انجمن اصلاح الکلام ۲۰۲۴ء کی سالانہ کارگزاری

مولانا صادق اشاعتی تونڈاپوری

                ”جامعہ اکل کوا“ اپنے طلبہ کی ہمہ جہتی تعلیم وتربیت کے لیے تعلیم وتعلّم کے ساتھ ساتھ انہیں خارجی نشاطات میں بھی مصروف ومشغول رکھتا ہے،جس کے لیے جامعہ کے چاروں تعلیمی شعبہٴ جات کی مستقل انجمنیں اور لجنات قائم ہیں ۔

                (۱) انجمن ثمرة التربیة: شعبہٴ دینیات کے طلبہ کے لیے ” انجمن ثمرة التربیت“ کا قیام عمل میں آیا،جس میں شعبہٴ دینیات کے ننھے منے بچے اپنی تقاریراپنے معصومانہ انداز میں اپنے ہی ساتھیوں کے سامنے پیش کرتے ہیں، جو بڑا خوش نما منظر ہوتا ہے۔

                (۲) انجمن زینت القرآن:شعبہٴ تحفیظ القرآن کے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے ، اپنے مافی الضمیر کو اپنے رفقاء کے سامنے رکھنے اور بیان وزبان کی اصلاح وترقی کے لیے دار القرآن ہی میں اپنی اپنی کلاسوں میں ہفتے میں ایک دن جمعرات کو بعدنماز مغرب بہترین تقاریرپیش کرتے ہیں۔

                (۳) لجنة القراء ة والتجوید: جامعہ میں تجوید وقراء ت کی تعلیم کے ساتھ دینیات، حفظ اورعربی درجات تینوں شعبہ جات میں طلبہ کے لیے لجنة القراء ت کا نظام بھی سال بھرجاری رہتا ہے ، اساتذہٴ تجوید پوری جانفشانی اور انہماک سے لجنة القراء ة کا نظام سنبھالتے ہیں۔سال کے اخیر میں لجنة القراء ة کا انتہائی عظیم الشان مسابقہ و مظاہرہ ہوتا ہے۔

                (۴) النادی العربی:عربی زبان وادب اور خطابت میں درک اورگہرائی پید ا کرنے کے لیے جامعہ نے طلبہ کے لیے النادی العربی کا قیام بھی عرصہ دراز سے کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے۔اس کا بھی سالانہ مسابقہ اور مظاہرہ منعقد کیا جاتا ہے ۔

                (۵)انجمن اصلاح الکلام: شعبہٴ عالمیت کے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور تقریر وخطابت میں انہیں پروان چڑھانے کے لیے ان کے مافی الضمیر کی شستہ ادائیگی کی خاطر انجمن” اصلاح الکلام“ کا قیام بھی عمل میں آ یا، یہ انجمن جامعہ اکل کوا کی تاسیس کے ایک دو سال بعد ہی قائم ہوگئی تھی، جس کو بڑے ہی منظم طریقے سے سال بھر کی تقریری سرگرمیوں سے رونق وتاب دی جاتی ہے۔

                عربی درجات کے تمام طلبہ عربی اول تادورہٴ حدیث شریف اس انجمن سے منسلک ہوتے ہیں ، پندرہ روز پرایک طالب علم کی تقریری باری لوٹ کرآتی ہے، طلبہ اپنی صواب دید کے مطابق اوراساتذہ کی تجویزوتعیین پر بھی حالاتِ حاضرہ میں سلگتے مسائل، اہم دینی واصلاحی عناوین اوردیگر معاشرتی دلچسپیوں سے متعلق مضامین کو تقریری عنوانات کے طورپرطے کرکے اردوزبان میں تقاریر یاد کرکے اپنے ساتھیوں کے سامنے بہ روز جمعرات بعد نماز مغرب پیش کرتے ہیں ،انجمن کے زیر انتظام مشرفین اساتذہ اور دورہٴ حدیث کے طلبہ کی نگرانی وصدارت میں تقریر وخطابت کے شعبے اصول وضوابط اوراہتمام کے ساتھ مکمل سال قائم ہوتے ہیں ۔وللہ الحمد علی ذالک

                تقریری شعبہٴ جات کے علاوہ دورانِ سال مختلف مواقع ،مہینوں اورایام کی فضیلت کی مناسبت سے بھی طلبہ کے تقریری پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔

                اس انجمن اصلاح الکلام کا ابتدائے سال میں افتتاحی اجلاس اورسال کے اخیرمیں مسابقاتی طرز پراختتامی اجلاس بڑے اہتمام اورتزک واحتشام کے ساتھ کامیابی کے مراحل طے کرتے ہوئے پورا ہوتا ہے۔

                انجمن اصلاح الکلام کا سالانہ پروگرام کے لیے عموما کسی معزز ، مشہور عالم دین کو مہمان خصوصی اور بحیثیت مقررمدعو کیا جاتا ہے،تاکہ موٴقر مہما نان خصوصی وعلمائے کرام کے علمی مواعظ و ملفوظات سے طلبہ کی رہنمائی اور استفادے کا حلقہ وسیع سے وسیع تر ہوتا رہے۔

سالِ رواں انجمن” اصلاح الکلام“ کی مختصر کارگزاری:

                انجمن اصلاح الکلام کی سابقہ روایات اورنظام العمل کے مطابق امسال بھی ماہِ شوال کے ابتدائی ایام میں انجمن اصلاح الکلام کا اوّلاًافتتاحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت جامعہ ہی کے بانی ورئیس حضرت خادم القرآن مولانا غلام محمد صاحب وستانوی نے فرمائی، اطال اللّٰہ عمرہ وزید فیضه۔

                تلاوتِ کلام اللہ سے افتتاحی اجلاس کا آغازہوا،حمد ونعت اوراوربہترین تقاریر سے طلبہٴ جامعہ نے افتتاحی اجلاس کو زینت بخشی اور بہترین پروگرام پیش کیا۔

                اجلاس کے اخیرمیں صدر محترم حضرت خادم القرآن نے صدارتی خطاب فرماتے ہوئے طلبہ سے بڑی قیمتی باتیں ارشاد فرمائی جو مکمل سال طلبہ کے لیے تقریر وخطابت کی مشق وتمرین کے لیے معین ومدد گا رثابت ہوئی۔وللّہ الحمد علی ذالک۔

                افتتاحی اجلاس کے بعدبلاتاخیر انجمن کے زیر نگرانی طلبہٴ عالمیت کے لیے تقریر وخطابت کی باری اور مشق وتمرین کی غرض سے تقریبا۶۵/ شعبے ترتیب دئے گئے، مختلف درجات میں نشست گاہیں مقررکی گئیں،ہرشعبہ کے لیے دو رہٴ حدیث کے طلبہ میں سے دو دو صدور طے کیے گئے۔

مشرفین اساتذہ برائے انجمن :

                تقریروخطابت کے شعبوں کا قیام ہرجمعرات کو بعد نماز مغرب ہوتا ہے، جس کی نگرانی اورقیادت جامعہ کے نظام کے تحت انجمن اصلاح الکلام کے تقریباً ۱۵/ذمہ داراساتذہ اہتمام سے تقریری شعبوں میں طلبہ کی رہنمائی اور نگرانی فرما تے رہے، جس میں حاضری وغیر حاضری پرتوجہ اور فکر،دورانِ تقریر طلبہ کی مناسب رہنمائی کرنا، تقریرواصولِ تقریر سے طلبہ کو واقف کرنا۔خصوصاًاپنی باری میں تقریر نہ کرنے والے طلبہ کو آئندہ جمعرات بعد نماز مغرب تقریر کی قضا کروانے کا معمول کامیاب رہا،جس کو کامیاب کرنے میں دورہٴ حدیث کے نگران طلبہ نے اہم کردار پیش کیا۔

دورانِ سال تقریری حفلات کا انعقاد:

                 چوں کہ سال کے دوران مختلف مواقع اور فضیلت والے ماہ وایام ہوتے ہیں، اسی مناسبت سے ماہِ ذی الحجہ میں” سیرتِ ابراہیمی“ کے عنوان سے تقریری پروگرام منعقد ہوا، طلبہ نے موضوع کی مناسبت سے بہترین تقاریرپیش کیں۔

                ماہ محرم الحرام میں محرم الحرام اورعاشورہ کی مناسبت سے تقریری پروگرام ہوا ، طلبہ نے بہترین تقاریرپیش کیں، اسی طرح ماہ ربیع الاول میں سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے عظیم الشان اجلاس عمل میں آیا اور عربی واردو زبانوں میں طلبہ نے قیمتی تقاریرونعتیں بھی پیش کیں، تمام مجالس کی صدارت حضرت خادم القرآن نے فرمائی اوراپنے صدارتی خطاب ونصائح سے طلبہ واساتذہ کو مستفید فرمایا۔

                الحمدللہ اب جب کہ انجمن اصلاح الکلام سال بھر کی تمام ترکوششیں اورکارکردگی حسن اختتام کو پہنچی تو جامعہ کی دیرینہ روایات ونظام کے مطابق ہرسال کی طرح اس سال بھی انجمن اصلاح الکلام کا سالانہ اختتامی اجلاس بشکل مسابقہ ومظاہرہ کے انعقادکا خادم القرآن حضرت مولانا غلام محمد صاحب وستانوی کی طرف سے انجمن اصلاح الکلام کے ذمہ دار اساتذہ کو پیغام دیا گیا، جس کو بلاتا خیر عمل میں لایا گیا، جس کے لیے طلبہ کو اعلان اور سالانہ مسابقہٴ تقریروخطابت کے اصول وہدایات سے مطلع کیا گیا۔اعلان وہدایات کے طلبہ نے مسابقہ میں شرکت کی غرض سے اپنی اپنی درخواستیں دفترانجمن میں جمع کرنی شروع کردیں ، دیکھتے ہی دیکھتے ۳۰۰/ درخواستیں موصول ہوئیں ۔

                اوّلا ۳۰۰/ طلبہ کے مابین انتخابی مسابقہ کرایاگیا،جس میں فائنل مسابقہٴ تقریر کے لیے تقریباً ۱۰۰/طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔کثرت تعداد کے پیش نظر۱۰۰/ طلبہ کو۵/ فروعات میں تقسیم کیاگیا:

                (۱)فرع اول طلبہٴ عربی اول۔ (۲)فرع ثانی عربی دوم وسوم۔ (۳) فرع ثالث عربی چہارم وپنجم۔ (۴)فرعِ رابع عربی ششم وہفتم کے طلبہ کی رہی۔              چناں چہ ۱۰/و ۱۱/جنوری ۲۰۲۴ء بروز بدھ و جمعرات کو سالانہ مسابقہٴ تقریر منعقد ہوا، مذکورہ ۴/ فروعات کے مابین مسابقہٴ تقریرمیں جامعہ کے موٴقر اساتذہٴ عظام نے فرائضِ حکم انجام دیا۔ہر فرع میں پانچ امتیازی پوزیشن دی گئی۔مزید ان چاروں فروعات میں ہر فرع کے ۳/ ممتاز طلبہ کو منتخب کرکے ناظم جامعہ حضرت مولانا حذیفہ کی ایماء پرایک ممتاز فرع” فرع پنجم “ترتیب دی گئی، جن کے مابین ۱۱/ جنوری جمعرات کی صبح تمام اساتذہ و طلبہٴ کتب کی موجودگی عظیم الشان مسابقہٴ تقریر کا اہتمام کیا گیا، نیز ساتھ ہی مسابقہٴ ”نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم“ کی فرع کا بھی انعقاد عمل میں آیا۔اس آخری ممتاز فرعِ تقریر میں فرائضِ تحکیم کی غرض سے صوبہٴ گجرات کے مدرسہ فیضان قرآن احمد آباد کے استاذ ادب مولانا عارف صاحب اور دار العلوم مرکزاسلامی انکلیشور سے مولانا امین صاحب مدعوکیا گیا۔

                نیز نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مسابقہ میں فرائضِ تحکیم صوبہٴ مہاراشٹر سے جناب عبدالقیوم رازمارولی اور جناب الیاس عباسی صاحب کو دعوت دی گئی۔طلبہٴ جامعہ نے عمدہ اور دلچسپ تقاریر ونعتیں پیش کیں ،حکم حضرات کی بہترین تحکیم کے سبب بہترین نتائج سامنے آ ئیں۔اور مستحق طلبہ نے اول ،دوم ، سوم پوزیشن حاصل کیں۔

                مسابقہ کے اخیرمیں حکم حضرات نے اپنے قیمتی تأثرات پیش کیے، نیز ناظم جامعہ حضرت مولانا حذیفہ صاحب نے اپنے قیمتی کلمات پیش فرماکر طلبہ کو تقریر وخطابت میں مزید مہارت کی ترغیب فرمائی۔ساتھ ناظم جامعہ نے فرعِ پنجم کے مسابقہٴ تقریرونعت میں ممتاز طلبہ کے نتائج اورانعام کا اعلان فرمایا۔فجزاہ اللہ تعالی۔

                ناظم جامعہ کے خطاب کے بعد صدرِاجلاس خادم القرآن حضرت مولانا غلام محمد صاحب مدظلہ نے اپنے بابرکت کلمات پیش فرماکردعا پرمجلس کا اختتام فرمایا۔ اللہ پاک آپ کاسایہ امت پرتادیرقائم فرمائے۔