختہ سے پختہ ترہو جائے۔ عقل کو دراصل وحی ٴالٰہی کا تابع ہونا چاہیے۔ شیطان نے اللہ تعالیٰ کے اللہ ہونے سے انکار نہیں کیا تھا، بلکہ اُس کاسارا قصور یہ تھاکہ اُس ظالم نے عقل کو حکمِ الہٰی کے تابع کرنے کی بجائے،عقل کو حکم الہٰی پرترجیح دے کراللہ تعالیٰ کے حکم کے مقالہ میں عقلی قیاس سے کام لیا اورحکم الہٰی کی نافرمانی کرنے کے جرم میں اُسے ملعون و مطرودقراردیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے احکام کے آگے بے چوں و چرا سرتسلیم خم کردینا عقل و دانائی کی بات ہے۔ جو عقل صحیح اورمتوازن ہوگی اُسے قرآن کے کسی لفظ اورحرف میں کسی قسم کا کوئی شک دکھائی نہیں دے سکتا۔

قرآنی فکر:

                قرآن کریم میں دو طرح کی آیات ملتی ہیں،ایک وہ جن کو” محکمات“ فرمایا گیا ہے اور یہی ”ام الکتاب“ یعنی کتاب اللہ کی اصل بنیاد ہیں۔ دوسری آیات ”متشابہات“ہیں۔ اُن کے بارے میں خود قرآن کہتا ہے۔

                فَأمَّا الَّذِینَ فِی قُلُوبِہِمْ زَیْغٌ فَیَتَّبِعُونَ مَا تَشَابَه مِنْه ابْتِغَاءُ الْفِتْنَةِ وَابْتِغَاءَ تَأْوِیلِهِ وَمَا یَعْلَمُ تَأْوِیلَه إِلَّا اللہُ والرّٰسِخُونَ فِی الْعِلْمِ یَقُولُونَ اٰمَنَّا بِهِ کُلٌّ مِّنْ عِنْدِ رَبَّنَا۔ (آل عمران:۷)

                (جن لوگوں کے دلوں میں کجی ہے وہ فتنہ کی تلاش میں متشابہات کے پیچھے سدا پڑے رہتے ہیں اوراُن کو معنی پہنانے کی کوشش کرتے ہیں؛ حالاں کہ اُن کا حقیقی مفہوم اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا، بخلاف اِس کے جو لوگ علمِ دین، میں پختہ ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہمارا ان پرایمان ہے،یہ سب ہمارے رب ہی کی طرف سے ہے۔)

                کائنات کا آغاز کس طرح ہوا، اس کا اختتام کسی طرح ہوگا۔ اللّہ تعالی کی کیا صفات ہیں، ان کے بارے میں قرآن کریم نے جوالفاظ استعمال فرمائے ہیں اُن پرایمان لانا اوران کا سادہ تصور کافی ہے، اُن کی ماہیت جاننے کی کوشش سے روکا گیا ہے۔ دنیا سائنس میں کہاں تک ترقی کر گئی ہے، مگر آج تک اس کا پتا نہیں لگ سکا کہ دنیا میں سب سے پہلے مرغی پیدا ہوئی تھی یا انڈا؛ اسی طرح یہ بھی معلوم نہ ہو سکا کہ گندم کا پودا سب سے پہلے خلق ہوا تھا یا اس کابیج،یعنی دانہٴ گندم، لیکن ان حقائق اور رماہیتوں کے نہ جاننے سے انسانی معیشت کا کوئی کام رکا ہوا نہیں ہے؛اسی طرح متشابہات پرایما ن رکھتے ہوئے اُن کا مکمّل اورواقعی علم نہ ہونے سے دین و شریعت اوراخلاق وایمان میں کوئی کمی واقع نہیں ہو جاتی۔

                قرآن, کریم کا مطالعہ جو زمین بناتا ہے، اُس میں بڑا سلجھاوٴاورسادگی پائی جاتی ہے۔ اس قسم کا قرآنی ذہن کلامی نکتہ آفرینیوں اور فلسفیانہ موشگافیوں اور متصوفانہ لطائف میں دلچسپی نہیں لیتا۔

ربط ونظم:

                قرآنِ کریم مصنّفوں کی لکھی ہوئی کتابوں اور اہل قلم کے مرتب کیے ہو ئے مجموعوں کی طرح کوئی کتاب نہیں ہے، جن میں عنوانات ہوں اور ہرعنوان کے تحت ذیلی ابواب اور حواشی ہوں اور جب ایک مضمون ختم ہو جائے تو پھر دوسرا شروع کیا جائے۔ قرآن کا اندازِ بیاں تحریری و تصنیفی نہیں تقریری ہے، جولوگ عام تصانیف وتالیف پر قرآنِ کریم کوقیاس کر کے اُس کا مطالعہ کرتے ہیں،انھیں قرآن کریم کی آیتوں اورمضامین میں بے ربطی محسوس ہوتی ہے۔ قرآنِ کریم اس قسم کی تصنیف سرے سے ہے ہی نہیں۔

                نظمِ قرآن کا محور یہ ہے کہ اس کتاب بے مثال میں بار بار اور جگہ جگہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت اورشانِ خلاقیت کا ذکر ہے۔ قرآن بار بار آخرت کے محاسبہ کی یاد دلاتا ہے، وہ ان لوگوں کا بھی ذکر کرتا ہے، جن پراللہ کا انعام ہوا ہے اوران کا بھی جن پراللہ تعالی کا غضب نازل ہوا۔ کسی فرد یا قوم کا ذکرہو، آثارومشاہدات کی تفصیل ہو، معاشرے کے لیے کسی قانون و حکم کی تنفیذ کا اعلان ہو۔ ہرموقع پرقرآن کریم ذہنِ انسانی کو یاد دلاتا اورچونکاتا رہتا ہے کہ:

                اللہ تعالیٰ اس کا خالق اور رب ہے۔

                انسان کودنیا میں وہ زندگی گزارنی چاہیے جو اللہ تعالیٰ کو پسند ہے۔

                 اس دنیوی زندگی کے اعمال کی بنا پرآخرت میں سزا و جزا ملے گی۔

                قرآنِ کریم کا ہر مضمون اسی دعوت کے ارد گرد گردش کرتا ہے، اسی کی جگہ جگہ تکرار کی گئی ہے اور یہی”تذکیر“ اس دعوت کا عمود اور مرکزی نقطہ ہے۔

قرآن اور معلّمِ قرآن:

                اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم لکھا لکھا یا مکہ کی کسی پہاڑی پریادرخت پر نہیں رکھوا دیا تھا، بل کہ اسے نجمًاً نجماً حضرت سیدنا محمد (ابن عبد اللہ) علیہ الصلواة والتسلیم پرنازل فرمایا اوراس نزول کے ساتھ صاحبِ قرآن اور مہبطِ وحی الہٰی کا جو منصب تھا،اُس کا ذکر بھی قرآن ہی میں کردیا گیا۔ یہ کہ:

لَقَدْ مَنَّ اللَّہُ عَلَی الْمُوٴْمِنِینَ إِذْ بَعَثَ فِیہِمْ رَسُولًا مِّنْ أَنفُسِہِمْ یَتْلُوا عَلَیْہِمْ اٰیٰتِهِ وَیُزَکِّیہِمْ وَیُعَلِّمُہُمُ الْکَتٰبَ وَالْحِکْمَة۔َ (آل عمران: ۱۶۴)

                (در حقیقت اہل ایمان پرتواللہ نے یہ بہت بڑا احسان کیا ہے کہ ان کے درمیان خود انہی میں سے ایسا پیغمبراٹھا یا ،جو اُس کی آیات انہیں سُناتا ہے،اُن کی زندگیوں کو سنوارتا ہے اورکتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے)

                 دنیا کے قدیم و جدید طریقہٴ تعلیم میں ہرمعلم جس کسی کتاب کی تعلیم دیتا ہے، تو وہ یہ نہیں کرتا کہ اپنی طرف سے کتاب کی شرح و تفصیل میں کچھ نہ کہے، بل کہ کتاب کی اصل عبارت کودُہراتار ہے۔ کتاب کی تعلیم کے معنی ٰہی یہ ہیں اور یہی تعلیم کی غرض وغایت ہے کہ معلم جن مقامات کو مناسب سمجھتا ہے شرح کرتا جاتا ہے اور بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ طلباء اور شاگرد بھی کتاب کے بارے میں اُستاد سے سوال کرتے ہیں،وہ اُن کے جواب دیتا ہے۔

                اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو” کتاب و حکمت “کی تعلیم کے منصب پرمامورفرمایا تھا۔ اس منصب کی ذمہ داریوں کو حضورصلی اللہ علیہ و سلم نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے نبی کی حیثیت سے انجام دیا۔ حضور کے اس منصب کو ذہن میں رکھ کر، نطقِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے بارے میں قرآن کا فیصلہ سُنیے:-  وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہوٰی إِنْ ھوَ إِلَّا وَحْیٌ یُّوْحی.(النجم: ۴،۳)

                (یہ نبی، اپنے(نفس کی) خواہش سے کلام نہیں کرتا۔ اس کا کلام تو وحی ہوتا ہے۔)

                (ا) تلاوتِ قرآن (۲) تزکیہٴ نفس اور (۳) کتاب و حکمت کی تعلیم — وہ فرائض اور ذمہ داریاں ہیں، جواللہ تعالی کی طرف سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تفویض کی گئی تھیں اور قرآن کریم نطقِ رسول کو وحی کہتا ہے، یعنی جو زبان کتاب اللہ کی تلاوت کرتی تھی، و ہی زبان کتاب اللہ کی تعلیم بھی دیتی تھی اورقدیم اورجدید طریقِ تعلیم میں کتاب کی تعلیم سے مراد کتاب کے مضامین کی شرح و تفصیل ہی ہوتی ہے۔ اس لیے رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتاب و حکمت کی جو تعلیم دی، وہ بھی وحیٴالہٰی ہے اورچوں کہ کتاب و حکمت کی تعلیم کا فریضہ حضور نے نبی ہونے کی حیثیت سے انجام دیا ہے، اس لیے وہ منصوص ہے اور اس کی اطاعت امت پرفرض ہے۔

                جس اللہ نے قرآن کو نازل فرمایا اورجس ذاتِ گرامی پرنازل فرمایا؛اُسی اللہ نے رسول اللہ کے نطق کو وحی الٰہی کہا،کتاب و حکمت کی تعلیم اُس کو تفویض کی گئی۔اُس کے اسوہٴ حسنہ کو معیارِحق اورانسانیت کے لیے نمونہٴ عمل قرار دیا اوراُس کی اطاعت کو منصوص ٹھہرا یا۔(أَطِیعُوا اللَّہَ وَأَطِیعُوا الرَّسُولَ)قرآن کی واضح ہدایات کے بعد جوکوئی سنتِ رسول کو دین میں حجت نہیں مانتا،وہ دراصل منصبِ نبوت کا انکار کرتا ہے اورمنصبِ نبوت کا انکار کفر ہے۔

                 اس صورتِ حال کو سمجھ لینا چاہیے کہ قرآنِ کریم جن لفظوں میں نازل ہُوا ہے، یہ الفاظ اگرچہ نطقِ رسُول سے ادا ہوئے ہیں،مگراس میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی کوشش اور ارادے کا کوئی دخل نہیں ہے۔ ایک ایک لفظ وحی(متلوّ) ہے، مگر احادیث کا معاملہ یہ ہے کہ معانی اللہ کی طرف سے وحی ہُوئے ہیں؛ لیکن ان وحی شدہ معانی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے لفظوں میں ادا فرمایا ہے، اس لیے احادیث کو”وحیِ غیر متلوّ “ کہا جاتا ہے، مگر وحیِ متلوّ اور وحی غیر متلوّدونوں دین میں حجت ہیں۔

قرآن کے ساتھ سلوک:

                 کوئی شک نہیں، قرآن کریم ایک مقدس قانون اورمتبرّک دستور ہے، جس پرعمل کرنا تو منصوص ہے ہی، اس کا پڑھنا اورسننا بھی ثواب ہے۔ جواہلِ ایمان قرآن کے معنی جانے بغیر یا ناظرہ پڑھتے اور سنتے ہیں وہ بھی ثواب کے مستحق ہیں، مگرقرآنِ کریم اللہ تعالی نے سمجھ کر پڑھنے، غور کرنے اورعمل کرنے کے لیے نازل فرمایا ہے۔ علامہ اقبال نے دردمندی کے لہجہ میں فرمایا تھا کہ”دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم کتاب ”قرآن“ ہے کہ مسلمان اُسے بے سمجھے پڑھتے ہیں۔“

                 قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی عظمت اوراُس کے کلام کی تقدیس کا تصور ذہن و فکر میں جانا چاہیے، قرآن مجید کی آیتیں ٹھہر ٹھہر کر پڑھنی چاہئیں۔ پورے قرآن کو ایک دن میں بغیر سمجھے ختم کردینے کے مقابلہ میں ایک رکوع سمجھ کر اورعمل کرنے کی نیت سے پڑھنا زیادہ فائدہ مند ہے۔ جن آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے مغفرت کی اورجنت کی بشارت دی ہے اُن کو تلاوت کرتے ہوئے زبان سے یا دل ہی دل میں اللہ سے دُعا مانگنی اور تمنا کرنی چاہیے کہ اس بشارت کی سعادت ہمیں بھی میّسر آجائے۔ جن آیتوں میں عذابِ آخرت سے ڈرایا گیا ہے اور عذاب جہنم کا ذکر آیا ہے، اُن کو پڑھتے وقت خوف و اندیشہ کی کیفیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگنی چاہیے۔ دل میں تڑپ، گداز، خلوص، لگن، سوز و درد اور خشیتِ الٰہی ہو تو قرآن کی تلاوت کے دوران آنکھیں ضرور اشکبار ہو جاتی ہیں ہے ۔

سرابے کہ رخشد بہ ویرانہ خو شتر

ز چشمے کہ پیرایہٴ نم نہ دارد

                 اللہ تعالیٰ نے جن آیتوں میں اپنی نعمتوں کا ذکر فرمایا ہے، اُن کی تلاوت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرنا چاہیے اوررات کو سوتے وقت اپنی زندگی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ قرآنِ کریم نے اخلاق و نیکو کاری کا جو معیار پیش کیا ہے، اُس معیار سے ہماری اپنی زندگی کس کس جزئیہ اور مرحلہ میں مطابقت نہیں کرتی، اس جائزے اوراحتساب کے بعد اس کی پوری پوری جد و جہد کرنی چاہیے کہ ہماری زندگی میں قرآنی اخلاق زیادہ سے زیادہ جھلکنے لگیں— یہاں تک کہ ہم:—

                یہ بات کسی کو نہیں معلوم کہ موٴمن قاری نظر آتا ہے، حقیقت میں ہے قرآن کا مصداق بن جائیں۔

طاقوں میں سجایا جاتا ہوں، آنکھوں سے لگایا جاتا ہوں

تعویز بنایا جاتا ہوں، دھو دھو کے پلایا جاتا ہوں

جُزدان حریر ور شیم کے، اور پھول ستارے چاندی کے

پھر عطر کی بارش ہوتی ہے، خوشبو میں بسایا جاتا ہوں

جس طرح سے طوطا مینا کو کچھ بول سکھائے جاتے ہیں

 اس طرح پڑھایا جاتا ہوں، اس طرح سکھایا جاتا ہوں

 جب قول و قسم لینے کے لیے تکرار کی نوبت آتی ہے

 پھر میری ضرورت پڑتی ہے ہاتھوں پہ اٹھایا جاتا ہوں

 دل سوز سے خالی رہتے ہیں آنکھیں ہیں کہ نم ہوتی ہی نہیں

 کہنے کو میں اِک اِک جلسہ میں پڑھ پڑھ کے سنایا جاتا ہوں

 نیکی پہ بدی کا غلبہ ہے سچائی سے بڑھ کر دھوکا ہے

 اک بار ہنسایا جاتا ہوں سو بار رلایا جاتا ہوں

 یہ مجھ سے عقیدت کے دعوئے قانون پر راضی غیروں کے

 یوں بھی مجھے رسوا کرتے ہیں ایسے بھی ستایا جاتا ہوں

 کسی بزم میں مجھ کو بارنہیں کس عرس میں میری دھوم نہیں

 پھر بھی میں اکیلا رہتا ہوں مجھ سا بھی کوئی مظلوم نہیں